خراجِ عقیدت؛ پہلی برسی ٢٨ نومبر ۔۔۔تعلیم کا خاموش معمار؛ شیخ حسن نور محمد کی بے لوث خدمات کا چراغ سدا روشن رہے گا! - ازقلم : عقیل خان بیاولی، جلگاؤں
خراجِ عقیدت؛ پہلی برسی* ٢٨ نومبر ۔۔۔
تعلیم کا خاموش معمار؛ شیخ حسن نور محمد کی بے لوث خدمات کا چراغ سدا روشن رہے گا! -
ازقلم : عقیل خان بیاولی، جلگاؤں
اللہ تعالیٰ اپنے بندوں میں کچھ ایسی شخصیات بھی پیدا فرماتا ہے جن کی زندگی محض اپنی ذات، اپنے خاندان یا ذاتی مفادات تک محدود نہیں رہتی، بلکہ وہ اپنی عمر کا ایک بڑا حصہ ملت کی فکری آبیاری، نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لیے وقف کر دیتے ہیں۔ ان کی عظمت کا پیمانہ شہرت، منصب، دولت یا نمود و نمائش نہیں، بلکہ ان کے خلوصِ نیت، ایثار، خاموش جدوجہد اور ان کے چھوڑے ہوئے نیک آثار ہوتے ہیں۔ ایسی ہی ایک باوقار، شریف النفس، درویش صفت اور تعلیم دوست شخصیت کا نام مرحوم شیخ حسن نور محمد صاحب، المعروف شیخ صاحب تھا، جن کی پوری زندگی خدمتِ تعلیم و ملت کی ایک روشن مثال رہی۔
آج ٢٨ نومبر کو ان کی رحلت کو ایک سال مکمل ہو رہا ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ بعض لوگ دنیا سے رخصت ہو کر بھی اپنے افکار، کردار اور کارناموں کے ذریعے زندہ رہتے ہیں۔ ان کی جسمانی جدائی ایک حقیقت ضرور ہے، لیکن ان کے قائم کردہ ادارے، ان کی تربیت سے فیض یاب ہونے والے افراد اور ان کے خوابوں کی تعبیر بنتی ہوئی تعلیمی سرگرمیاں ان کے وجود کا احساس دلاتی رہتی ہیں۔ شیخ صاحب بھی انہی خوش نصیب انسانوں میں شامل ہیں جنہوں نے خاموشی سے چراغ جلائے اور آنے والی نسلوں کے لیے روشنی کا سامان کر گئے۔
تعلیمی انقلاب کے اولین رفقا میں ایک معتبر نام
جلگاؤں اور خاندیش کی تعلیمی تاریخ کا جب بھی غیر جانب دارانہ جائزہ لیا جائے گا، شیخ حسن نور محمد صاحب کی خدمات کا تذکرہ ناگزیر ہوگا۔ ۱۹۷۰ء کے المناک فسادات کے بعد جب محسنِ تعلیم الحاج ڈاکٹر امان اللہ شاہ مرحوم نے نامساعد حالات میں ملت کی تعلیمی محرومیوں کو دور کرنے اور نئی نسل کے مستقبل کو سنوارنے کے لیے ایک تعمیری تعلیمی انقلاب کی بنیاد رکھی، تو شیخ صاحب ان کے اولین رفقا اور مخلص ہم نواؤں میں شامل تھے۔ یہ وہ دور تھا جب حالات کی تلخی، وسائل کی قلت اور معاشرتی مشکلات کے باوجود تعلیمی اداروں کا قیام ایک بڑا چیلنج تھا، لیکن ان مخلص افراد نے تعلیم کو قوم کی بقا، خود اعتمادی اور ترقی کا بنیادی وسیلہ سمجھتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔
انجمن تعلیم المسلمین کے زیرِ اہتمام اینگلو اردو ہائی اسکول و جونیئر کالج اور الحاج عبدالغفار ملک پیرامیڈیکل اینڈ ڈگری کالج جیسے تعلیمی اداروں کی سرگرمیوں سے لے کر بعد ازاں انجمن خدمتِ خلق کے قیام اور اس کے فروغ تک شیخ صاحب کی وابستگی نہایت اہم رہی۔ جب دخترانِ ملت کی تعلیم کے لیے اداروں کے قیام کی ضرورت محسوس کی گئی، تو انہوں نے اس مشن میں بھی بھرپور حصہ لیا۔ انجمن خدمتِ خلق کے اعزازی سیکریٹری کی حیثیت سے انہوں نے جس اخلاص، ذمہ داری اور مستقل مزاجی کے ساتھ خدمات انجام دیں، وہ ان کی تعلیمی کمٹمنٹ کا ناقابلِ فراموش باب ہے۔
ان کے نزدیک تعلیم محض ڈگری حاصل کرنے یا ملازمت پانے کا ذریعہ نہیں تھی، بلکہ یہ انسان کی فکری تربیت، اخلاقی تطہیر، معاشرتی شعور اور قومی تعمیر کا بنیادی وسیلہ تھی۔ وہ جانتے تھے کہ جس قوم کی بیٹی تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور باشعور ہوگی، اس کے مستقبل کی بنیادیں بھی مضبوط ہوں گی۔ یہی فکر ان کی عملی زندگی میں نمایاں نظر آتی تھی۔
ضلع پریشد جسے منی منترالیہ کہا جاتا ہے میں سیکشن آفیسر کی حیثیت سے سرکاری خدمات انجام دیتے ہوئے شیخ صاحب نے قوانین، ضوابط اور انتظامی امور پر غیر معمولی دسترس حاصل کی تھی۔ اپنی قانونی تعلیم اور عملی تجربے کی بنیاد پر وہ اقلیتی تعلیمی اداروں، اسکولوں، اساتذہ، سرکاری اسکیموں، گرانٹس، طالبات کی تعلیمی سہولتوں اور نئے تعلیمی اداروں کے قیام سے متعلق معاملات میں ایک معتبر اور قابلِ اعتماد رہنما سمجھے جاتے تھے۔ ان کی ایک نمایاں خوبی یہ تھی کہ وہ سرکاری عہدے کو ذاتی برتری کا ذریعہ بنانے کے بجائے اسے عوامی اور تعلیمی خدمت کا وسیلہ سمجھتے تھے۔ کسی ادارے کو قانونی رہنمائی درکار ہو، کسی منتظم کو انتظامی دشواری کا سامنا ہو، کسی استاد کو سرکاری ضابطوں کے سلسلے میں مدد چاہیے ہو یا کسی تعلیمی منصوبے کو عملی شکل دینے کی ضرورت ہو، شیخ صاحب اپنی معلومات، تجربے اور صلاحیتوں کے ساتھ رہنمائی کے لیے موجود رہتے تھے۔ ان کا اندازِ خدمت منفرد تھا۔ نہ کسی احسان کا احساس دلاتے، نہ اپنی خدمات کا چرچا کرتے اور نہ ہی کسی منصب یا تعلق کا رعب جماتے۔ ان کے نزدیک اصل کامیابی یہ تھی کہ کسی کا کام بن جائے، کسی ادارے کی مشکل آسان ہو جائے اور کسی طالب علم کے مستقبل کی راہ ہموار ہو جائے۔
مجھے بھی برسوں ان کے قریب رہنے، ان سے استفادہ کرنے اور ان کی شخصیت کو دیکھنے کا موقع ملا۔ میں نے انہیں ہمیشہ ایک شفیق، متواضع، شریف النفس اور درویش صفت انسان پایا۔ ان کا اخلاق شریفانہ، مزاج درویشانہ اور گفتگو شائستگی و متانت کا نمونہ تھی۔ ان کی شخصیت میں سادگی بھی تھی، وقار بھی؛ علم بھی تھا، تجربہ بھی؛ لیکن ان سب سے بڑھ کر انسانیت اور خدمت کا جذبہ تھا۔ یہی اوصاف انہیں دوسروں سے ممتاز کرتے تھے۔
شیخ صاحب کی فکر صرف تعلیمی اداروں کے قیام تک محدود نہیں تھی۔ وہ انسانی خدمت کو ایک وسیع تر فریضہ سمجھتے تھے۔ اسی جذبے کے تحت انہوں نے عظمیٰ بہو ادیشیہ سنستھا قائم کی، جس کے ذریعے برسوں طبی خدمات اور فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ان کا یہ عمل اس حقیقت کا مظہر تھا کہ ان کے نزدیک خدمتِ خلق کے مختلف شعبے ایک دوسرے سے جدا نہیں، بلکہ ایک ہی انسانی اور اخلاقی مشن کے مختلف پہلو ہیں۔
زندگی نے انہیں آزمائشوں سے بھی گزارا۔ بڑے فرزند کی وفات کا صدمہ یقیناً ایک والد کے لیے ناقابلِ بیان دکھ تھا، مگر انہوں نے اس کرب کو صبر، حوصلے اور وقار کے ساتھ برداشت کیا۔ ان کی شخصیت کا یہی پہلو ہمیں اسلامی تعلیمات کی اس روح کی یاد دلاتا ہے جس میں صبر، توکل، رضا بالقضا اور اللہ تعالیٰ کی رحمت سے امید وابستہ رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔ ان کے فرزند ڈاکٹر التمش والد کے خوابوں اور مشن کے امین بن کے ابھر رہے ہیں کسی بھی انسان کی زندگی کا ایک بڑا اطمینان یہ ہوتا ہے کہ اس کے خواب اور اس کی نیک جدوجہد اس کے بعد بھی جاری رہیں۔ شیخ صاحب کے لیے یہ اطمینان ان کے فرزندِ ارجمند ڈاکٹر التمش کی صورت میں موجود تھا۔ والد کی خرابیِ صحت کے باوجود رمضان المبارک کے مقدس ایام میں ان کے ساتھ عمرہ و زیارت کی سعادت حاصل کرنا اور پورا مہینہ مدینہ منورہ کی روح پرور فضا میں والدین کی خدمت میں گزارنا ان کی محبت، عقیدت اور حسنِ سلوک کا قابلِ قدر مظہر ہے۔
والد کے تعلیمی خوابوں کو عملی تعبیر دینے کے جذبے کے تحت ڈاکٹر التمش نے شیخ جاوید ایجوکیشنل کیمپس میں اپنے والد کے نام سے منسوب شیخ حسن انٹرنیشنل اسکول قائم کیا۔ یہ محض ایک تعلیمی ادارے کا قیام نہیں، بلکہ ایک باپ کے خواب، اس کی جدوجہد اور اس کے تعلیمی نظریے کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا ایک بامعنی عہد ہے۔ اس اقدام نے شیخ صاحب کو زندگی ہی میں بے پناہ مسرت عطا کی اور ان کی تعلیمی میراث کو ایک نئی جہت بخشی۔
آج ان کی پہلی برسی کے موقع پر یہ بات باعثِ اطمینان ہے کہ ڈاکٹر التمش شیخ کی قیادت میں ان کا خانوادہ ان کے نام سے منسوب تعلیمی اداروں کو آگے بڑھانے اور ان کے ادھورے تعلیمی مشن کی تکمیل کے لیے کوشاں ہے۔ کسی مرحوم کے لیے اس سے بڑھ کر خراجِ عقیدت کیا ہو سکتا ہے کہ اس کی اولاد اس کے نیک مقاصد کو اپنا مقصدِ حیات بنا لے اور اس کے جلائے ہوئے چراغ کو مزید روشن کرتی رہے۔
شخصیت رخصت ہوئی، مگر چراغِ علم روشن ہے!
شیخ حسن نور محمد صاحب کی زندگی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ عظمت بلند آواز دعووں میں نہیں، بلکہ خاموش اور مسلسل عمل میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ کسی قوم کی حقیقی خدمت یہ نہیں کہ اس کے لیے چند خوب صورت الفاظ کہہ دیے جائیں، بلکہ یہ ہے کہ اس کی نئی نسل کے ہاتھوں میں قلم، ذہنوں میں شعور، کردار میں اخلاق اور مستقبل کے لیے امید کی روشنی تھما دی جائے۔
وہ ان لوگوں میں سے تھے جنہوں نے اپنی خدمات کو کبھی تشہیر کا موضوع نہیں بنایا۔ ان کی خاموشی میں اخلاص تھا، ان کی سادگی میں وقار تھا اور ان کی جدوجہد میں ملت کے مستقبل کی فکر شامل تھی۔ آج جب ہم ان کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہیں تو دراصل ہم اس فکر اور اس نظریے کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہوتے ہیں جس نے تعلیم کو عبادت، خدمتِ خلق کو سعادت اور انسانیت کی بھلائی کو زندگی کا مقصد بنایا۔
قرآنِ مجید کی آیت کا ترجمہ ہمیں ایسے ہی نیک اعمال کی دائمی معنویت کا احساس دلاتی ہے: اور باقی رہنے والی نیکیاں تمہارے رب کے نزدیک ثواب کے اعتبار سے بھی بہتر ہیں اور امید کے اعتبار سے بھی۔
بلاشبہ علم کی اشاعت، تعلیمی اداروں کا قیام، نسلوں کی تربیت اور انسانیت کی خدمت ایسے ہی نیک اعمال ہیں جن کے اثرات انسان کی دنیا سے رخصتی کے بعد بھی باقی رہتے ہیں۔ اسی تناظر میں شیخ صاحب کی تعلیمی و فلاحی خدمات کو ان کے لیے صدقۂ جاریہ کی امید قرار دیا جا سکتا ہے۔ حدیثِ نبوی ﷺ میں بھی علمِ نافع اور صدقۂ جاریہ کو ان اعمال میں شمار کیا گیا ہے جن کا اجر انسان کے انتقال کے بعد بھی جاری رہتا ہے۔
آج ٢٨ نومبر کو ان کی پہلی برسی پر ان کی یاد میں آنکھیں نم اور دل دعاؤں سے معمور ہیں۔ ہم انہیں ان کی بے لوث خدمات، اعلیٰ اخلاق، تعلیمی بصیرت اور خاموش جدوجہد کے حوالے سے عقیدت کے پھول پیش کرتے ہیں۔ ان کی زندگی آنے والی نسلوں کو یہ سبق دیتی رہے گی کہ قوموں کی تقدیر بدلنے کے لیے شہرت نہیں، خلوص؛ دعوے نہیں، عمل؛ اور ذاتی مفاد نہیں، اجتماعی بھلائی درکار ہوتی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ رب العزت مرحوم شیخ حسن نور محمد صاحب کی تمام دینی، تعلیمی، فلاحی اور انسانی خدمات کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے، قبر کو نور سے منور اور آخرت کی منزلوں کو آسان فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
اللہ تعالیٰ ڈاکٹر التمش شیخ سمیت تمام اہلِ خانہ، متعلقین اور رفقائے کار کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور انہیں توفیق دے کہ وہ شیخ صاحب کے نیک مشن، تعلیمی خوابوں اور خدمتِ خلق کی روایت کو مزید وسعت دے سکیں۔
آمین یا رب العالمین!
شیخ صاحب جسمانی طور پر ہمارے درمیان نہیں، لیکن ان کے روشن کردہ چراغِ علم، ان کی بے لوث خدمات اور ان کے نقشِ قدم رہتی دنیا تک ان کی یاد کو زندہ رکھیں گے۔ یہی ان کی زندگی کا اصل سرمایہ اور ان کے لیے ہمارا سچا خراجِ عقیدت ہے۔
Comments
Post a Comment