راہی معصوم رضا کی صدی تقریبات کے تحت بھیونڈی میں نویں ادبی تقریب کا انعقاد - راہی معصوم رضا سچے ہندوستانی اور محبت و یکجہتی کے علمبردار تھے: مقررین


بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) ممتاز ادیب، ناول نگار اور فلم و ٹیلی ویژن کے معروف قلم کار ڈاکٹر راہی معصوم رضا کی صد سالہ تقریبات کے سلسلے میں بدھ، 18 نومبر 2026 کو اردو قبیلہ، بھیونڈی اور ماٹی پبلک ٹرسٹ، ممبئی کے مشترکہ اشتراک سے ہوٹل بارہ دری کے اسمبلی ہال میں ایک شاندار ادبی تقریب منعقد ہوئی۔ انجمن اسلام، ممبئی کے صدر پدم شری ظہیر قاضی نے تقریب کی صدارت کی۔ واضح رہے کہ راہی معصوم رضا کی صد سالہ تقریبات کے تحت ملک بھر میں منعقد ہونے والی سو تقریبات میں یہ بھیونڈی کی نویں تقریب تھی۔
صدارتی خطاب میں پدم شری ظہیر قاضی نے کہا کہ ممبئی کی فلمی صنعت نے ملک بھر کے باصلاحیت افراد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کیا، جن میں راہی معصوم رضا بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راہی صاحب کی صد سالہ تقریبات کے انعقاد میں بھیونڈی نے ممبئی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، جس کے لیے شہر کے اردو دوست مبارکباد کے مستحق ہیں۔
ماٹی پبلک ٹرسٹ کے کنوینر اور پروگرام کے روح رواں آصف اعظمی نے راہی معصوم رضا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں سچا ہندوستانی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ راہی صاحب ہر طرح کی نفرت اور تعصب کے مخالف تھے اور محبت، اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے۔
محمد رفیع انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ راہی صاحب کے نزدیک لفظ سب سے قیمتی سرمایہ تھا۔ وہ لفظوں کے جوہری بھی تھے اور سوداگر بھی۔ ان کا کہنا تھا کہ چند الفاظ ہی ان کی اصل پونجی ہیں، جنہیں وہ لوگوں میں تقسیم کرکے داد و تحسین حاصل کرتے تھے۔
ٹائمز آف انڈیا کے سینئر سب ایڈیٹر وجیہہ الدین نے راہی معصوم رضا کو سچا وطن پرست قرار دیتے ہوئے ان کی تحریروں کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ راہی صاحب کا تحریر کردہ جملہ ’’میں سمے ہوں‘‘ ملک بھر میں مقبول ہوا اور ہر خاص و عام کی زبان پر چڑھ گیا۔
ریٹائرڈ آئی آر ایس افسر گجانند شرما نے راہی صاحب کی حب الوطنی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تین ماؤں کا تذکرہ کیا کرتے تھے؛ ایک جس نے انہیں جنم دیا، دوسری علی گڑھ مسلم یونیورسٹی جہاں انہوں نے تعلیم حاصل کی اور تیسری گنگا، جو ان کے ہندوستانی تہذیبی شعور کی علامت تھی۔
خصوصی مہمان کمشنر کسٹمز ڈپارٹمنٹ محمد اسلم حسن نے اپنے خطاب میں راہی صاحب کے شہرۂ آفاق ناول ’’آدھا گاؤں‘‘ اور ٹی وی سیریل ’’نیم کا پیڑ‘‘ کا تفصیلی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی سیریل ’’مہابھارت‘‘ کے مکالموں کے ذریعے راہی معصوم رضا نے اپنی قلمی صلاحیتوں کے ایسے نقوش چھوڑے ہیں جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ انہوں نے راہی صاحب کی یاد میں بھیونڈی میں منعقد ہونے والی تقریبات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
معروف قانون داں ایڈوکیٹ یاسین مومن نے کہا کہ راہی معصوم رضا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے قابلِ فخر سپوت تھے۔ انہوں نے کہا کہ راہی صاحب کی علمی و ادبی عظمت میں علی گڑھ کی علمی و تہذیبی فضا کا نمایاں کردار رہا ہے۔ وہ علم و ادب کا ایک وسیع سمندر تھے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔انجینئر دراج کامنکر نے گلوں اور تحائف سے مہمانان کا استقبال کیا، نظامت کے فرائض مجیب مومن نے انجام دیے، جبکہ پروگرام کے کنوینر انجینئر اکرم انصاری نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے کامیاب انعقاد میں اردو قبیلہ، بھیونڈی کے عہدیداران و اراکین کے علاوہ ڈاکٹر عبدالحفیظ انصاری اور عبدالحسیب جامعی کا اہم تعاون شامل رہا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔