مارس کالج میں یومِ ترغیبِ مطالعہ کا انعقاد

 ناگپور (راست) وسنت راؤ نائک گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز، ناگپور (مارس کالج) کے شعبۂ اردو کی جانب سے 15 اکتوبر کو ’’یومِ ترغیبِ مطالعہ‘‘ کے موقع پر ایک بامقصد ادبی و تعلیمی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام کی صدارت ادارے کی سابق ڈائریکٹر اور شعبۂ موسیقی کی صدر، پروفیسر ڈاکٹر سادھنا شیلیدار نے کی، جب کہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے سیٹھ کیسری مل پوروال کالج کے شعبۂ اردو کے ڈاکٹر محمد اسرار صاحب شریک ہوئے۔ 
پروگرام کا باقاعدہ آغاز ایم۔ اے سالِ دوم (اردو) کی طالبہ عائشہ صدیقہ نے حمدیہ کلام کی پیش کش سے کیا۔ اس موقع پر صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر نصرت مینو اور ڈاکٹر شکیل خان نے مہمانان گرامی کا گلدستہ پیش کرکے استقبال کیا۔ بعد ازاں صدر شعبۂ اردو ڈاکٹر نصرت مینو نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ 
پروگرام کے اگلے مرحلے میں ایم۔ اے اور بی۔ اے کے طلبہ نے مطالعے کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے اور سامعین میں مطالعے کا شوق پیدا کرنے کی غرض سے منتخب سبق آموز کہانیوں کی دل نشیں قرأت کی۔ طلبہ کی اس پیش کش نے محفل کو نہایت مؤثر اور دلچسپ بنا دیا۔ 
بعد ازاں ڈاکٹر صبیحہ کوثر نے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر محمد اسرار کا تعارف پیش کیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد اسرار نے یومِ ترغیبِ مطالعہ کی مناسبت سے سابق صدرِ جمہوریۂ ہند ڈاکٹر اے۔ پی۔ جے۔ عبدالکلام کی زندگی، تعلیمی سفر اور علمی و سائنسی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زندگی میں ناکامی یا مسترد کیے جانے کو کبھی مایوسی کا سبب نہیں بنانا چاہیے، بلکہ اسے آگے بڑھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ذریعہ سمجھنا چاہیے۔ مسلسل کوشش، عزم اور حوصلے سے ناکامی کو کامیابی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر عبدالکلام کی زندگی کے مختلف واقعات اور ان کے تعلیمی سفر کی مثالوں کے ذریعے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں محنت، مستقل مزاجی اور مطالعے کی اہمیت سے واقف کرایا۔ 
اس موقع پر ڈاکٹر شکیل خان نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں معلومات تک رسائی اگرچہ نہایت آسان اور فوری ہو گئی ہے، تاہم کسی بھی موضوع کو بہتر طور پر سمجھنے اور اس پر گہری بصیرت حاصل کرنے کے لیے سنجیدہ اور مسلسل مطالعہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کتابوں کے مطالعے کا متبادل نہیں ہو سکتیں، بلکہ علم میں وسعت اور فکری پختگی کے لیے باقاعدہ مطالعے کی عادت اپنانا ضروری ہے۔ 
صدارتی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر سادھنا شیلیدار نے مطالعے کی اہمیت و افادیت پر زور دیتے ہوئے طلبہ سے ایک دلچسپ عہد لیا کہ وہ اسی دن ایک کتاب خرید کر اس کا مطالعہ ضرور کریں گے۔ ان کے اس پیغام کا مقصد طلبہ میں کتاب دوستی اور مطالعے کی مستقل عادت کو فروغ دینا تھا۔ 
اس طرح تینوں معزز شخصیات نے اپنے فکر انگیز خیالات اور خطابات کے ذریعے طلبہ کی علمی و فکری رہنمائی کی اور انہیں زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے مطالعے، محنت اور مسلسل جدوجہد کی ترغیب دی۔ 
پروگرام کے اختتام پر شعبۂ اردو کی لیکچرار محترمہ شہناز پروین نے ہدیۂ تشکر پیش کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی، صدرِ محفل اور تمام شرکائے پروگرام کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر اساتذۂ کرام اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ان کی بھرپور شرکت نے پروگرام کو کامیاب اور بامقصد بنایا۔ 

 

 

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔