بیدر میں گود لینے کے عمل سے متعلق عوامی بیداری مہم کا آغاز، ممتا کے گہوارے کے پوسٹر کی وزیر ایشور کھنڈرے کے ہاتھوں نقاب کشائی
بیدر، 3 نومبر (نامہ نگارمحمد عبدالصمد): نومبر کے مہینے کو گود لینے کے مہینے کے طور پر منانے کے پیش نظر عوام میں بچوں کو گود لینے کے قانونی عمل اور ممتا کے گہوارے (ممتا کا جھولا) سے متعلق شعور بیدار کرنے کے مقصد سے خصوصی پوسٹر تیار کیا گیا ہے۔ اس پوسٹر کی نقاب کشائی ریاستی وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایت راج اور ضلع بیدر کے انچارج وزیر ایشور کھنڈرے نے کنڑ راجیوتسو کے موقع پر کی اور گود لینے کے مہینے کی تقریبات کا باضابطہ آغاز کیا۔ محکمہ خواتین و اطفال کی جانب سے تیار کردہ اس پوسٹر میں محکمے کے مختلف پروگراموں اور منصوبوں کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے ممتا کے گہوارے کی تصویر کی نقاب کشائی کرتے ہوئے عوامی بیداری مہم کا آغاز کیا۔ بعد ازاں پوسٹر سے آراستہ گاڑی کو نہرو اسٹیڈیم سے روانہ کیا گیا، جس نے شہر کے مختلف اہم علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام میں گود لینے کے عمل سے متعلق بیداری پیدا کی۔ اس موقع پر ضلع ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے گود لینے کے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع بیدر میں اب تک مجموعی طور پر 107 بچوں کو گود لیا جا چکا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ نومولود بچوں کو کوڑے کے ڈھیروں یا کانٹے دار جھاڑیوں میں پھینکنے کے بجائے اسپتالوں اور بس اسٹینڈوں پر قائم ممتا کے گہواروں میں بحفاظت چھوڑیں، تاکہ بچوں کی جان محفوظ رہے اور انہیں قانونی طریقہ کار کے تحت بہتر مستقبل فراہم کیا جاسکے۔ اس موقع پر ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر گٹے مادھو وٹھل راؤ، ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پردیپ گنٹی، محکمہ خواتین و اطفال کے ڈپٹی ڈائریکٹر نوین کمار، ضلع چائلڈ پروٹیکشن آفیسر شاردا کلماکر، ضلعی عہدیدار سری کانت، پروٹیکشن آفیسر گوری شنکر پرتاپور اور محکمہ کے دیگر افسران و عملہ موجود تھے۔
Comments
Post a Comment