ادارہ سیکیاب بیجاپور کے زیر اہتمام یومِ اقبال کا کامیاب انعقاد
وجئے پور : (راست) ادارہ سیکیاب بیجاپور کے زیر اہتمام یوم اقبال کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا اس جلسہ کے مہمان خصوصی مولانا مفتی محمد علی قاضی، چیرمین کرناٹک اردو اکادمی بنگلور نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفۂ خودی انسان کو خود اعتمادی، خود شناسی، بلند حوصلگی اور عملی جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ اقبال کے نزدیک خودی انسان کی شخصیت کو نکھارنے اور اسے بلند مقام تک پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اقبال کے افکار و نظریات کو اپنی زندگی میں اپناتے ہوئے علم، کردار اور عمل کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کریں۔ اقبال کا پیغام آج بھی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔علامہ اقبال قومی اتحاد کے زبردست حامی تھے ان کے کلام میں قومی یکجہتی کے متعلق بے شمار اشعار پڑھنے کو ملتے ہیں اور اس موقع پر مرحوم ڈاکٹر شمس الدین پونیکر بانی سیکیاب اسو سی ایشن بیجاپور کی تعلیمی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں تعزیت پیش کی اور دعائے مغفرت سے نوازا، اس موقع پر ڈاکٹر شجاع الدین پونیکر ڈائریکٹر سیکیاب اسو سی ایشن بیجاپور نے علامہ اقبال کے فلسفہ خودی پر گفتگو کی. جناب ریاض فاروقی چیرمین گورننگ کونسل سیکیاب اے آر ایس انعامدار ڈگری کالج برائے خواتین وجئے پور نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال نوجوانوں کو قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کا معمار تصور کرتے تھے۔ ان کی شاعری نوجوانوں میں خود اعتمادی، بلند حوصلگی، خودی اور عمل کا جذبہ پیدا کرتی ہے۔ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین کی مثال دیتے ہوئے بلند پروازی، خودداری اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ ان کے افکار آج بھی نو جوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں.اس موقع پر ادارہ سیکیاب کے جنرل سیکرٹری جناب اے ایس پاٹل بھی موجود رہے، اس جلسہ کا آغاز مصباح ملال و ھدی انعامدار کی قرآت کلام پاک سے ہوا اور نویدیتا پاٹل نے بھگوت گیتا کے شلوک پیش کئے پرتھوی سورڈی و ودیا کوکٹنور نے بسویشور کےوچنا پیش کئے، ڈاکٹر محمد سمیع الدین کوآرڈینیٹر علامہ اقبال چیر و اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو سیکیاب اے آر ایس انعامدار ڈگری کالج برائے خواتین وجئےپور نے خیر مقدمی و تعارفی کلمات ادا کئے، ڈاکٹر ہاجرہ پروین صدر شعبہ اردو و پروفیسر شبینہ پٹیل نے نظامت کے فرائض انجام دئے،پروفیسر حیدر علی قاضی صدر شعبہ عربی سیکیاب ڈگری کالج برائے خواتین نے شکریہ کا خوشگوار فریضہ انجام دیا. اس موقع پر ادارہ سیکیاب کے پرنسپلز، صدر مدرس، اساتذہ و طلباء کثیر تعداد میں موجود رہے.
Comments
Post a Comment