خانوادۂ سیماب اور کوئز ٹائم ممبئی کے اشتراک سے دیا جائے گا اعجاز صدیقی ایوارڈ


خانوادۂ سیماب اور کوئز ٹائم ممبئی کے اشتراک سے دیا جائے گا اعجاز صدیقی ایوارڈ

پریس ریلیز : 
کوئز ٹائم ممبئی کی نویں سالانہ تقریبِ تہنیت و پذیرائی’’اردو کی محبت میں‘‘ بروز منگل، ۲۴ نومبر ۲۰۲۶ء شام ۵ بجے ،میئرس ہال، اندھیری مغرب ممبئی میں منعقد ہوگی۔ اس باوقار پروگرام کی کنوینر ڈاکٹر زاہدہ حامد اقبال صدیقی نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہر سال ’’اردو کی محبت میں‘‘ ان شخصیات کی خدمت میں ’’اعترافیہ ایوارڈ‘‘ اور ’’محبِ اردو اعزاز‘‘ پیش کیا جاتا ہے جو اردو زبان، ادب اور تعلیم کے شعبوں میں بے لوث مثالی خدمات انجام دے رہے ہیں، یہ دونوں ایوارڈ یادگاری میمنٹو اور سند کی صورت میں پیش کیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر تدریس سے وابستہ شعرا کی محفل ’’اساتذہ کا مشاعرہ‘‘ بھی ہوتا ہے، یہ یہ کوئز ٹائم ممبئی کی اختراع ہے اور اب دہلی۔ یوپی، کرناٹک، مغربی بنگال اور دیگر ریاستوں میں بھی ایسے مشاعرے ہونے لگے ہیں۔
اس سال ’’اردو کی محبت میں‘‘ کی خصوصیت یہ ہے کہ خانوادۂ سیماب اور کوئز ٹائم ممبئی کے اشتراک سے ’’اعجاز صدیقی ایوارڈ‘‘ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ یہ ایوارڈ دس ہزار روپے ہدیۂ تہنیت، یادگاری میمنٹو اور سند پر مشتمل ہوگا جو ہر سال ریاستی سطح پر کسی ایک سینئر شاعر ادیب یا ادبی صحافت سے وابستہ شخصیت کی خدمت میں پیش کیا جائے گا۔ 
اردو کے عظیم شعرا میں سے ایک علامہ سیماب اکبرآبادی کے فرزند اور جانشین اعجاز صدیقی (پیدائش: ۱۹۱۳ء آگرہ، وفات: ۹ فروری ۱۹۷۸ء ممبئی) نے اپنے والد کے جاری کردہ رسالے ماہنامہ شاعر کی ۴۵ سال تک ادارت کی، انھوں نے ماہنامہ شاعر کا ایسا معیار قائم کیا کہ اس میں تخلیقات کی اشاعت کو شعرا اور ادبا باعثِ فخر سمجھتے تھے۔ وہ خود ایک بلند پایہ شاعر اور ادیب تھے۔ مہاراشٹر میں اردو اکادمی کے قیام میں انھوں نے فعال کردار ادا کیا۔ وہ تدریسی کتابوں کی تدوین میں بھی معاون رہے۔
گزشتہ آٹھ برسوں میں ادب، صحافت، تعلیم اور ثقافت سے وابستہ کئی اہم شخصیات کی خدمت میں با وقار ’’اعترافیہ ایوارڈ‘‘ اور ’’محبِ اردو اعزاز‘‘ پیش کیا جاچکا ہے جن میں ڈاکٹر قاضی نوید احمد صدیقی (اورنگ آباد)، ڈاکٹر عبداللہ امتیاز، محمد رفیع انصاری(بھیونڈی)، اشتیاق سعید، ڈاکٹر شفیع چوبدار (شولا پور)، ڈاکٹر صادقہ نواب سحر(کھپولی، رائے گڑھ) ، محمد اسلم پرویز، عبید اعظم اعظمی، پرنسپل ضیا الرحمان انصاری (بھیونڈی)، ڈاکٹر قمر صدیقی، ڈاکٹر ذاکر خان ذاکر، یوسف دیوان، ڈاکٹر ممتاز منور پیر بھائی (پونے)، شاہ تاج خان (پونے)، امتیاز خلیل (مالیگاؤں)، مجیب خان، سواتی ثانی (ناگپور)، آفتاب حسنین، ڈاکٹر کاظم ملک، پرنسپل عامر انصاری، شعیب ہاشمی، خلیق الزماں نصرت (بھیونڈی)، جاوید جمال الدین، ڈاکٹر کلیم ضیا، سعید احمد خان، فرحان حنیف وارثی، پرنسپل علیمہ مومن، مبشر اکبر، شاداب رشید، اختر خان لالہ (اورنگ آباد)، میر صاحب حسن، مشتاق کریمی (جلگاؤں)، ڈاکٹر علا الدین شیخ، کمال مانڈلیکر، پرنسپل ڈاکٹر نسرین خالد شیخ، ڈاکٹر معیزہ دلوی، وجاہت عبدالستار (شولا پور)، عامر اصغر (بھیونڈی) اور عدنان سرکھوت وغیرہ شامل ہیں۔
سالِ رواں۲۰۲۶ء کے سبھی ایوارڈ یافتگان کے ناموں کا اعلان ۲۰ نومبر کو کیا جائے گا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔