اردو اخبارات کو محکمہ اقلیتی بہبود سے امدادی اشتہارات جاری کرنے نمائندگی
گلبرگہ 3 نومبر(محمدیوسف رحیم بیدری) سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست ایڈیٹر روزنامہ بہمنی نیوز گلبرگہ نے محکمہ اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک سے ریاست کے اردو اخبارات کو ماہانہ 2 صفحات کے امدادی اشتہارات جاری کرنے کیلئے پرزور نمائندگی کی ہے ریاستی وزیر اقلیتی بہبود یو ٹی قادر کے دورہ گلبرگہ کے موقع پر عزیز اللہ سرمست نے انہیں یادداشت پیش کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود سے اردو اخبارات کو ماہانہ صفحات کے امدادی اشتہارات جاری کرنے کا مطالبہ کیا البدر ڈینٹل کالج گلبرگہ کے آڈیٹوریم میں وزیر اقلیتی بہبود یوٹی قادر کے اقلیتی نمائندوں سے ملاقات پروگرام میں عزیز اللہ سرمست یادداشت پیش کرتے ہوئے یوٹی قادر کو بتایا کہ درج فہرست طبقات و قبائل کے مدیران کے اخبارات کو امداد کے طور پر ماہانہ دو صفحات کے اشتہارات دیئے جا رہے ہیں اور انہیں پرنٹنگ مشین خریدنے کیلئے بھی مالی امداد دی جا رہی ہے سرحدی اضلاع کے کنڑا اخبارات کو بھی ماہانہ ایک صفحہ کا اشتہار دیا جا رہا ہے عزیز اللہ سرمست نے یوتی قادر کو بتایا کہ پرنٹنگ کی دشواریوں کاغذ اور پرنٹنگ مٹریلس کے غیر معمولی ارزاں ہونے اور وسائل کی کمی کے پیش نظر ریاست کے اردو اخبارات بند ہونے کی نوبت سے دوچار ہیں انہوں نے بتایا کہ ریاست میں اردو اخبارات کی تعداد گھٹ کر صرف 10 ہو گئی ہے گلبرگہ ضلع سے 3 بیدر ضلع سے 3 بیجاپور اور شیموگہ اضلاع سے ایک ایک اور بنگلور سے 2 اردو اخبارات شائع ہو رہے ہیں میسور بیلگام رائچور سے شائع ہونے والے اردو اخبارات کی اشاعت مسدود ہو چکی ہے بیلگام کے ایک اردو اخبار کو مجبوراً کنڑا اخبار میں تبدیل کیا گیا ہے عزیز اللہ سرمست نے یوٹی قادر کو بتایا کہ اگر محکمہ اقلتی بہبود سے امدادی اشتہارات کی اجرائی نہیں کی جاتی ہے تو ریاست میں بہت کم باقی رہ گئے اردو اخبارات کی اشاعت بھی مسدود ہو سکتی ہے عزیز اللہ سرمست نے یوٹی قادر سے اس بات پر سخت اظہار تاسف کیا کہ کرناٹک اردو اکاڈمی اردو اخبارات کی کسی طرح مالی امداد نہیں کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ اردو کے ادارے انجمنیں تعلیمی ادارے تجار سیاسی قائدین ایم ایل ایز وزراء بھی اردو اخبارات کی امداد میں کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں عزیز اللہ سرمست نے کنڑا کے کئی ایک اخبارات دکھاتے ہوئے یوٹی قادر کو بتایا کہ کانگریس پارٹی کے تمام اشتہارات صرف کنڑا اخبارات کو جاری ہوتے ہیں یہاں تک کہ محکمہ اقلیتی بہبود سے اقلیتی اسکیمات اسکالرشپ سے متعلق اعلانات نوٹیفیکیشن بھی کنڑا اخبارات کو ہی اشاعت کیلئے جاری کئے جا رہے ہیں ریاستی حکومت کے بھی بہت کم اشتہارات اردو اخبارات کو جاری ہوتے ہیں عزیز اللہ سرمست نے یوٹی قادر سے مزید کہا کہ یہ صرف اردو اخبارات کو نظر انداز کرنے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اردو داں عوام اور اقلیتی طلبا کو سرکاری اور محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات سے واقف نہ کروانے کی مذموم کوشش ہے عزیز اللہ سرمست نے یوٹی قادر سے سوال کیا کہ اردو اخبارات کو محکمہ اقلیتی بہبود اور کرناٹک اردو اکاڈمی اشتہارات جاری نہیں کریں گے تو کیا محکمہ کنڑا اینڈ کلچر اور درج فہرست طبقات و قبائل اور دیگر طبقات کے ترقیاتی کارپوریشن و بہبودی محکمہ جات اشتہارات جاری کریں گے ؟ یوٹی قادر نے عزیز اللہ سرمست کی گفتگو کو تفصیل سے سماعت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنی ساری تفصیل سے واقف نہیں تھے انہوں نے تیقن دیا کہ اردو اخبارات کو امداد کی فراہمی کے امکانات کا وہ تفصیلی جائزہ لے کر مناسب اقدامات کریں گے
Comments
Post a Comment