حضرت سیدنا عبدالقادر شاہ ولی گنج سوائی گنج بخش بادشاہ ناگوریؒ کی سیرت و کرامات ایمان افروز ہیں:ڈاکٹر محمد ادریس احمد قادری کا جلسہ سے خطاب


بیدر، 10 نومبر (نامہ نگار): درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں منعقدہ جلسہ ”شانِ اولیاء اللہ“ سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز پیر طریقت شاہ خلیفہ ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی، سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف نے حضرت سیدنا عبدالقادر شاہ ولی گنج سوائی گنج بخش بادشاہ ناگوریؒ کی سیرتِ مبارکہ، تعلیمات اور کرامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت قادر ولیؒ صاحبِ کرامات اور ولی کامل تھے۔ آپ کا روحانی سلسلہ پیرانِ پیر حضرت محبوبِ سبحانی غوثِ اعظم شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کی گیارہویں پشت سے ملتا ہے۔ آپ کا اسمِ گرامی بھی حضرت غوثِ اعظمؒ کے نام مبارک کی نسبت سے عبدالقادر رکھا گیا۔ آپ کی ولادت کی بشارت حضرت خضر علیہ السلام نے خواب میں آپ کے والدین کو دی تھی اور فرمایا تھا کہ یہ بچہ کونین کا قطب اور ثقلین کا غوث ہوگا۔ ڈاکٹر محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے حضرت کی ایک روحانی بشارت کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ پانچ سال کے ہوئے تو ایک دن گاؤں کے قریب جنگل میں ایک درخت کے نیچے آرام فرما تھے۔ اسی دوران ایک شخص فقیر کی صورت میں آپ کے پاس آیا اور کہا کہ اے اللہ کے ولی! اپنا منہ کھولیے۔ اس شخص نے تین مرتبہ آپ کے دہن مبارک میں اپنا لعابِ دہن ڈالا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو علمِ لدنی اور کرامات سے نوازے۔ جب آپ نے اس شخص کا نام دریافت کیا تو انہوں نے بتایا کہ میں حضرت خضر علیہ السلام ہوں۔ یہ سن کر حضرت بہت خوش ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حضرت قادر ولیؒ نے آٹھ سال کی عمر میں قرآن مجید حفظ فرمایا۔ اس کے بعد علماء کرام سے صرف و نحو، فقہ، تفسیر، حدیث، عقائد اور فتاویٰ کی تعلیم حاصل کی۔ ایک اور کرامت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک شخص کے ناریل کے درختوں سے توقع کے مطابق فصل حاصل نہیں ہو رہی تھی۔ اس نے حضرت سے منت مانی کہ اس سال آپ کی دعا سے جتنی بھی فصل حاصل ہوگی، وہ تمام درگاہ کی نذر کرے گا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال توقع سے زیادہ ناریل حاصل ہوئے، لیکن اس شخص نے اپنی منت کے برخلاف کچھ ناریل ہی درگاہ میں پیش کیے۔ بیان کیا جاتا ہے کہ اس کے بعد ہر ناریل پر دو سینگ نمودار ہوگئے۔ وہ شخص پریشان ہوا اور ایک ناریل توڑ کر دیکھا تو اس میں سے زندہ مچھلی برآمد ہوئی، جس کی پشت پر لفظ ”قادر“ لکھا ہوا تھا۔ آخر میں ڈاکٹر محمد ادریس احمد قادری بگدلی نے مریدین اور حاضرین کو درسِ ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شریعت کے بغیر کسی بندۂ مومن کا عمل قابلِ قبول نہیں ہوتا، اس لیے ہر مسلمان کو پانچ وقت کی نمازوں کی پابندی اور اہتمام کرنا چاہیے۔ انہوں نے شجرۂ عالیہ قادریہ کے اوراد و وظائف کے بعد درسِ تصوف دیا اور امت مسلمہ کی سلامتی و خیر و عافیت کے لیے دعا فرمائی۔ حضرت سید عبدالقادرشاہ ولی کے سالاناصندل کی تفصیلات بتائے۔خطیب العصر مولانا ڈاکٹر حافظ مظفر حسین خان بندہ نوازی حیدرآباد نے بعنوانِ شانِ اولیاء اللہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام اللہ تعالیٰ کے برگزیدہ بندے ہیں، جنہوں نے اپنی زندگیاں عبادتِ الٰہی، عشقِ رسول ﷺ، تقویٰ و پرہیزگاری اور خدمتِ خلق کے لیے وقف کردیں۔ اولیائے اللہ کی سیرت و تعلیمات انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان سے محبت و عقیدت کے ساتھ ان کی تعلیمات پر عمل کرنا ہی حقیقی خراجِ عقیدت ہے۔مولانا محمد عبدالحمید رحمانی چشتی حیدراباد،مولانا محمد ندیم قادری استاد دارالعلوم قادریہ بگدل نے اپنے خطاب حضرت شاہ عبدالقادر ولی گنج سوائی گنج بخش ناگوریؒ کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی جائے پیدائش مانک پور، اترپردیش تھی، لیکن اللہ تعالیٰ نے آپ کو تمل ناڈو کے شہر ناگور میں غیر معمولی مقبولیت اور روحانی مقام عطا فرمایا۔ آپ کی زندگی اولیائے کرام کی عظمت، قبولیت اور روحانی فیوض و برکات کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حضرت سید عبدالقادر شاہ ولی ناگوریؒ کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ بڑے بڑے امراء، حکام اور بااثر شخصیات آپ کی خدمت میں حاضر ہوکر دعاؤں کی درخواست کیا کرتے تھے۔ انہوں نے سفرِ حرمین شریفین کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بعض افراد نے خواب میں آپ کی زیارت کی اور آپ سے ملاقات کرکے اپنی پریشانیوں کے حل کے لیے دعا کی درخواست کی۔ اس واقعے کے ذریعے انہوں نے اولیائے کرام کی مقبولیت اور ان سے وابستہ عقیدت کی اہمیت بیان کی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں بڑے بڑے بادشاہ، امراء اور صاحبِ اقتدار لوگ آئے اور دنیا سے رخصت ہوگئے، لیکن آج بھی انبیائے کرام، اہلِ بیت اطہار، صحابۂ کرام اور اولیائے عظام کے نام عقیدت و احترام کے ساتھ لیے جاتے ہیں۔ اصل کامیابی یہی ہے کہ انسان اپنی زندگی کو نیک اعمال، محبتِ رسول ﷺ اور اولیائے کرام کی تعلیمات کے مطابق گزارے، تاکہ اس کے جانے کے بعد بھی اس کا ذکر خیر باقی رہے۔تھے.مولانامحمد شاہد رضاءاستاد دارلعلوم قادریہ بگدل نے بھی خطاب کیا۔اسٹیج پر محمد لیئق احمد قادری بگدلی اور دیگر موجود تھے.حافظ محمدشانوازنلدرگ کی تلاوت کلام پاک سے جلسہ کی کارروائی کا اغازہوا.گوند اکھشے،محمد یاسرعرفات طالب علم درالعلوم قادریہ بگدل،محمد اسد ہلی کھیڑ اور دیگر نے حمد نعت اور منقیبت پیش کیا.حضرت کی دعائے سلامتی کے بعد یہ روحانی جلسہ بعد اظہار تشکر تکمیل پذیر ہوا.

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔