بیرسٹر اسدالدین اویسی کی درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں حاضری، سجادہ نشین کی جانب سے شاندار استقبال


بیدر، یکم نومبر (نامہ نگارمحمد عبدالصمد): ملک کے ممتاز عوامی و سیاسی رہنما، نقیبِ ملت جناب الحاج بیرسٹر اسدالدین اویسی، صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمان حلقہ لوک سبھا حیدرآباد نے درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں بصد عقیدت و احترام حاضری دی۔ اس موقع پر ممتاز پیر طریقت شاہ خلیفہ ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی، سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف کی خصوصی نگرانی و سرپرستی میں افراد خاندان، مریدین اور معتقدین نے ان کا شاندار اور والہانہ استقبال کیا۔

اس موقع پر حضرت شاہ خلیفہ ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی صاحب نے معزز مہمان کو درگاہ آستانہ قادریہ کا تفصیلی مشاہدہ کروایا اور یہاں انجام دی جانے والی دینی، تعلیمی اور فلاحی سرگرمیوں سے واقف کروایا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ماہ دو مرتبہ مختلف علمائے دین کو مدعو کیا جاتا ہے، جہاں مریدین و معتقدین کو دین کی بنیادی تعلیمات سے روشناس کروایا جاتا ہے۔ قرآن مجید، صاحبِ قرآن ﷺ کی تعلیمات اور اولیائے کرام کے پیغام کو عام کرنے کے لیے مسلسل دینی و اصلاحی سرگرمیاں انجام دی جاتی ہیں۔

سجادہ نشین صاحب نے مزید بتایا کہ درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف کے زیر اہتمام دارالعلوم قادریہ قائم ہے، جہاں پانچ سو سے زائد طلباء و طالبات دینی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ یہاں زیر تعلیم طلباء و طالبات سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جاتی، بلکہ انہیں مفت تعلیم کے ساتھ یونیفارم، بستے، کتابیں، قلم اور دیگر تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔ دارالعلوم قادریہ تجربہ کار علمائے کرام اور اساتذہ کی نگرانی میں کامیابی کے ساتھ چلایا جا رہا ہے۔

بعد ازاں جناب بیرسٹر اسدالدین اویسی کو درگاہ شریف کی زیارت کروائی گئی۔ انہوں نے بارگاہِ اولیاء میں گلہائے عقیدت پیش کیے اور فاتحہ خوانی و دعائے سلامتی میں شرکت کی۔ اس موقع پر سجادہ نشین حضرت شاہ خلیفہ ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی صاحب نے شال پوشی اور گلپوشی کے ذریعے مہمانِ خصوصی کی تہنیت کی، جبکہ انہیں آستانہ قادریہ کی تصویر بطور یادگار پیش کی گئی۔

اس موقع پر جناب بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں حاضری دے کر انہیں دلی مسرت حاصل ہوئی۔ انہوں نے پرتپاک استقبال، عزت افزائی اور مہمان نوازی پر سجادہ نشین حضرت شاہ خلیفہ ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی صاحب اور تمام افراد خاندان، مریدین و معتقدین کا شکریہ ادا کیا اور سب سے دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست کی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔