جھونپڑ پٹی سے امریکہ کی معروف یونیورسٹی تک: چاند پروین شیخ کی غیر معمولی کامیابی - شیخ اخلاق احمد، کرئیر کاونسلر، ممبئی
جھونپڑ پٹی سے امریکہ کی معروف یونیورسٹی تک: چاند پروین شیخ کی غیر معمولی کامیابی -
شیخ اخلاق احمد، کرئیر کاونسلر، ممبئی
مزدور کی بیٹی کو یونیورسٹی آف سینٹ تھامس، منیاپولس میں داخلہ؛ چار سال کے لیے سالانہ 77,794 ڈالر کی ڈیوِس اسکالرشپ، کم عمری میں غربت کو شکست دے کر دوسروں کی زندگی میں روشنی بکھیرنے والی اورصرف نو سال کی عمر میں ناول لکھنے والی طالبہ کی متاثر کن داستان
شیخ اخلاق احمد، ممبئی :
کہتے ہیں کہ خواب دیکھنے کے لیے دولت، وسائل اور آسائشوں کی نہیں بلکہ بلند حوصلوں ، پختہ عزم اور مسلسل محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر انسان کے اندر کچھ کر گزرنے کا جذبہ ہو تو غربت، نامساعد حالات اور وسائل کی کمی بھی اس کے راستے کی دیوار نہیں بن سکتی۔ ممبئی کی ایک تنگ و تاریک جھونپڑ پٹی سے نکل کر امریکہ کی معروف یونیورسٹی تک پہنچنے والی چاند پروین شیخ کی داستان اسی حقیقت کی جیتی جاگتی مثال ہے۔
ایک ایسے خاندان کی بیٹی جس کے والدین ناخواندہ ہیں ، والد محنت مزدوری کرکے خاندان کی کفالت کرتے ہیں اور جس نے اپنی ابتدائی تعلیم ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) کے اسکول میں حاصل کی، آج امریکہ میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے جا رہی ہے۔ چاند پروین کو یونیورسٹی آف سینٹ تھامس، منیاپولس (University of St. Thomas, Minneapolis)، امریکہ کے انڈر گریجویٹ پروگرام میں داخلے کے ساتھ چار سال کے لیے ہر سال 77,794 امریکی ڈالر کی ڈیوِس اسکالرشپ حاصل ہوئی ہے۔ ہندوستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً 65 لاکھ روپے سالانہ بنتی ہے۔ چار سال میں اسکالرشپ کی مجموعی مالیت 3 لاکھ 11 ہزار 176 امریکی ڈالر کے قریب ہے۔
چاند پروین کی یہ کامیابی محض ایک طالبہ کے بیرون ملک داخلے کی خبر نہیں بلکہ غربت، محرومی اور محدود وسائل کے باوجود اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر عالمی سطح پر شناخت بنانے والی ایک باہمت لڑکی کی جدوجہد کا روشن باب ہے۔
بی ایم سی اسکول سے امریکہ کی یونیورسٹی تک کا سفر::
چاند پروین شیخ نے اپنے تعلیمی سفر کا آغاز ممبئی کے کاٹن گرین، ابھیودیہ نگر، رے روڈ کے بی ایم سی اسکول سے کیا۔ انہوں نے انتہائی نامساعد معاشی حالات کے باوجود اپنی تعلیم جاری رکھی اور 2024 میں دسویں جماعت کا امتحان 91.60 فیصد نمبروں سے کامیاب کیا۔ بچپن ہی سے غیر معمولی ذہانت کی مالک چاند پروین نے مہاراشٹر حکومت کے پرائمری اور اپر پرائمری اسکالرشپ امتحان میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔بعد ازاں آکانکشا فاؤنڈیشن کی رہنمائی اور تعاون سے انہیں مہندرا یونائیٹڈ ورلڈ کالج، پونے (UWC) کے انٹرنیشنل بکلوریٹ ڈپلومہ پروگرام (IBDP) میں داخلہ حاصل ہوا جس کا کیمپس 175کلومیٹر کا ہے ۔ انٹرنیشنل بکلوریٹ ڈپلومہ پروگرام دنیا کے معتبر ترین تعلیمی پروگراموں میں سے ایک پری یونیورسٹی تعلیمی پروگرام ہے جس میں 150 سے زائد ممالک کے200 طلباء 16 سے19 سالکی عمر میں داخلہ کے اہل ہوتے ہیں ۔ یہاں چاندپروین نے تاریخ، معاشیات اور انگریزی جیسے مضامین اعلیٰ سطح پر جبکہ ماحولیاتی علوم، ریاضی اور ہندی کی تعلیم حاصل کی۔ اس دو سالہ پروگرام کے لیے انہیں تقریباً 50 لاکھ روپے کی “Dare to Dream Scholarship” حاصل ہوئی۔ فائنل ائیر امتحان میں چاند شیخ نے 45 میں سے 37 پوائنٹس حاصل کر مسلسل محنت، تعلیمی صلاحیت اور بین الاقوامی معیار کے تعلیمی ماحول میں خود کو منوانے کی صلاحیت کا ثبوت پیش کیا۔چاند پروین نے انقلاب سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا:”مجھے آکانکشا فاؤنڈیشن کی رہنمائی سے بہت فائدہ حاصل ہوا۔مزید تعلیم کے لئے جب میں نے پانچ امریکی یونیورسٹیوں میں درخواست دی تو پانچوں یوینیورسٹی میں الحمدللہ میرا انتخاب ہوا لیکن میں نے امریکہ کی یونیورسٹی آف سینٹ تھامس، منیاپولس میں 2027 سے 2031 کے انڈر گریجویٹ پروگرام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں میں بیچلر آف سائنس (B.S.) کے تحت انٹرنیشنل ریلیشنز، اکنامکس اینڈ پالیٹکس (بین الاقوامی تعلقات، معاشیات اور سیاسیات) کی تعلیم حاصل کروں گی۔ مجھے اس پروگرام کے لیے چار سال تک ہر سال 77,794 امریکی ڈالر کی UWC Davis Scholar اسکالرشپ دی گئی ہے۔ انشااللہ میں یہاں سیے واپسی پر اپنے ملک اور قوم کی خدمت انجام دوں گی“
نو سال کی عمر میں ناول نگاری: “Stolen Childhood” اور “The Last Balloon”
چاند پروین کی شخصیت کا ایک غیر معمولی پہلو ان کی تخلیقی صلاحیت اور ادبی ذوق بھی ہے۔ عام طور پر نو سال کی عمر میں بچے کھیل کود اور ابتدائی تعلیم میں مصروف ہوتے ہیں ،
لیکن چاند پروین نے اپنے گھر میں دستیاب پرانی اور استعمال شدہ نوٹ بکس کے بچے ہوئے صفحات جمع کرکے کم عمری میں غربت، بچوں سے مزدوری کروانے اور ممبئی کی جھونپڑ پٹیوں میں بچوں کے مسائل جیسے سنجیدہ موضوع پر Stolen Childhood'' نامی ناول تحریرکیا تھا جس میں غربت اور چائلڈ لیبر کے نتیجے میں بچوں سے چھن جانے والے بچپن کی تلخ حقیقتوں کو موضوع بنایا تھا۔ اس تحریر کے لیے چاند کواپنے اردگرد کے ماحول اور ذاتی زندگی میں دیکھے اور محسوس کیے گئے حالات نے تحریک دی تھی۔ اس کے علاوہ اسی نوعیت کے سماجی مسائل پر مبنی ایک اور منیف ''The Last Balloon'' کے نام سے تحریر کیا تھا ۔کم عمری میں ایسے موضوعات کا انتخاب اور انہیں تحریری شکل دینا غیر معمولی بات ہے۔ افسوس کہ مالی وسائل کی کمی کے باعث چاند کا یہ ادبی خواب کتابی شکل اختیار نہ کر سکا، لیکن کم عمری میں اس طرح کی تخلیقی صلاحیت ان کے غیر معمولی ذہن اور وسیع تخیل کی عکاس ہے۔
دورانِ تعلیم متعدد رفاہی پروجیکٹ پر کام:
چاند پروین کی کامیابی صرف تعلیم تک محدود نہیں رہی۔بلکہ اس نے اپنی صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو معاشرے کے محروم طبقات کی بہتری کے لیے بھی استعمال کیا۔UWC پونے میں تعلیم کے دوران ”سلسلہ سرکل “ نام سے ایک طلبہ تنظیم قائم کی۔جس کا مقصد ایسے طلبہ کو تربیت، تعلیمی رہنمائی اور پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرنا تھا جنہیں عام حالات میں یہ سہولتیں میسر نہیں ہوتیں ۔ چاندنے 12 اراکین پر مشتمل ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے دو برس میں 30 سے زائد تربیتی اور رہنمائی سیشن منعقد کیے۔ اس تنظیم کے ذریعے 30 ہائی اسکول کے طلبہ کو مختلف تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقع سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ ساتھ ہیUWCکالج میں اپنے ساتھی طلبہ کو ریاضی کی انفرادی اور گروپ ٹیوشن بھی فراہم کی۔ اس کے علاوہ سات طلبہ کو رضاکارانہ طور پر UWC جیسے معروف بین الاقوامی تعلیمی ادارے میں داخلے کے لیے درخواست دینے اور تیاری کرنے میں رہنمائی فراہم کی۔UWC میں پڑھائی کے دوران اسکالرپ سے حاصل ہونے والی رقم میں سے انہوں نے رے روڈ اسٹیشن کے باہر روشنی کے انتظام کے لیے اسٹریٹ لائٹ لگوانے میں اپنا تعاون پیش کیا، تاکہ وہاں سے گزرنے والے لوگوں کو سہولت، پڑھائی کرنے والے طلباء کو روشنی اور سامان فروخت کرنے والے وینڈرس کومدد حاصل ہو ۔
ممبئی کی ایک جھونپڑ پٹی میں خواتین کو منظم اور بااختیار بنانے کے لیے چاند نے چار ہفتوں پر مشتمل ایک خصوصی پائلٹ پروجیکٹ بھی شروع کیا، جس کے لیے انہیں 2024 سے 2026 کے دوران 2 ہزار امریکی ڈالر کی گرانٹ حاصل ہوئی۔ یہ گرانٹ خصوصی طور پر یونائیٹڈ ورلڈ کالجز کے طلبہ کو دی جاتی ہے جس کی انتخابی شرح صرف 4%ہے۔ چاند نے پروجیکٹ کے تحت خواتین کی ایک یونین قائم کر 70 سے زائد خواتین کو صحت اور مالی معاملات سے متعلق تربیتی ورکشاپس منعقد کیں اور 200 سے زائد ضرورت مند خواتین میں حفظان صحت سے متعلق کٹس تقسیم کیں ۔ اس کے علاوہ خواتین کو چھوٹے گروپوں میں جمع کر صحت، ماحولیاتی صحت اور ذہنی دباؤ سے نمٹنے جیسے موضوعات پر رہنمائی فراہم کی۔ ان کے یہ اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ وہ صرف اپنی کامیابی کے لیے نہیں بلکہ اپنے اطراف کے لوگوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے بھی کوشاں رہی ہیں ۔
چاند پروین کی تعلیمی سرگرمیاں سماجی خدمت اور ادب تک محدود نہیں رہیں بلکہ انہوں نے تحقیق کے میدان میں ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ کا عملی تجربہ حاصل کیا ہے اور بنگلورو کے سینٹر فار وائلڈ لائف اسٹڈیز میں ڈاکٹر ایشیکا رام کرشنن کی نگرانی میں تحقیقی انٹرن کے طور پر کام کر چکی ہیں ۔ اس دوران شمال مشرقی ہندوستان کی ریاست آسام میں ہولاک گبن اور مقامی انسانی آبادی کے باہمی تعلقات پر ہونے والی تحقیق میں حصہ لیا۔ اس سلسلے میں ایتھنوگرافک ڈیٹا، انٹرویو ٹرانسکرپٹس، معلومات کی ترتیب اور تجزیے جیسے تحقیقی کام انجام دیے۔
چاند نے فطرت اور ماحولیات سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے پوڈکاسٹ کے ایک ایپی سوڈ کی میزبانی بھی کی۔ اس کے علاوہ تین ماہ پر مشتمل سوشل میڈیا منصوبہ تیار کیا، ویڈیوز، ریلز اور پوسٹس کی تیاری، تدوین اور ہدایت کاری میں حصہ لیا، جس کے نتیجے میں متعلقہ پلیٹ فارم پر لوگوں کی دلچسپی اور شمولیت میں تین گنا اضافہ ہوا۔ماحولیات سے متعلق دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ وہ “Fridays For Future India” سے رضاکارانہ طور پر وابستہ رہی ہیں ۔
چاند پروین نے سماجی خدمت کے میدان میں مختلف اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا ساتھ ہی “Muskurahat” نامی غیر منافع بخش تنظیم کے ساتھ فنڈ ریزنگ انٹرن کے طور پر وابستہ رہیں اور یتیم بچوں کی تعلیم کے لیے ہزاروں روپے جمع کئے۔سن 2021 سے ممبئی میں رضاکارانہ طور پر پرائمری اور مڈل اسکول کے طلبہ کو ریاستی تعلیمی بورڈ کے نصاب کے مطابق تعلیم دی۔ موسم گرما کی تعطیلات میں ہفتے کے پانچ دن ان بچوں کو پڑھانے کا کام انجام دیا۔
زبانوں پر عبور اور وسیع تعلیمی وژن:
چاند پروین انگریزی، ہندی، اردو اور مراٹھی زبانوں پر عبور رکھتی ہیں ، جبکہ میتھلی اور فارسی زبان کی ابتدائی واقفیت بھی حاصل کر رہی ہیں ۔ اس کے علاوہ جرمن اور عربی زبانیں سیکھنے میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں ۔ کمپیوٹر، مائیکروسافٹ آفس، گوگل ورک اسپیس، تحقیق، ڈیٹا تجزیے اور ابلاغی صلاحیتوں میں مہارت ان کی شخصیت کو مزید ہمہ جہت بناتی ہے۔
بین الاقوامی تعلقات، معاشیات، سیاسیات اور ماحولیاتی علوم کا انتخاب بھی ان کے وسیع تعلیمی وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ مستقبل میں یہ مضامین انہیں عالمی مسائل، سماجی نابرابری، انسانی حقوق اور پائیدار ترقی جیسے اہم موضوعات کو سمجھنے اور ان پر کام کرنے کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں ۔
مزدور باپ کی قربانیاں اور والدین کی جدوجہد:
چاند شیخ نے اپنی کامیابی میں والدین کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ” میرے والدین ناخواندہ ہیں ۔ میری والدہ نے ہامری تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور والد صاحب نے محنت مزدوری کرکے خاندان کی کفالت کرتے ہوئے ہم بہن بھائیوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا۔ ہمارا آبائی وطن بہار کا ضلع سُپول ہے۔ بہتر روزگار کی تلاش میں والد صاحب اپنا آبائی وظن چھوڑ کر ممبئی آئے، جہاں انہیں زندگی گزارنے کے لیے سخت محنت اور بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا معاشی تنگی، محدود آمدنی اور بنیادی سہولیات کی کمی کے باوجود والد صاحب نے ہمیں تعلیم دلانے کی کوشش جاری رکھی۔ جب میں پہلی بار اپنے وطن گئی تومیں نے وہا ں بھی سینٹر آف ریسیلنس نامی پروجیکٹ پر کام کرتے ہوئے’ فلوٹنگ ہاوسیس‘ کی تقسیم کی یہ پروجیکٹ پر روشنی ڈالتے ہوئے چاند نے بتایا کہ یہی وہ وجہ تھی جس کی وجہ سے میرے والد کو اپنے وطن سے ہجرت کرنی پڑی تھی۔“
کولا بندر، داروخانہ علاقے کی ایک جھونپڑ پٹی میں رہائش پذیر ہیں ۔ ان حالات میں ان کا امریکہ کی یونیورسٹی تک پہنچنا اس بات کا ثبوت ہے کہ والدین کی تعلیمی قابلیت سے زیادہ ان کی اولاد کے لیے قربانی، محنت اور تعلیم کے تئیں عزم اہمیت رکھتا ہے۔ایک ناخواندہ مزدور باپ کی بیٹی کا بین الاقوامی تعلیمی ادارے میں داخلہ حاصل کرنا یقیناً اس خاندان کے لیے فخر اور مسرت کا لمحہ ہے۔
میرا پیغام یہ ہے: جن نامور تعلیمی اداروں میں میں نے تعلیم حاصل کی ہے، وہاں مسلمانوں —یا میرے جیسے پس منظر رکھنے والے طلبہ—کی نمائندگی تشویشناک حد تک کم ہے۔ یہ انتہائی اہم ہے کہ ہم اپنی قابلیت (میرٹ) کے بل بوتے پر ان اداروں میں اپنی جگہ بنائیں ۔ میرے پرانے اسکول (بی ایم سی اسکول) میں میرے ہم جماعت بچوں میں بھی اتنی ہی صلاحیت تھی جتنی کہ مجھ میں ہے؛ میرا ماننا ہے کہ فرق محنت یا جذبے کا نہیں ، بلکہ مواقع تک رسائی کا ہے۔ میرا یقین ہے کہ انٹرنیٹ ہر کسی کو مواقع تک رسائی فراہم کر کے اس خلیج کو پاٹ دیتا ہے۔ لہٰذا، میرا مشورہ یہ ہے کہ آپ انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے ایسے مواقع تلاش کریں جن کے لیے آپ درخواست دے سکیں ۔
ایک طالبہ کی کامیابی، ہزاروں بچوں کے لیے امید:
چاند پروین شیخ کی داستان صرف ایک طالبہ کے بیرون ملک داخلے یا بڑی اسکالرشپ حاصل کرنے کی خبر نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے تعلیمی نظام، سرکاری اسکولوں ، فلاحی تنظیموں اور معاشرے کے لیے ایک اہم پیغام رکھتی ہے۔ ممبئی کے سرکاری اسکولوں میں ایسے بے شمار باصلاحیت بچے زیر تعلیم ہیں جنہیں مناسب رہنمائی، مواقع اور حوصلہ افزائی مل جائے تو وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتے ہیں ۔چاند پروین نے ثابت کر دیا ہے کہ جھونپڑ پٹی میں رہنے والا بچہ بھی عالمی سطح کے تعلیمی اداروں تک پہنچ سکتا ہے، مزدور کی بیٹی بھی بڑے خواب دیکھ سکتی ہے اور وسائل کی کمی ذہانت، تخلیقی صلاحیت اور قابلیت کے راستے میں مستقل رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
شیخ اخلاق احمد، کرئیر کاونسلر، ممبئی
Comments
Post a Comment