جلگاؤں؛عدالتی کارروائی میں مساوات اور شفافیت کا مطالبہ؛ ایکتا سنگھٹنا نے صدر جمہوریہ، وزیر اعظم اور چیف جسٹس کو بھیجا میمورنڈم - بلقیس بانو، مولانا کلیم صدیقی، عمر خالد اور شرجیل امام کے مقدمات کے حوالے سے عدالتی معیار میں یکسانیت پر سوالات؛ آئینی اقدار، شہری حقوق اور انصاف کے تقاضوں پر زور
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): عدالتی کارروائی میں مساوات، غیر جانب داری اور شفافیت کو یقینی بنانے، نیز آئینی اقدار اور شہری حقوق کے تحفظ کے مطالبے کے ساتھ ایکتا سنگھٹنا جلگاؤں کی جانب سے تفصیلی میمورنڈم پیش کیا گیا۔ تنظیم کے رابطہ کار فاروق شیخ کی قیادت میں تیار کردہ میمورنڈم نائب ضلع کلکٹر (ریزیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر) ویشالی چوہان کو نوید شیخ کے توسط سے سپرد کیا گیا۔ اس کے علاوہ میمورنڈم کی نقول صدر جمہوریہ، وزیر اعظم، چیف جسٹس آف انڈیا اور متعلقہ مرکزی وزراء کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔
میمورنڈم میں بلقیس بانو، مولانا کلیم صدیقی، عمر خالد اور شرجیل امام سے متعلق مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے عدالتی عمل میں مساوات، غیر جانب داری اور شفافیت کے معیار پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ تنظیم نے واضح کیا کہ ان تمام مقدمات کے قانونی حالات، الزامات اور شواہد ایک دوسرے سے مختلف ہیں اور عدالتوں کے فیصلوں میں مداخلت کرنا اس کا مقصد نہیں ہے؛ تاہم، آئینِ ہند کے آرٹیکل 14 اور 21 کے تحت ہر شہری کو مساوی انصاف، قانونی تحفظ اور شخصی آزادی کا حق حاصل ہونا چاہیے۔
میمورنڈم میں طویل عرصے سے عدالتی حراست میں موجود ملزمان کے مقدمات کی مقررہ مدت میں سماعت و فیصلے، سنگین جرائم کے متاثرین کو انصاف اور مؤثر قانونی امداد، بلقیس بانو کے قانونی تحفظ کو یقینی بنانے اور متعلقہ مقدمات کی عدالتی کارروائی میں غیر ضروری تاخیر سے گریز جیسے مطالبات پیش کیے گئے ہیں۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ عدالتی نظام میں مساوات، شفافیت اور غیر جانب داری کا اعتماد قائم کرنا جمہوری نظام اور آئینی اقدار کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ تنظیم نے واضح کیا کہ یہ میمورنڈم کسی مذہب، برادری یا طبقے کے خلاف نہیں، بلکہ عدالتی عمل میں مساوات، شہری حقوق اور آئینی اقدار کے تحفظ کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ عدلیہ کے احترام کو برقرار رکھتے ہوئے نظامِ انصاف کی غیر جانب داری اور جواب دہی سے متعلق سوالات اٹھانا جمہوری معاشرے میں ہر شہری کا آئینی حق ہے۔ اس موقع پر فاروق شیخ کے ہمراہ سید چاند، نابل شیخ، متین پٹیل، راجو پٹیل، عارف دیشمکھ، رؤف منیار، اے ایم بہشتی، انور سکلگر، مجاہد خان سمیت تنظیم کے دیگر عہدیداران اور اراکین موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ انصاف صرف فیصلوں کے صادر ہونے تک محدود نہیں ہونا چاہیے، بلکہ ملک کے ہر شہری کے دل میں یہ یقین بھی پیدا ہونا چاہیے کہ اسے بلا امتیاز اور یکساں انصاف حاصل ہو رہا ہے۔
Comments
Post a Comment