چھبیس 26 سالہ کامیاب تعلیمی خدمات کے بعد جناب خالد احمد شیخ سبکدوش - دونوں تعلیمی اداروں کے قیام، ترقی، گرانٹ کے حصول اور استحکام میں نمایاں کردار، کئی برس تک بلا معاوضہ بھی انجام دیں خدمات
چھبیس 26 سالہ کامیاب تعلیمی خدمات کے بعد جناب خالد احمد شیخ سبکدوش -
دونوں تعلیمی اداروں کے قیام، ترقی، گرانٹ کے حصول اور استحکام میں نمایاں کردار، کئی برس تک بلا معاوضہ بھی انجام دیں خدمات
دگرس (ضلع یوت محل): الخورشید اُردو ہائی اسکول و جونیئر کالج، دگرس کے پرنسپل اور ادارے کے صدر محترم جناب خالد احمد خورشید احمد شیخ 26 سالہ طویل، کامیاب اور مثالی تعلیمی خدمات انجام دینے کے بعد 31 اکتوبر 2026ء کو ملازمت سے سبکدوش ہوگئے۔
جناب خالد احمد شیخ کی خدمات محض تدریسی فرائض تک محدود نہیں رہیں بلکہ انہوں نے دگرس کے الخورشید اُردو ہائی اسکول و جونیئر کالج کے ساتھ ساتھ بوری عرب، تعلقہ داروہ میں قائم اپنے دوسرے ہائی اسکول کی تعمیر و ترقی اور استحکام میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ دونوں تعلیمی اداروں کے قیام سے لے کر ان کی ترقی، عمارتوں کی تعمیر، سرکاری گرانٹ کے حصول، بنیادی ڈھانچے کی فراہمی اور طلبہ و اساتذہ کے لیے ضروری سہولیات کی فراہمی تک ان کی مسلسل جدوجہد اور انتھک محنت شامل رہی۔
ان کی خدمات کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے اداروں کے مشکل دور میں طویل عرصے تک بغیر تنخواہ کے اپنی خدمات جاری رکھیں اور ذاتی مفادات پر اداروں اور طلبہ کے مستقبل کو ترجیح دی۔ ان کی مخلصانہ کوششوں، عزم و حوصلے اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں دونوں اداروں نے ترقی کی مختلف منازل طے کیں۔
26 سالہ اس طویل سفر میں انہوں نے نہ صرف تعلیمی ذمہ داریاں نبھائیں بلکہ ایک منتظم، رہنما اور اداروں کے خیرخواہ کی حیثیت سے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ان کی سبکدوشی کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد دونوں اسکولوں کے صدر مدرسین، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی جانب سے کیا گیا۔ اس تقریب میں ان کی والدہ محترمہ، بہنوں، اہلیہ اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر تعلیمی، سماجی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے ان کی طویل تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
بلاشبہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی تاریخ میں ایسے افراد کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جاتی ہیں جو اپنی محنت، خلوص اور قربانیوں سے اداروں کی بنیادوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ جناب الحاج خالد احمد شیخ کی 26 سالہ خدمات بھی دونوں تعلیمی اداروں کی تاریخ کا ایک قابلِ فخر اور ناقابلِ فراموش باب ہیں۔
خراجِ تحسین و نیک تمنائیں
عنایت اللہ خان، یوت محل
Comments
Post a Comment