ممبئی میں ڈاکٹر نخشب مسعود کی کتاب ’’بیتال اور وکرم ادتیہ کی عصری داستانیں‘‘ کا شاندار اجرا - سید حسین اختر کے ہاتھوں رسمِ اجرا؛ اہلِ قلم کی حوصلہ افزائی وقت کا اہم تقاضہ ہے: سید حسین اختر


ممبئی:(نامہ نگار) مالیگاؤں کی معروف ادبی شخصیت، افسانچہ نگار اور صاحبِ طرز قلم کار ڈاکٹر نخشب مسعود کی تصنیف ’’بیتال اور وکرم ادتیہ کی عصری داستانیں‘‘ کی رسمِ اجرا ممبئی میں ایک پُروقار ادبی تقریب کے دوران مہاراشٹر اردو ساہتیہ اکیڈمی کے کارگزار صدر سید حسین اختر کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ تقریب میں شہر و بیرونِ شہر سے تعلق رکھنے والی متعدد ادبی شخصیات، شعراء و افسانچہ نگاروں کے علاوہ ادب دوست سامعین و ناظرین نے شرکت کی۔اس موقع پر صاحبِ کتاب ڈاکٹر نخشب مسعود نے اپنا مختصر تعارف پیش کرنے کے ساتھ کتاب کے موضوع، پس منظر اور اس کی ادبی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں جمیل یوسف شاہ (دھولیہ)، عباس عرش (مالیگاؤں)، عاکف نبیل، تواب یوسف انصاری (دھولیہ)، اسماعیل سر، شکیل مصطفی، شیرین دلوی، رئیس ستارہ اور حلیم اختر سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔ ادبی نشست کے دوران شیرین دلوی اور شکیل مصطفی نے اپنے افسانچے بھی پیش کیے، جنہیں سامعین نے پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا۔رسمِ اجرا کے موقع پر سید حسین اختر نے ڈاکٹر نخشب مسعود کو نئی کتاب کی اشاعت پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہایت خوش آئند بات ہے کہ ہمارے درمیان ایسے اہلِ قلم موجود ہیں جو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے اردو ادب کے دامن کو وسعت دے رہے ہیں۔ ان جیسے قلم کاروں کو آگے بڑھانا وقت اور حالات کا اہم تقاضہ ہے۔ محض ان کی پذیرائی ہی کافی نہیں، بلکہ ان کی تخلیقی کاوشوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی بھی اشد ضروری ہے، تاکہ ادبی تخلیق کا یہ سلسلہ مزید توانائی اور استقامت کے ساتھ جاری رہ سکے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔