پان گٹکے کی پیک دیواروں پر بدنما داغ ہے یا ہمارے ضمیر پر - از قلم : شعیب احمد محمدی
پان گٹکے کی پیک دیواروں پر بدنما داغ ہے یا ہمارے ضمیر پر -
از قلم : شعیب احمد محمدی
9284434542
جو تیرا عیب بتاتا ہے اسے مت کھونا
اب کہاں ملتے ہیں آئینہ دکھانے والے
اسلام جیتا جاگتا مذہب ہے
اسلام کوئی رسمی عبادت کا نام نہیں بلکہ ایک جیتا جاگتا اور مکمل ضابطہ حیات ہے جو اپنے ماننے والوں کی زندگی کے ہر موڑ پر مکمل رہنمائی کرتا ہے چاہے وہ گھروں کا معاملہ ہو یا بازار اور راستے کا۔ آج افسوس کی بات ہے کہ گٹکا تمباکو پان اور سگریٹ جیسی چیزیں بہت تیزی سے کم ظرف انسانوں کی زندگیوں کا حصہ بن رہی ہیں نوجوان نسل اسے فیشن اور بڑا پن سمجھ رہی ہے۔ حالانکہ یہی چیزیں انسان کی صحت کو کھوکھلا کر رہی ہیں اس کے مال کو برباد کر رہی ہیں اور اس کی شخصیت کو داغدار کر رہی ہیں۔ اسلام نے ہر نشہ آور اور گندی چیز سے روکا ہے اسی لیے ان چیزوں سے رکنا اور دوسروں کو روکنا ہم سب کی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
آج ہمارے شہر کا کوئی کونہ ایسا نہیں جہاں پان گٹکے کی پیک نے اپنی گندگی نہ پھیلائی ہو۔ سڑکوں کے کنارے کارخانوں کی سفید دیواریں کمپلیکس کی سیڑھیاں مسجد کے وضو خانے ہسپتال کی دیواریں ہر جگہ سرخ اور کالے دھبے ہمارے اخلاق کی موت کا اعلان کر رہے ہیں۔ یہ صرف تھوک نہیں یہ ہماری بے حسی اور کم ظرفی کی علامت ہے۔
ٹو وہیلر والا رکشا والا اور پیدل چلنے والا شخص ذرا بھی پرواہ کیے بغیر سر اٹھا کر راستے میں تھوک دیتا ہے۔ اسے یہ احساس تک نہیں ہوتا کہ ہوا میں اڑتی ہوئی اس کی پیک کے چھینٹے پیچھے سے آنے والے کسی موٹر سائیکل سوار کے کپڑوں پر کسی نمازی کے کرتے پر یا کسی عورت کے برقعے پر گر رہے ہیں۔ پیچھے آنے والے کو اس سے بے حد تکلیف اور گھن آتی ہے وہ منہ پھیر لیتا ہے کپڑے جھاڑتا ہے لیکن تھوکنے والا اسے اپنی شان سمجھ کر اکڑ کر چلتا ہے۔
اصل مسلمان کی پہچان
پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مسلمان کی پہچان کا کتنا خوبصورت معیار دیا ہے المسلم من سلم المسلمون من لسانه ویده حقیقی اور کامل مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔
غور کریں جہاں زبان سے تکلیف دینا گالی دینا کسی کا مذاق اڑانا غیبت کرنا تکلیف دینے والا کام ہے وہیں اپنے منہ سے گٹکا چبا کر بدبودار پیک تھوکنا بھی زبان کی اذیت میں شامل ہے۔ اگر ہماری زبان اور ہمارے ہاتھ سے اللہ کی مخلوق کو تکلیف پہنچ رہی ہے تو ہماری اخلاقی تربیت میں بے حد کمی ہے۔
راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹانا عظیم نیکی
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اماطۃ الاذی عن الطریق صدقۃ راستے سے تکلیف دینے والی چیز کو ہٹا دینا صدقہ ہے۔
سوچیں جب ایک معمولی کانٹا یا پتھر ہٹا دینے پر صدقے کا ثواب ملتا ہے اور اس پر اللہ مغفرت فرما دیتا ہے تو جو شخص سرعام راستے میں گٹکے کی بدبودار پیک تھوک کر ہزاروں راہگیروں کو تکلیف اور گھن میں مبتلا کرتا ہے اس پر کتنا بڑا گناہ ہوگا۔ راستہ صاف کرنے والا اللہ کا محبوب بن جاتا ہے اور راستہ گندا کرنے والا اللہ کی مخلوق کا مجرم بن جاتا ہے۔
حد تو یہ ہے
حد تو یہ ہے کہ جس دیوار پر صاف اور موٹے الفاظ میں لکھا ہوتا ہے یہاں تھوکنا منع ہے ہماری بے شرمی اخلاقی تربیت کی کمی اور ڈھٹائی کا عالم یہ ہے کہ ہم جان بوجھ کر عین اسی بورڈ پر اسی لفظ منع کے اوپر اپنی بدبودار پیک کا نشانہ لگاتے ہیں۔ گویا ہم اعلان کر رہے ہوں کہ ہمیں نہ کسی قانون کا ڈر ہے نہ اللہ کا خوف نہ مخلوق کی تکلیف کا احساس۔ وہ بورڈ ہماری اصلاح کے لیے لگایا گیا تھا لیکن ہم نے اسی بورڈ کو اپنی گندگی سے ناکام بنا دیا۔ سچ تو یہ ہے کہ داغ دیوار پر نہیں لگتا داغ ہمارے کردار پر ہماری تربیت پر اور ہمارے بے حس ضمیر پر لگتا ہے۔
جو کارخانہ مالک لاکھوں روپے لگا کر دیوار پر پینٹ کراتا ہے آپ کی ایک پیک اس کی ساری محنت پر پانی پھیر دیتی ہے۔ کمپلیکس کی سیڑھیوں پر تھوکنے سے وہاں کے افراد عورتیں بچے گھن محسوس کرتے ہیں۔ باہر سے آنے والا مہمان جب ہماری گلیوں میں یہ منظر دیکھتا ہے تو کہتا ہے یہ لوگ کیسے ہیں پورے محلے پورے شہر کی بدنامی ہوتی ہے۔
حل کیا ہے
اس گندگی کا حل صرف بلدیہ یا قانون نہیں بلکہ ہمارے گھروں سے نکلے گا۔
والدین کی ذمہ داری والدین بچوں کو بچپن سے ہی سکھائیں کہ راستہ دیوار اور سیڑھی سب کا مشترکہ حق ہے۔ اگر باپ خود گٹکا کھا کر دیوار پر تھوکے گا تو بیٹا اسے ہی فیشن سمجھے گا۔
بڑے از خود چھوڑیں جو بڑے اس لعنت میں مبتلا ہیں وہ ہمت کر کے اسے چھوڑ دیں۔ یاد رکھیں آپ کی ایک پیک صرف دیوار خراب نہیں کرتی آپ کے ساتھ چلنے والے آپ کے چھوٹے بڑے بھائی بہن اور آپ کے بیٹا بیٹی کو بھی بے حد گھن اور تکلیف ہوتی ہے۔ اور بعض افراد خانہ آپ کی اس خراب عادت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیتے ہیں۔
ٹوکنا سیکھیں اگر کوئی آپ کے سامنے کمپلیکس یا راستے میں تھوک رہا ہے تو نرمی سے ٹوک دیں کہ بھائی یہاں مت تھوکیں۔ جب تک ہم خاموش رہیں گے یہ گندگی بڑھتی رہے گی۔
یاد رکھیں دیوار پر لگا داغ پانی سے دھل جائے گا لیکن لوگوں کے دلوں میں آپ کے لیے جو نفرت بیٹھ گئی ہے وہ پانی سے نہیں دھلے گی۔ اور ہاں یہ ایک ایسا گناہ ہے جو خدا کی مخلوق سے متعلق ہے جب تک وہ معاف نہیں کریں گے معاف نہیں ہوگا۔ اللہ ہماری نسلوں کو گٹکا تمباکو نوشی کی لت سے محفوظ فرمائے آمین۔ آئیے آج عہد کریں کہ ہم اس گندگی کا حصہ نہیں بنیں گے۔
Comments
Post a Comment