ای کامرس: خواتین کے لیے روزگار کا سنہرا موقع - ازقلم : فردوس انجم( بلڈانہ مہاراشٹر)


ای کامرس: خواتین کے لیے روزگار کا سنہرا موقع - 
ازقلم :  فردوس انجم( بلڈانہ مہاراشٹر)

موجودہ دور ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ترقی کا دور ہے۔ انٹرنیٹ نے ہماری زندگی کے تقریباً ہر شعبے کو متاثر کیا ہے۔ خرید و فروخت کا روایتی طریقہ بھی اب تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ اس کی جگہ ای کامرس نے لے لی ہے۔ ای کامرس سے مراد انٹرنیٹ کے ذریعے اشیا اور خدمات کی خرید و فروخت ہے۔ آج لوگ گھر بیٹھے کپڑے، زیورات، کاسمیٹکس، کھانے پینے کی اشیا، گھریلو سامان اور دیگر ضروریات خرید سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ای کامرس نہ صرف کاروبار کا نیا طریقہ بن چکا ہے بلکہ خواتین کے لیے روزگاراور کاروبارکے بے شمار مواقع بھی فراہم کر رہا ہے۔
*خواتین کے لیے ای کامرس کی اہمیت:
خواتین کی زندگی میں گھر اور خاندان کی ذمہ داریاں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ بہت سی خواتین ایسی ہوتی ہیں جو اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرکے آمدنی حاصل کرنا چاہتی ہیں۔لیکن ملازمت کے مقررہ اوقات، دفتر تک آمد و رفت اور دیگر ذمہ داریوں کی وجہ سے ملازمت اختیار نہیں کر پاتیں۔ ای کامرس ان خواتین کے لیے ایک ایسا راستہ فراہم کرتا ہے جس کے ذریعے وہ گھر بیٹھے اپنا کاروبار شروع کر سکتی ہیں۔
آن لائن کاروبار شروع کرنے کے لیے بڑے دفتر یا دکان کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ایک خاتون اپنی مہارت اور دلچسپی کے مطابق گھر سے ہی مصنوعات تیار کرکے انہیں آن لائن فروخت کر سکتی ہے۔ اس طرح وہ اپنے وقت اور وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرتے ہوئے معاشی طور پر مستحکم بن سکتی ہے۔
بہت سی خواتین سلائی، کڑھائی، دستکاری، پینٹنگ، کھانا پکانے، بیکنگ، مہندی، زیورات سازی اور دیگر فنون میں مہارت رکھتی ہیں۔ پہلے ان مصنوعات کو فروخت کرنے کے لیے مقامی بازار یا دکانوں پر انحصار کرنا پڑتا تھا۔مگر اب سوشل میڈیا اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ان مصنوعات کو وسیع مارکیٹ تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ بلکہ بہت سی خواتین ای کامرس کے ذریعے اپنی ایک الگ پہچان بنا چکی ہیں۔
ای کامرس کے فوائد
1۔ گھر سے کاروبار:
جو خواتین باہر جاکر کام نہیں کر سکتیں، وہ گھر بیٹھے اپنی سہولت کے مطابق کاروبار کر سکتی ہیں۔ اس طرح وہ گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی بروئے کار لا سکتی ہیں۔
2۔ کم سرمایہ، زیادہ مواقع:
ای کامرس کا ایک اہم فائدہ یہ ہے کہ کاروبار شروع کرنے کے لیے بہت بڑے سرمائے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ خواتین اپنی استطاعت کے مطابق چھوٹے پیمانے سے آغاز کر سکتی ہیں۔
مثال کے طور پر کوئی خاتون گھر میں تیار کی جانے والی اشیا کے چند نمونوں سے کاروبار شروع کر سکتی ہے اور آرڈر بڑھنے کے ساتھ اپنی مصنوعات میں اضافہ کر سکتی ہے۔ 
3۔ وسیع مارکیٹ:
ای کامرس کے ذریعے خواتین کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے کے لیے وسیع مارکیٹ مل جاتی ہے۔ اب وہ صرف اپنے محلے یا شہر تک محدود نہیں رہتیں بلکہ مختلف علاقوں کے صارفین تک اپنی مصنوعات پہنچا سکتی ہیں۔
4۔ محدود وسائل میں کاروبار:
آن لائن کاروبار میں دکان کا کرایہ، بڑے دفتر اور بعض روایتی اخراجات کم کیے جا سکتے ہیں۔ اس وجہ سے محدود وسائل رکھنے والی خواتین کے لیے بھی کاروباری سرگرمیوں میں شامل ہونا نسبتاً آسان ہو گیا ہے۔اور وہ اپنی مصنوعات پر مناسب منافع حاصل کر سکتی ہیں۔
5۔ زیادہ گاہک:
ای کامرس کے ذریعے خواتین اپنی مصنوعات کی تشہیر زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا سکتی ہیں۔ مؤثر اشتہارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے گاہکوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے اور کاروبار کو بڑے پیمانے پر وسعت دی جا سکتی ہے۔
ای کامرس کی اقسام: 
جو خواتین ای کامرس کے ذریعے کاروبار شروع کرنا چاہتی ہیں۔ ان کے لیے اس کی بنیادی اقسام سے واقف ہونا بھی ضروری ہے۔
1۔ کاروبار سے صارف (B2C):
جب کوئی کاروبار براہِ راست عام صارف کو مصنوعات یا خدمات فروخت کرتا ہے تو اسے B2C کہا جاتا ہے۔
2۔ کاروبار سے کاروبار (B2B):
جب ایک کاروبار دوسرے کاروبار کو مصنوعات یا خدمات فراہم کرتا ہے تو اسے B2B کہتے ہیں۔
3۔ صارف سے صارف (C2C):
جب ایک صارف دوسرے صارف کو کوئی چیز فروخت کرتا ہے تو اسے C2C کہا جاتا ہے۔ مثلاً استعمال شدہ سامان کی آن لائن فروخت۔
4۔ صارف سے کاروبار (C2B):
جب کوئی فرد اپنی خدمات یا مصنوعات کسی کاروبار کو فراہم کرتا ہے تو اسے C2B کاروبار کہتے ہیں ۔مثال کے طور پر کسی فری لانسر کا کسی کمپنی کو ڈیزائننگ یا تحریری خدمات فراہم کرنا۔
*ڈیجیٹل مہارت کی ضرورت:
ای کامرس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے خواتین کا ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے واقف ہونا ضروری ہے۔ انہیں موبائل فون، انٹرنیٹ، سوشل میڈیا، آن لائن ادائیگی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور کسٹمر سروس جیسی بنیادی مہارتیں سیکھنی چاہییں۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے خواتین اپنی مصنوعات کی تشہیر زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچا سکتی ہیں۔ معیاری مصنوعات، مناسب معلومات، بروقت ترسیل اور صارفین سے خوش اخلاقی کے ساتھ رابطہ آن لائن کاروبار کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
*سوشل میڈیا کا کردار:
 خواتین فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے اپنی مصنوعات کی تشہیر اور گاہکوں سے رابطہ کرکے اپنے کاروبار کو فروغ دے سکتی ہیں۔ وہ اپنے کاروبار کے لیے الگ صفحہ یا پروفائل بنا کر مصنوعات کی تصاویر، قیمتیں اور خصوصیات صارفین کے سامنے پیش کر سکتی ہیں۔
*ای کامرس کے چیلنجز:
جہاں ای کامرس خواتین کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہا ہے، وہیں اس کے ساتھ کچھ چیلنجز بھی موجود ہیں۔ آن لائن فراڈ، جعلی آرڈرز، ادائیگی کے مسائل، مصنوعات کی ترسیل، بڑھتا ہوا مقابلہ اور صارفین کا اعتماد حاصل کرنا اہم مسائل ہیں۔
ان مسائل سے نمٹنے کے لیے خواتین کو ڈیجیٹل سکیورٹی، محفوظ آن لائن ادائیگی کے طریقوں، صارفین کے حقوق اور کاروباری اصولوں سے واقف ہونا چاہیے۔ معیاری مصنوعات، مناسب قیمت، بروقت ترسیل اور اچھی کسٹمر سروس کے ذریعے صارفین کا اعتماد حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین ڈیجیٹل تعلیم، کاروباری تربیت اور آن لائن سکیورٹی کے بارے میں مناسب معلومات حاصل کریں۔ اگر جدید ٹیکنالوجی اور کاروباری مہارتوں سے درست انداز میں فائدہ اٹھایا جائے تو ای کامرس خواتین کے لیے صرف روزگار کا ذریعہ نہیں بلکہ خود انحصاری، معاشی استحکام اور ترقی کی نئی راہیں کھولنے والا ایک سنہرا موقع ثابت ہو سکتا ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔