اسماعیل فاؤنڈیشن کی جانب سے انجمن کے اسکولوں میں کھیلوں کا سامان تقسیم - طلبہ میں کھیلوں کا شوق، خود اعتمادی اور مسابقتی جذبہ پیدا کرنا فاؤنڈیشن کا اہم مقصد ہے: رقیہ ٹامٹگار


دھارواڑ، 2 نومبر : (راست) اسمائل فاؤنڈیشن کی جانب سے انجمن اردو ہائر پرائمری اسکول اور انجمن ہائی اسکول کے طلبہ میں کھیلوں کا سامان تقسیم کرنے کے لیے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر سمائل فاؤنڈیشن کی صدر محترمہ رقیہ ٹامٹگار نے اساتذہ اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیل کے میدان میں ہی بچوں کو ہار اور جیت کا حقیقی مفہوم سمجھنے، مشکلات کا سامنا کرنے، حوصلہ برقرار رکھنے اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے کا سلیقہ آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں بھی انسان کو ناکامیوں سے مایوس ہوئے بغیر آگے بڑھنا چاہیے۔ کھیلوں کے ذریعے بچوں میں خود اعتمادی، نظم و ضبط، برداشت اور مقابلے کا مثبت جذبہ پروان چڑھتا ہے۔ ان کا خطاب اساتذہ اور طلبہ دونوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد طلبہ میں کھیلوں میں دلچسپی پیدا کرنا، ان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا تھا۔اس موقع پر سمائل فاؤنڈیشن کےاراکین محترمہ سجاتا چنچوری، ڈاکٹر اپرنا، ڈاکٹر مہیشوری اور محترمہ ودیا دڑواڑ موجود تھیں۔ انجمن ہائی اسکول کے میر مدرس جناب توفیق اے مرزا، انجمن اردو ہائر پرائمری اسکول کے میر مدرس جناب عبدالرحمٰن، انجمن اسپورٹس کمیٹی کے چیئرمین جناب توفیق بک سیلر اور دونوں اسکولوں کے اساتذہ نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔پروگرام کی نظامت انجمن ہائی اسکول کی معلمہ محترمہ کوثر بانو بیجاپور نے انجام دی، مہمانوں کا تعارف محترمہ آسیہ بلاری نے پیش کیا۔ محترمہ تحسین ہیرے کنبی نے اظہارِ تشکر کے فرائض انجام دیے۔اس موقع پر انجمن اردو ہائر پرائمری اسکول کے میر مدرس جناب ہریہر سر، انجمن ہائی اسکول کے میر مدرس جناب اے مرزا اور جناب ایچ۔ ایم۔ تورگل نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے طلبہ کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے بتایا کہ باقاعدہ مشق اور محنت کے ذریعے طلبہ ضلعی اور ریاستی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لے کر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اسکولوں کو کھیلوں کا سامان فراہم کرنے پر سمائل فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔اسمائل فاؤنڈیشن کی جانب سے دونوں اسکولوں کے طلبہ میں مختلف کھیلوں کا سامان تقسیم کیا گیا، تاکہ انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کھیلوں کی بہتر تربیت کے مواقع میسر آسکیں۔ فاؤنڈیشن کے اراکین نے مستقبل میں بھی اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔اس بامقصد اقدام پر انجمن اردو ہائر پرائمری اسکول اور انجمن ہائی اسکول کے میر مدرسین، اساتذہ اور طلبہ نے سمائل فاؤنڈیشن کی صدر اور تمام اراکین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے تعمیری اقدامات سے طلبہ میں کھیلوں کے تئیں دلچسپی بڑھے گی اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔(رپورٹ:ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی ،انجمن ڈگری کالج ،دھارواڑ)

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔