ضلع پریشد ہائی اسکول کوہیر میں یومِ قومی تعلیم جوش و خروش سے منایا گیا


کوہیردکن 11 نومبر( نمائندہ ۔جی۔یم)ضلع پریشد ہائی اسکول کوہیر میں یومِ قومی تعلیم کے موقع پر ایک بامقصد تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم، ممتاز مجاہدِ آزادی، دانشور، صحافی اور قومی رہنما مولانا ابوالکلام آزاد کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسکول کے استاد محمد الیاس احمد نے مولانا ابوالکلام آزاد کی سیاسی زندگی، تحریکِ آزادی میں ان کے اہم کردار اور ملک و قوم کے لیے انجام دی گئی گراں قدر خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے اپنی تحریروں، تقریروں اور سیاسی جدوجہد کے ذریعے عوام میں قومی شعور بیدار کیا۔ بحیثیت ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم انہوں نے آزاد ہندوستان میں تعلیمی نظام کی بنیادوں کو مضبوط بنانے اور جدید تعلیم کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے۔ ان کی زندگی اتحاد، قومی یکجہتی، علم دوستی اور ملک کی خدمت کا بہترین نمونہ ہے۔
محترمہ ذکیہ عارفہ نے اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم انسان کی شخصیت کو سنوارنے، اس میں شعور و آگہی پیدا کرنے اور اسے ایک ذمہ دار شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تعلیم کے ذریعے ہی سماج میں پائی جانے والی جہالت، پسماندگی اور فرسودہ خیالات کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ ہر بچے کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسکول کی صدر معلمہ محترمہ الزبتھ رانی نے اپنے خطاب میں مولانا ابوالکلام آزاد کی بے مثال تعلیمی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا آزاد نے تعلیم کو قومی ترقی کا بنیادی ذریعہ قرار دیا اور ملک میں تعلیمی اداروں کے فروغ، اعلیٰ تعلیم اور سائنسی تحقیق کی ترقی کے لیے نمایاں کوششیں کیں۔ ان کے تعلیمی نظریات آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مولانا آزاد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے علم حاصل کرنے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے کی تلقین کی۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ یومِ قومی تعلیم منانے کا اصل مقصد صرف ایک عظیم شخصیت کو یاد کرنا نہیں بلکہ ان کے تعلیمی مشن کو آگے بڑھانا اور ہر بچے تک معیاری تعلیم پہنچانے کے عزم کو مضبوط کرنا ہے۔ ین راکیش نے طلباء کو مولانا آزاد کی طرح سماج میں رول ادا کرنے پر زور دیا ۔
آخر میں طلبہ کو تعلیم کی اہمیت، اساتذہ کے احترام، مطالعہ کی عادت اور قومی یکجہتی کے فروغ کا پیغام دیا گیا۔ تقریب کے ذریعے مولانا آزاد کے افکار و نظریات کو نئی نسل تک پہنچانے اور تعلیم کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اساتذہ عبدالحی،رضیالدین،حا جرہ بیگم ، اجوالا،ممتا موجود تھے۔۔۔۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔