کنگاؤں بیاول معاملہ: بھساول سیشن کورٹ نے 15 ملزمین کو مشروط ضمانت منظور کی - "ایکتا سنگٹھن کی قانونی پیروی کو کامیابی؛ عدالت نے ضمانت کے ساتھ عائد کیں ضروری شرائط"
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): ضلع جلگاؤں کی تحصیل بیاول کے کن گاؤں قصبہ میں پیش آئے سنگ باری کے واقعے کے دوران پولیس اہلکاروں پر حملہ کرکے انہیں شدید طور پر زخمی کرنے کے الزام میں بیاول پولیس اسٹیشن میں درج مقدمہ نمبر 390/2026 کے تحت گرفتار کیے گئے 15 ملزمین کو بھساول سیشن کورٹ نے مشروط ضمانت منظور کرلی ہے۔ واقعے کے تقریباً 15 دن کے اندر ملزمین کو ضمانت ملنا اس معاملے میں ایک اہم عدالتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، 25 اکتوبر کو پیش آئے مذکورہ واقعے کے سلسلے میں بھارتیہ نیائے سنہتا (BNS) کی مختلف دفعات اور انسدادِ نقصانِ املاکِ عامہ قانون 1984 کی دفعہ 3 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ ایف آئی آر میں مجموعی طور پر 59 افراد کے نام درج تھے، جن میں سے 16 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ان میں سے ایک نابالغ ملزم کو اطفال عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد باقی 15 ملزمین کی ضمانت کی درخواست پر بھساول سیشن کورٹ نے سماعت کرتے ہوئے انہیں مشروط ضمانت منظور کی۔ 31 اکتوبر کو ملزمین کو عدالتی تحویل میں بھیجے جانے کے بعد ایکتا سنگٹھن کی جانب سے ایڈوکیٹ خلیل شیخ (فیض پور)، ایڈوکیٹ موحد شیخ (بیاول) اور ایڈوکیٹ احتشام ملک (بھساول) نے ضمانت کی درخواست دائر کی اور عدالت میں ملزمین کی جانب سے مؤثر قانونی پیروی کی۔ اس قانونی کارروائی میں ایڈوکیٹ منصور شیخ، ایڈوکیٹ عزیر ملک اور ایڈوکیٹ اسلم خان نے بھی تعاون کیا۔ عدالت نے ملزمین کو بعض شرائط کے ساتھ ضمانت منظور کی ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق، ہر تین ملزمین کو چارج شیٹ داخل ہونے تک ہفتے میں ایک مرتبہ بیاول پولیس اسٹیشن میں حاضر ہوکر اپنی حاضری درج کرانی ہوگی۔ اس کے علاوہ کن گاؤں علاقے کے کسی بھی گواہ پر براہِ راست یا بالواسطہ کسی قسم کا دباؤ نہ ڈالنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔ اس پورے معاملے میں ایکتا سنگٹھن کے کوآرڈینیٹر فاروق شیخ کی قیادت میں حافظ عبدالرحیم پٹیل، انیس شاہ، متین پٹیل، عارف دیشمکھ، انور صیقلگر اور نجم الدین شیخ سمیت دیگر کارکنان نے پیر سے ہفتہ تک مسلسل بھساول عدالت میں موجود رہ کر قانونی کارروائی کی پیش رفت پر نظر رکھی اور پیروی کا سلسلہ جاری رکھا۔ اس دوران بھساول کے صابر شیخ اور سلیم چوڑی والا نے بھی بھرپور تعاون پیش کیا۔ 15 ملزمین کو ضمانت ملنے کے بعد ایکتا سنگٹھن کی جانب سے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا گیا۔ ساتھ ہی اس قانونی جدو جہد میں تعاون کرنے والے تمام وکلا، تنظیم کے عہدیداران اور کارکنان کے تئیں اظہارِ تشکر کیا گیا۔
Comments
Post a Comment