جلگاؤں میں عالمی یومِ اردو کا شایانِ شان انعقاد؛ - خادمانِ اردو، ادب و صحافت کی خدمات کا اعتراف - "صحافت، ادب، سوشل میڈیا اور فوٹوگرافی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات توصیفی اسناد سے سرفراز؛ مادری زبان کے فروغ اور نئی نسل تک اردو کی منتقلی پر زور"
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): اردو محض اظہار و ابلاغ کا وسیلہ نہیں بلکہ ایک تہذیب، ثقافت، شائستگی، محبت اور انسانی اقدار کی ترجمان زبان ہے۔ اس کے تحفظ، فروغ اور خدمت میں مصروف افراد کی حوصلہ افزائی دراصل ایک عظیم تہذیبی ورثے کی پاسداری ہے۔ اسی جذبے کے تحت 9 نومبر کو شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے شہر کے پترکار بھون میں عالمی یومِ اردو کی ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں اردو زبان و ادب، صحافت، سوشل میڈیا اور فوٹو گرافی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو توصیفی اسناد پیش کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔
تقریب کا آغاز اردو بورڈ کی نقاب کشائی سے ہوا۔ مفتی خالد صاحب کی صدارت میں منعقدہ اس پروگرام میں یوسف مکرہ، ظفر شیخ، ڈاکٹر غیاث عثمانی، ڈاکٹر فیض شاہ، معین عثمانی، ڈاکٹر وسیم شاہ، اسلم پنجاری، ساجد شیخ اور سید چاند مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے۔ حافظ عبدالرحیم پٹیل نے تلاوتِ کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر اردو صحافت کے ساتھ دیگر زبانوں میں صحافتی خدمات انجام دینے والے مسلم صحافیوں کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔ سینئر صحافی سعید پٹیل اور عقیل خان بیاولی سمیت مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں اور خدمات کا لوہا منوانے والے افراد کو اعزازات سے نوازا گیا۔ توصیفی اسناد حاصل کرنے والوں میں مشتاق کریمی، عمران خان جامنیری، آصف شیخ، اکبر سلیم پٹیل، زیان شیخ، متین پٹیل، وحید امام، حافظ عبدالرحیم پٹیل، توصیف شیخ جامنیری، سلیم رنگریز، نور محمد، سلیم خان، ساحر تیلی، سکندر رنگریز، رئیس شیخ، نور شیخ، ڈاکٹر وسیم عقیل شاہ اور ڈاکٹر فیض شاہ سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وسیم عقیل شاہ، ڈاکٹر فیض شاہ، ظفر شیخ، یوسف سیٹھ مکرہ اور ڈاکٹر غیاث عثمانی نے اردو زبان کی تاریخ، اس کی شیرینی، ادبی و تہذیبی ورثے اور عصرِ حاضر میں اس کی معنویت پر اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ اردو کی خوبصورتی اس کی زبان و بیان کی لطافت کے ساتھ اس کے وسیع تہذیبی دائرے میں بھی پوشیدہ ہے۔ یہ زبان مختلف تہذیبوں، معاشرتی اقدار اور انسانوں کے درمیان محبت و بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرتی ہے۔
صدارتی خطاب میں مفتی خالد صاحب نے اردو زبان کے تحفظ، اس کے فروغ اور نئی نسل تک اس کی منتقلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مادری زبان سے وابستگی محض جذباتی معاملہ نہیں بلکہ اپنی تہذیبی شناخت کو محفوظ رکھنے کی ذمہ داری بھی ہے۔ معین عثمانی نے تقریب کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر علامہ اقبال کی شخصیت، شاعری اور ادبی خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کے افکار و پیغام کو یاد کیا۔ نظامت کے فرائض قاسم عمر نے خوش اسلوبی سے انجام دیے، جبکہ ایڈوکیٹ عامر فاروق نے اظہارِ تشکر کیا۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس تقریب کا انعقاد ضلع منیار برادری اور ایکتا سنگھٹنا کے اشتراک سے عمل میں آیا، جس کے پسِ پشت سماجی کارکن فاروق شیخ کی مخلصانہ کاوشیں کارفرما رہیں۔ اگرچہ ان کا علمی و تدریسی پس منظر اردو کے بجائے دوسری زبان سے وابستہ ہے، تاہم اپنی مادری زبان اردو کے فروغ و اشاعت کے لیے ان کی عملی دلچسپی، مسلسل تعاون اور بے لوث خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ شہر و ضلع میں منعقد ہونے والے متعدد اردو ادبی و تہذیبی پروگراموں میں ان کا تعاون نمایاں رہا ہے۔ ان کی ان خدمات کا اعتراف مختلف علمی و ادبی اداروں اور انجمنوں کے ساتھ ریاستی اردو اکادمی بھی اپنے اعزاز کے ذریعے کر چکی ہے۔
یہ تقریب اس خوش آئند حقیقت کی عکاس تھی کہ اردو کی خدمت کسی ایک طبقے یا زبان سے وابستہ افراد تک محدود نہیں، بلکہ مادری زبان سے محبت رکھنے والا ہر شخص اس کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرسکتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اردو کا چراغ گھروں، تعلیمی اداروں، صحافت اور سماجی زندگی میں مسلسل روشن رکھا جائے، تاکہ اس کی شیرینی اور تہذیبی روشنی آنے والی نسلوں تک منتقل ہوتی رہے۔
Comments
Post a Comment