جامعۃ البنات حیدرآباد کی دو طالبات کو کل ہند تحریری مقابلہ میں امتیازی کامیابی
حیدرآباد۔3/نومبر(پریس نوٹ) دختران ملت کی دینی وعصری درسگاہ جامعۃ البنات سعید آباد حیدرآباد کی دو طالبات نے ادارہ علوم القرآن علی گڑھ کے زیرِ اہتمام منعقدہ تحریری مسابقے میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پورے ملک میں ادارے کا نام روشن کر دیا ہے۔ مسابقہ میں جامعۃ البنات کی ایک طالبہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ دوسری طالبہ نے تشجیعی انعام حاصل کیا۔
اداره علوم القرآن برصغیر پاک و ہند کا ایک بہت ہی وقیع ادارہ ہے۔ جس کے اہم ارکان میں پروفیسر اشتیاق ظلی اصلاحی، سابق صدر شعبہ تاریخ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ڈاکٹر عبد العظيم اصلاحی ماہر معاشیات، ملک کے علاوہ انہوں نے ایک لمبے عرصے تک کنگ عبد العزيز یونیورسٹی جدہ میں بحیثیت پروفیسر معاشیات اور اسلامی معاشیات کی
خدمت انجام دی ہیں۔۔ پروفیسر اشتیاق احمد ظلی اصلاحی صاحب دار المصنفين اعظم گڑھ قائم کرده علامہ شبلی کے نمائندہ قدیم رسالہ معارف کے مدیر ہیں۔
ادارہ کی جانب سے مقالہ نویسی کے مقابلہ کے اعلان کے بعد ملک بھر کے معروف دینی جامعات اور مختلف یونیورسٹیوں کے فضلاء و فارغین جیسے کے دار العلوم ندوۃ العلماء و دار العلوم دیوبند اور علیگڑھ مسلم یونیورسٹی و جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فارغین نے اس میں حصہ لیا اور مقالہ جات تحریر کیے ۔ الحمدللہ ثم الحمدللہ ہمارے جامعہ جامعۃ البنات کی فاضلہ کو اس میں پہلی پوزیشن حاصل ہوئی اس شاندار کامیابی پر جامعۃ البنات کی انتظامیہ اور اساتذہ نے دونوں طالبات کو مبارک باد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی طالبات کی محنت، اساتذہ کی رہنمائی اور ادارے میں مثالی و معیاری علمی و تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کا نتیجہ ہے۔
انتظامیہ نے امید ظاہر کی کہ یہ کامیابی دیگر طالبات کے لیے بھی علمی میدان میں آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ بنے گی۔واضح ہو کہ یہ مقابلہ فہم قرآن سے متعلق ایک خاص موضوع "فہم قرآن اصول و آداب"سے متعلق تھا۔اور کل ہند سطح پر مقابلے میں شریک ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔چنانچہ جامعۃ البنات حیدرآباد کی دو طالبات نے مقالہ داخل کیا جس میں کل ہند سطح پر پہلی پوزیشن امۃ الحفیظ حسنی نے حاصل کی اور تشجیعی انعام زنیرہ فاطمہ نے حاصل کیا۔
ان شاءاللہ ان دونوں طالبات کی تہنیت کی تقریب بھی جامعہ کی جانب سے منعقد کی جائے گی۔اور جامعہ کی طرف سے بھی خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔ان دونوں طالبات کی کامیابی پرتمام اساتذہ و معلمات اور انتظامیہ نے انہیں مبارک باد پیش کی اور مستقبل میں نیک توقعات کا اظہار کیا۔ الحمدللہ جامعۃ البنات میں فضیلت کی طالبات کو مقالہ لکھنے کی مشق کرائی جاتی ہے اور اس کی خصوصی تربیت دی جاتی ہے۔ ناظم جامعہ ابو عمار رفیق احمد نظامی استاذ علوم قرآن ان کوششوں کے روح رواں ہیں انہی کی سرپرستی میں گزشتہ سال ان طالبات نے عربی کتاب کا ترجمہ بھی کیا تھا ۔
جاری کردہ: انتظامیہ جامعۃ البنات حیدرآباد
Comments
Post a Comment