اردو ادب کا سچا سپاہی — پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدارازقلم : محمود نواز سولاپور


اردو ادب کا سچا سپاہی — پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار
ازقلم : محمود نواز سولاپور

اردو کی دنیا میں جہاں کچھ لوگ اردو کے نام پر محبت اور خدمت کے دعوے کرتے ہوئے برسوں سے اپنے ذاتی مفادات کی دکانیں چمکاتے رہے، جہاں اردو کے نام کو ذاتی تشہیر اور مفادات کا ذریعہ بنایا گیا، وہیں ایک ایسی شخصیت بھی موجود ہے جس نے نہ کبھی اردو کی خدمت کا سودا کیا، نہ اپنے کام کا صلہ مانگا اور نہ ہی کسی ذاتی مفاد کو اپنی جدوجہد کا مقصد بنایا۔ اس شخصیت نے اپنی زندگی کے قیمتی تین دہائیوں سے زائد عرصے کو اردو زبان و ادب کی خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے۔

وہ نام ہے پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار!
چوبدار صاحب محض ایک ادیب، شاعر یا اردو کے استاد نہیں، بلکہ اردو ادب کے ایک سچے سپاہی ہیں۔ ایسے سپاہی جو شہرت کے شور سے دور رہ کر اپنے قلم، اپنی فکر، اپنی صلاحیتوں اور مسلسل عملی جدوجہد کے ذریعے اردو ادب کے گلشن کی آبیاری کر رہے ہیں۔
سولاپور کی سرزمین پر اردو کی تہذیبی، ادبی اور علمی سرگرمیوں کو زندہ رکھنے اور نئی نسل تک پہنچانے میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ بزمِ غالب ہو، یا خادمان اردو فورم ہو، نور ٹرسٹ کی سرگرمیاں ہوں یا سولاپور اردو گھر کا پلیٹ فارم، ہر جگہ ان کی موجودگی اردو سے بے لوث محبت، اخلاص اور عملی وابستگی کی گواہی دیتی ہے۔
آج کے اس دور میں جب بعض نام نہاد اور فیشنیبل ادیب و دانشور اردو کی خدمت کو محض تعارف، تشہیر اور ذاتی مفادات تک محدود کر چکے ہیں، چوبدار صاحب اپنی خاموش مگر مسلسل جدوجہد سے یہ ثابت کر رہے ہیں کہ اردو کی خدمت نعروں سے نہیں، کردار، عمل اور قربانی سے ہوتی ہے۔
ان کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو صحافتی خدمات بھی ہیں۔ صدائے مہاراشٹر کے برقی خبرنامے کے ذریعے وہ نہ صرف سولاپور بلکہ ہندوستان کے گوشے گوشے میں ہونے والی اردو کی ادبی، تعلیمی اور تہذیبی سرگرمیوں کو اردو دنیا تک پہنچانے کا اہم فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ گویا وہ خود بھی اردو کی خدمت کر رہے ہیں اور دوسروں کی اردو خدمات کو بھی منظرِ عام پر لا رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا کام ہے جس کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
خوشی اور فخر کی بات ہے کہ آج ان کی طویل ادبی و لسانی خدمات کا اعتراف صرف سولاپور یا مہاراشٹر تک محدود نہیں رہا بلکہ قومی سطح پر بھی ان کی صلاحیتوں اور خدمات کو سراہا جا رہا ہے۔ قومی ماجد دریاآبادی ایوارڈ کا حصول دراصل ان کی تین دہائیوں پر محیط بے لوث ادبی جدوجہد، اردو سے والہانہ محبت اور مسلسل عملی خدمات کا اعتراف ہے۔
یہ ایوارڈ صرف ایک فرد کا اعزاز نہیں، بلکہ سولاپور کی اردو تہذیب، یہاں کے ادبی ماحول اور ان تمام مخلص لوگوں کے لیے بھی باعثِ فخر ہے جو اردو کی بقا اور فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔
میری نظر میں چوبدار صاحب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ انہوں نے اردو کو کبھی ذاتی مفاد کا ذریعہ نہیں بنایا، بلکہ اردو کو اپنا مقصدِ حیات بنایا ہے۔ اردو کے سوداگروں کے درمیان وہ ایک ایسے مخلص خدمت گزار ہیں جن کی پہچان ان کے دعوے نہیں، بلکہ ان کا کام ہے۔
سلام ہے ایسے قلم کار کو، جو قلم کو تجارت نہیں، عبادت سمجھتا ہے؛ جو اردو کے نام پر نہیں بلکہ اردو کے لیے جیتا ہے!

ایک شعر ان کی بے لوث جدوجہد کے نام:
؎ چراغ بن کے جو خود کو جلا رہے ہیں لوگ وہی تو شہر میں اردو بچا رہے ہیں لوگ

اور بقولِ شاعر:
؎ عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے
پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیع چوبدار صاحب! آپ کی خدمات کو سلام، آپ کے اخلاص کو سلام اور اردو سے آپ کی بے لوث محبت کو ہمارا خراجِ تحسین۔
اللہ تعالیٰ آپ کے قلم کو مزید قوت، آپ کی فکر کو مزید وسعت اور آپ کی اردو نوازی کو مزید عروج عطا فرمائے۔ آمین!
ایک اردو دوست کی جانب سے خراجِ تحسین

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔