افسانہ (دکنی زبان) -اقبال! تیرے دیس کا کیا حال سناؤں؟ - ازقلم: رہبر تماپوری
افسانہ (دکنی زبان)
اقبال! تیرے دیس کا کیا حال سناؤں؟
ازقلم: رہبر تماپوری
، مہمان معلم، جامعہ اسلامیہ احیاء العلوم، جامعہ نگر، تماپور، ضلع یادگیر، ریاستِ کرناٹک، انڈیا
رابطہ: 8431012141
گاؤں کی پرانی چائے کی ٹپری پر شام ڈھل رہی تھی۔ ٹین کی چھت پر دھوپ کی آخری کرنیں پھسل رہی تھیں، چولہے پر کیتلی سنسنا رہی تھی اور چائے کی بھاپ میں کالی مرچ کی مہک گھلی ہوئی تھی۔ لکڑی کے پٹڑے پر ارشاد اور ریاض بیٹھے چائے کی چسکیاں لے رہے تھے۔
اتنے میں ایک چھوٹا بچہ ٹپری میں آیا۔ اُس نے دیوار پر ٹنگا پرانا اخبار اتارا اور اُلٹا پکڑ کر پڑھنے کی کوشش کرنے لگا۔ حروف اُلٹے تھے، پھر بھی اُس کے ہونٹ ہل رہے تھے۔ ارشاد کا ہاتھ چائے کے گلاس پر ہی ٹھہر گیا۔ بچہ شرمندہ ہو کر اخبار واپس ٹانگ کر چلا گیا۔
’’ریاض میاں! دیکھا تم نے؟ اپنی زبان کا اخبار بھی اِس بچے کو سیدھا پڑھنا نئیں آتا۔ کل اِسے اردو کون سکھائے گا؟‘‘
’’میاں! اردو کو سال میں ایک دن یاد کرتے ہیں، ۹ نومبر کو۔ جلسے ہوتے ہیں، تقریراں ہوتی ہیں، مشاعرے جمتے ہیں۔ پھر بارہ مہینے اُس کی خبر بھی نئیں لیتے۔‘‘
’’ہاؤ میاں! پہلے گھروں میں بزرگ بچوں کو اردو کے قصے سناتے، خط لکھتے، کتابیں پڑھتے۔ اب ماں باپ ای بچوں سے بولتے ہیں، انگریزی بولو۔ ارے، انگریزی سیکھنے میں کیا برائی ہے؟ ضرور سیکھو، مگر ماں کی گود کی زبان کو ٹھکرا کے اپنی پہچان کیسے بچاؤ گے؟‘‘
’’صحیح بولے۔ دوسری زبانیں سیکھنا ترقی ہے، اپنی زبان سے منہ موڑنا ترقی نئیں۔ اور اسکولوں کا حال دیکھو۔ کہیں استاد نئیں، کہیں سہولتیں نئیں۔ اردو پڑھ کے روزگار کی ضمانت نئیں ملتی تو ماں باپ بچوں کو اردو میں کیوں داخل کریں؟ حکومت کو بھی توجہ دینا چاہیے۔ اردو کو تعلیم کے ساتھ روزگار سے جوڑنا پڑے گا۔‘‘
ریاض نے دیوار پر ٹنگے اخبار کی طرف اشارہ کیا:
’’اور اخبار، رسالے؟ کبھی گھر گھر آتے تھے، آج چند ہاتھوں میں رہ گئے۔ لکھنے والے بہت ہیں، پڑھنے والے کہاں ہیں؟ ادب کے نام پر بھی تماشا چل رہا ہے۔ کتاب چھپانا الگ بات ہے، صاحبِ علم بننا الگ۔ مطالعے اور ریاضت کے بغیر کوئی بڑا شاعر نئیں بنتا۔ خوشامد سے نام ہو سکتا ہے، مقام نئیں ملتا۔‘‘
کچھ دیر دونوں چپ رہے۔ کیتلی پھر کھولنے لگی۔ پھر ریاض بولا:
’’ارشاد میاں! کل یومِ اردو بھی ہے اور اقبالؒ کا یومِ پیدائش بھی۔ اُنھوں نے نوجوانوں کو شاہین بننے کا پیغام دیا تھا۔ مگر آج کا نوجوان موبائل میں ایسا کھو گیا ہے کہ کتاب سے اُس کا رشتہ ٹوٹ گیا۔‘‘
’’ہاؤ میاں! شاہین کا خواب دکھایا، پر پرواز کا ماحول ہم نے کہاں دیا؟ سال میں ایک دن شعر پڑھتے ہیں، تصویریں لگاتے ہیں، تقریراں کرتے ہیں۔ خودی کے پیغام پر عمل کون کرتا ہے؟‘‘
ارشاد نے آسمان کی طرف دیکھا اور دھیمی آواز میں بولا:
’’اقبال! تیرے دیس کا کیا حال سناؤں؟ جس ہندوستان کو تو نے سارے جہاں سے اچھا بولا تھا، اُس کی خوب صورتی زبانوں، تہذیبوں اور بھائی چارے میں تھی۔ آج ہم اپنی زبان بھول رہے ہیں، اپنی پہچان کھو رہے ہیں۔ جس شاہین کو تو نے اُڑنا سکھایا، اُس کی پرواز راستہ بھول گئی۔‘‘
ریاض نے اُس کے کندھے پر ہاتھ رکھا:
’’میاں! شکایت کرتے رہیں گے تو کچھ نئیں بدلے گا۔ حکومت سے مطالبہ اپنی جگہ، پر ہم بھی کچھ کر سکتے ہیں۔‘‘
’’کیوں نئیں! اپنی بیٹھک میں ہفتے میں ایک دن بچوں کو جمع کریں، اردو پڑھنا لکھنا سکھائیں، اقبالؒ کا کلام سنائیں، کتابوں سے دوستی کرائیں۔ اپنے حصے کا چراغ تو جلائیں!‘‘
ریاض مسکرایا:
’’واہ میاں! یہ ہوئی نا بات۔ اردو منانے کی چیز نئیں، اپنانے کی چیز ہے۔ اقبالؒ کے نام پر محفل سجانے سے بہتر ہے اُن کے پیغام پر عمل کرنا۔‘‘
دونوں پیسے دے کر باہر نکلے۔ کچی سڑک پر رات اتر رہی تھی۔ دور کسی گھر سے بچوں کے سبق پڑھنے کی آواز آ رہی تھی۔
’’ارشاد میاں! آج کی بات کو یوں ہی جانے نئیں دینا۔‘‘
’’نئیں میاں! کل سے بیٹھک میں بچوں کی پہلی نشست ہوگی۔ اقبالؒ کے نام پر محفل نئیں، کام کریں گے۔‘‘
دونوں گلی کے موڑ پر اوجھل ہو گئے۔ ٹپری کا چراغ ابھی جل رہا تھا اور اُس کی لرزتی روشنی میں وہ پرانا اخبار ٹنگا تھا، جسے کچھ دیر پہلے ایک بچے نے اُلٹا پکڑا تھا۔
اخبار خاموش تھا، ٹپری خاموش تھی، مگر ایک سوال فضا میں گونج رہا تھا:
کل اُسے سیدھا پڑھنا کون سکھائے گا؟
Comments
Post a Comment