آہ ! مولانا عمران احمد ملی غزالی صاحب(سابق امام مسجد عبدالعزيز مالدہ شیوار ) نہ رہے - از قلم : مفتی محمد اسلم جامعی - (استاذ دارالعلوم محمدیہ قدوائی روڑ مالیگاؤں)


آہ ! مولانا عمران احمد ملی غزالی صاحب(سابق امام مسجد عبدالعزيز مالدہ شیوار ) نہ رہے - 
از قلم : مفتی محمد اسلم جامعی - 
(استاذ دارالعلوم محمدیہ قدوائی روڑ مالیگاؤں) 

آہٹ بھی نہ محسوس ہوئی ختمِ سفر تک 
یہ عُمرِ رواں کتنے دبے پاؤں چلے ہے

خواب ہوکر رہ گئی ہیں کیسی کیسی صحبتیں 
داغِ فرقت دے گیا کیسا کیسا آشنا 

اس دنیا میں ہر گزرنے والا لمحہ انسان کو زندگی سے دور اور موت سے قریب تر کررہا ہے یہی سانس جو سببِ حیات ہے زندگی کو موت کی جانب ڈھکیل رہی ہے یہاں نہ کسی کو ثبات ہے اور نہ دوام بل کہ ہر خوش حال و خوش قامت کو کُلُّ نفسٍ ذائقةُ الموت کی صدا لرزہ بر اندام کررہی ہے عُمرِ عزیز کی قیمتی ساعتوں کی سواری اتنی تیز گام اور بے لگام ہے کہ نہ اس کے مسافر کے ہاتھ میں اس کو روکنے کی باگ ہے نہ رفتار دھیمی کرنے کی عنان یہاں آنے جانے کا سلسلہ اتنا متفق علیہ مسئلہ ہے کہ اس میں کسی کو سر مو اختلاف نہیں مگر بعض جانے والے ایسے ہوتے ہیں جن کی جدائی اور فُرقت اپنے اور اغیار ہر ایک کے لیے رنج و غم اور تکلیف کا باعث ہوتی ہے، راقم السطور گھر سے عصر کی نماز پڑھانے کے لیے مسجد کی طرف نکل رہا تھا کہ سامنے مرحوم کے مکان میں سورہ یٰسین کی تلاوت ہورہی تھی استفسار پر معلوم ہوا کہ ابھی مولوی عمران صاحب کا انتقال ہوگیا کلیجہ دھک سے بیٹھ گیا اور بے ساختہ زبان سے اللہ اکبر نکلا اور پھر پندرہ دن قبل دواخانہ جانے کی تصویر آنکھوں کے سامنے ہویدا ہونے لگی کیا معلوم تھا کہ یہ آخری دید ہے اور چند دنوں کے بعد مولوی عمران صاحب اس دنیا سے رخصت ہوجائے گے، حالاں کہ دوا خانہ جاتے وقت حالت بالکل ٹھیک لگ رہی تھی ذہن میں یہی بات تھی کہ مہینہ بھر میں مرض ٹھیک ہوجائے گا اور مرحوم ماضی کی طرح بالکل بھلے چنگے ہوجائے گے مگر اُدھر قسام ازل نے دست اجل کو اس جواں سالہ و نیک و صالح عالم دین کی رحلت کا پروانہ تھما دیا تھا جس سے ساری تدبیریں اور کاوشات دھری کے دھری رہ گئی اور مرحوم اپنی حیاتِ مستعار کے لمحات گزار کر دارِ عقبیٰ کے راہی بن گئے، فوراً ذہن و دماغ ماضی کے دریچوں کی طرف چلا گیا پُرانی یادیں تصوراتی شکل میں لحظہ بہ لحظہ ذہن کے اُفق پر نمودار ہورہی تھیں جس سے آنکھوں میں اشکِ غم تیرنے لگے کیوں کہ خداوند قدوس نے مرحوم کو بہت ساری خوبیوں سے نوازا تھا جس میں سرِ فہرست جو خوبی سب سے زیادہ نمایاں تھی وہ لایعنی باتوں اور کاموں سے اجتناب تھا حدیث شریف میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا مِنْ حُسنِ الإسلام المرء ترکه ما لا یعنیه انسان کے اسلام کی خوبی یہ ہے کہ وہ فضول و لایعنی کاموں کو چھوڑ دے مرحوم اپنے کام سے کام رکھتے تھے کبھی کسی کو ضرر نہیں پُہنچایا، نماز پڑھانے کے لیے مسجد جاتے اور آتے ہوئے چہرہ پر رومال رہتا ہے، گھر سے مسجد، مدرسہ اور دینی تقریبات کے علاوہ کسی دوسری جگہ جانے اور بیٹھنے کا مزاج نہیں تھا، قرآن سے خوب لگاؤ تھا، جس سے حفظ میں خوب پختگی پیدا ہوگئی تھی، ابتدائی گیارہ پارہ قاری زبیر اختر عثمانی صاحب(استاذ دارالعلوم محمدیہ) کے پاس حفظ کیے تھا اور بقیہ اُنیس پارہ کی تکمیل حافظ عبدالخالق صاحب (امام مسجد رابعہ) کے پاس کی، اورپھر مدرسہ معھد ملت "گولڈن نگر " کے شعبۂ عالمیت میں داخلہ لیکر از اوّل تا آخر عالمیت کی تکمیل کی، حفظ میں مزید پختگی پیدا کرنے اور حرزِ جان بنانے کے لیے قاری اخلاق احمد جمالی صاحب ( جنرل سیکرٹری جمعیتِ علماء مالیگاؤں سلیمانی چوک) کے ہمراہ ہر سال احمد نگر کے تعلقہ جات میں نمازِ تراویح میں قرآن پاک سُنانے جاتے تھے، تقریباً سات سال تک قاری صاحب کی نگرانی میں قرآن پاک سناتے رہے پھر جب مسجد عبدالعزيز (مالدہ شیوار مالیگاؤں) میں امامت لگی تو یہ سلسلہ موقوف ہوگیا، پھر اپنی مسجد میں استقامت ثبات قدمی اور حُسنِ صوت کے ساتھ نماز تراویح اور عام نمازوں میں قرآن سُناتے تھے، مدنی نگر کے بعض حضرات نے بتایا کہ ہم حافظ صاحب کی قرات سُننے کے لیے مسجد عبدالعزيز جاتے تھے، اسی طرح مسجد کے اطراف و اکناف میں بھی سب سے بہتر تعلقات تھے، بیان بھی دلائل سے مزین ہوتا تھا اکثر اپنی مسجد میں ہی بیان کرتے تھے، مدرسہ میں اساتذۂ کرام سے بھی بڑے اچھے تعلقات تھے مدرسہ عثمانیہ (شاخ مسجد عبدالعزيز) مدرسہ دعوة الحق، مدرسہ نگینہ مدرسہ مدرسہ حضرت عبدالرحمن بن عوف خاتونِ زبیدہ اور جامعة الہدی میں تدریسی خدمات انجام دی ہر جگہ بہتر ریکارڈ رہا، غالباً ایک ماہ قبل مدرسہ جامعة الہدی میں اپنی بیماری کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کا اہلِ جامعہ نے احساس کرتے ہوئے شاندار انداز میں استقبال کے ساتھ رخصت کیا، نیز راقم السطور اور مفتی شعیب سلیم انوری صاحب بڑے اچھے اور خوشگوار تعلقات تھے راقم سے دارالعلوم محمدیہ یا مسجد آصفہ ابراہیم جاتے ہوئے کچھ گفتگو ہوجاتی تھی اور علاقے کے ہر عالم سے بہت خوش گوار تعلقات تھے مدنی نگر میں ہماری گلی کو یہ شرف حاصل ہے کہ پورے علاقے میں سب سے زیادہ علماء حفاظ اور مفتیان کرام ہماری گلی میں ہیں اور پانچ مساجد کے ائمہ بھی اسی گلی میں ہے جس میں ایک مولانا عمران صاحب بھی تھے مرحوم کے مزاج میں حد درجہ سادگی اور خاموشی تھی جس کا اثر ذات پر خوب نمایاں ہوتا تھا چال ڈھال اور رکھ رکھاؤ کے اعتبار سے مرحوم کا ایک منفرد انداز تھا ہمہ وقت صاف ستھرا و سفید لباس اور عمدہ سواری استعمال کرتے تھے حالاں کہ گھریلو اعتبار سے کچھ زیادہ خوش حال نہیں تھے مگر کبھی بھی اس کا احساس نہیں ہونے دیا، استغناء کی صفت خوب کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی، سال دیڑھ قبل مرض کی تشخیص ہوئی والدہ نے عسرت کے باوجود علاج و معالجہ میں کوئی کمی نہیں رکھی ناسک، احمد نگر، دابھاڑی، گھوٹی اور دیگر مقامات پر تنِ تنہا علاج و معالجہ اور شفاء یابی کے لیے لے کر گئیں مگر مرضی مولیٰ کے آگے سرِ تسلیم خم خدا کے حکم کے آگے ساری تدبیریں فیل ہے البتہ عین جوانی میں داغِ فرقت سے دلوں کا زخمی ہونا فطری بات ہے مرحوم عُمرِ کے اعتبار سے 29 سال میں تھے انتقال سے ایک روز قبل مرحوم کے بہنوئی سے خیریت معلوم کی انھوں نے کہا کہ بہت اچھی طبیعت ہے اور ان شاءاللہ پندرہ دن میں چھٹی بھی ہوجائے گی، مگر جمعہ کے دن دست کی کثرت سے جسم لاغر ہوگیا تھا جس سے گر گئے اور پھر یہ ہی گرنا موت کا سبب بنا اس دکھ کے موقع پر راقم السطور اپنی جانب سے ادارہ پیغامِ جامعی اور جمعیتِ علماء سلیمانی چوک کی جانب سے اہلِ خانہ متعلقین اور دوست و احباب کو تسلی دیتا ہوں کہ صبر کریں اور اللہ تعالیٰ سے اجر و ثواب کی امید رکھیں

 رات ساڑھے بارہ بجے حمیدیہ مسجد بڑا قبرستان میں تدفین عمل میں آئی مرحوم کے تایا زاد بھائی اور استاذ حافظ عبدالخالق صاحب نے نماز جنازہ پڑھائی اور تعزیت مفتی خالد شاہد ملی صاحب نے دی، مرحوم کے جنازے میں علماء حفاظ مفتیان اور عوام کا ایک جمِّ غفیر تھا یقیناً اس وقت بہت ساری بشارت جمع ہوگئی تھیں جو ابدی نجات کی طرف اشارہ کررہی ہیں ان شاءاللہ، مرحوم نے اپنے پیچھے والدہ ایک بھائی دو بہنیں بیوی اور ایک بیٹا و بیٹی چھوڑی ہے دعا ہے کہ خداوند قدوس مرحوم کی قبر کو رَوْضَةٌمِنْ رِیَاضِ الْجَنَّةِ بنائے مغفرت کی دلنواز ادائیں ہمدم وہم ساز رہیں نم کنومة العروس کی صدائے روح پرور ان کو لوریاں دے عفو و درگزر کا آبِ زلال تمام خطاؤں اور غلطیوں سے دھو کر پاک و صاف کر دے اہلِ خانہ پسماندگان اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین
مرحوم جس سفر پر روانہ ہوئے وہ آخری سفر ہے اور ہر ایک کو اس سفر سے واسطہ پڑے گا بقول شاعر 

تھکنا ہے ٹھہرنا ہے بہرحال سبھی کو 
جی اپنا بھی بھر جائے گا ایک روز سفر سے 

نوٹ ابھی مغرب کے فوراً بعد مسجد عبدالعزيز مالدہ شیوار میں مدرسہ خاتونِ زبیدہ کے زیر اہتمام ایک تعزیتی نشست رکھی گئی ہے جس میں حضرت مولانا آصف شعبان صاحب بھی بطورِ خاص شرکت کریں گے 
منجانب جملہ اراکین پیغامِ جامعی مالدہ شیوار مالیگاؤں

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔