شکاگو میں آرکیٹکٹ محمد عبدالرحمٰن سلیم کی اولین تصنیف "دردِ اردو" کی تقریبِ رونمائی اور محفلِ مشاعرہ کا شاندار انعقاد۔
الینوائے، شکاگو (راست) ہفتہ کے اختتام پر اردو کی نئی بستیوں کا ایک اہم مرکز امریکہ کے شہر شکاگو (الیوائے) میں معروف محبِ اردو آرکیٹکٹ محمد عبدالرحمٰن سیلم کی پہلی تصنیف “درد اردو” کی رسم رونمائی عمل میں آئی۔ اس پروقار تقریب میں عزت مآب ڈاکٹر ایم آنند پرکاش قونصل جنرل آف انڈیا نے بحیثت مہمانِ خصوصی شریک رہے۔ جبکہ اس محفل میں شکاگو کی ادب نواز شخصیات، شعراء، اہلِ خانہ اور احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رسم رونمائی کی یہ پروقار تقریب دو نشستوں پر مشتمل رہی۔ تقریب کا آغاز عائشہ مدیحہ بصیر کی قرآتِ کلام پاک سے ہوا۔ سلیمان احمد سلیم نے آیاتِ قرآنی کا ترجمہ پیش کیا۔
تقریب کی نظامت کے فرائض مشترکہ طور پر ڈاکٹر افضل الرحمٰن افسر اور ڈاکٹر عبدالحکیم نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔مصنف عبدالرحمٰن سلیم مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے “دردِ اردو” کی اشاعت اور اپنے ادبی سفر پر روشنی ڈالی اور حاضرین محفل کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں کتاب کے ادبی محاسن اور مصنف کے ادبی سفر پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ مصنف کے صاحبزادے انجینئر عدنان احمد سلیم نے اپنے والد کا تعارف پیش کرتے ہوئے ان کی زندگی، ادبی خدمات اور پہلی کتاب کی اشاعت کے سفر پر اظہارِ خیال کیا۔ جس کے بعد کلثوم خان سلیم نے اہلِ خانہ کی نمائندگی کرتے ہوئے اظہار خیال کیا۔
دانشوروں اور ادبی شخصیات، جن میں جناب محبوب علی خان، جناب امین حیدر، پروفیسر مسرور قریشی، معروف شاعر ڈاکٹر منیرالزماں منیر، محترمہ رئیس یاور اور جناب سید اشفاق حسین شامل تھےنے کتاب پر جامع تبصرہ کیا، نیز اردو زبان کے فروغ میں اس کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مصنف کی ادبی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پہلی نشست مہمانِ خصوصی عزت مآب ڈاکٹر ایم آنند پرکاش کے ہاتھوں کتاب "دردِ اردو" کی باضابطہ رونمائی عمل آئی۔ اپنے کلیدی خطاب میں ڈاکٹر پرکاش نے اردو ادب کے تحفظ اور فروغ کے لیے کی جانے والی اس کاوشوں کی بھرپور ستائش کی۔ تقریب کے صدر ڈاکٹر توفیق انصاری احمد نے کی اور اپنے گراں قدر صدارتی کلمات سے نوازا۔ ظہرانے سے قبل شرکائے تقریب نے آرکیٹیکٹ سلیم کو ان کی اس شاندار کاوش پر تہنیت پیش کرتے ہوئے گل ہائے عقیدت پیش کئے۔
تقریب کی دوسری نشست میں محفلِ مشاعرہ کا انعقاد رمل میں آیا۔ اس شعری نشست میں متعدد شعرائے کرام نے اپنی خوبصورت نظموں اور اشعار کے ذریعے سامعین کو محظوظ کیا۔ آرکیٹکٹ اے آر سلیم کے ہدیہ شکریہ پر اس تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔
Comments
Post a Comment