کوہیر میں 13 نومبر کو جلسۂ تقسیمِ انعامات - مسابقۂ ختمِ نبوت کے کامیاب طلبہ میں نقد انعامات کی تقسیم، علماء کے اہم خطابات
کوہیردکن 11/نومبر( نمائندہ۔جی۔یم) مجلس تحفظ ختم نبوت کوہیر، تعلقہ ظہیرآباد کے زیرِ اہتمام 13 نومبر بروز جمعہ مسجد وحید النساء، نزد ریلوے گیٹ، کوہیر میں مسابقۂ تحریری امتحان تحفظ ختم نبوت کے کامیاب طلبہ و طالبات کے اعزاز میں جلسۂ تقسیمِ انعامات و اسناد منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت حضرت مولانا ارشد علی قاسمی صاحب دامت برکاتہم، سکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و آندھرا پردیش فرمائیں گے۔ اپنے صدارتی خطاب میں وہ عقیدۂ ختم نبوت کی اہمیت، اس کے تحفظ کی دینی ذمہ داری اور موجودہ دور کے باطل فتنوں کے حوالے سے تفصیلی گفتگو فرمائیں گے۔ مہمانِ مقررین حضرت مولانا عتیق احمد قاسمی صاحب اور حضرت مولانا مفتی عبدالصبور قاسمی صاحب، صدر مجلس تحفظ ختم نبوت ظہیرآباد، بھی عقیدۂ ختم نبوت اور بنیادی اسلامی عقائد کے موضوع پر اہم بیانات فرمائیں گے۔واضح رہے کہ 25 اکتوبر کو مجلس تحفظ ختم نبوت تلنگانہ و آندھرا پردیش کے زیرِ اہتمام ریاستی سطح پر تحریری مسابقے کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں ریاست کے مختلف مقامات پر امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔ مجلس تحفظ ختم نبوت ظہیرآباد کے زیرِ نگرانی ظہیرآباد، کوہیر اور سداشیوپیٹ میں تین مراکز قائم ہوئے، جن میں کوہیر مرکز پر 370 سے زائد طلبہ و طالبات نے امتحان میں شرکت کی۔ اب اسی مسابقے کے کامیاب امیدواروں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامی اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔
مسابقے میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو بالترتیب 10 ہزار، 7 ہزار اور 5 ہزار روپے کے نقد انعامات پیش کیے جائیں گے، جبکہ کامیاب امیدواروں میں اسناد بھی تقسیم کی جائیں گی۔ اجلاس کی نگرانی حضرت مولانا مفتی عبدالباسط صاحب مظاہری، ذمہ دار مجلس تحفظ ختم نبوت کوہیر فرمائیں گے۔ تلاوتِ کلام پاک حافظ و قاری محبوب علی صاحب، امام و خطیب جامع مسجد کوہیر پیش کریں گے، نعتِ رسول مقبول ﷺ حضرت مولانا مفتی عتیق احمد صاحب پڑھیں گے، کلماتِ تشکر مفتی مذکر صاحب رحمانی ادا کریں گے، جبکہ انعامات و اسناد کی تقسیم کے موقع پر کارروائی مولانا مفتی سلمان آفاق صاحب چلائیں گے۔
منتظمین نے کوہیر منڈل کے تمام دیہات، شہر کوہیر اور اطراف و اکناف کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم دینی و اصلاحی اجلاس میں شرکت کرکے علماء کے خطابات سے استفادہ کریں اور اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی فرمائیں۔ خواتین کے لیے پردے کے ساتھ خصوصی انتظام اور شرکاء کے لیے طعام کا نظم بھی رہے گا۔اجلاس 13 نومبر بروز جمعہ بعد نمازِ عصر شروع ہوگا اور رات ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہے گا۔ مجلس کے ذمہ داران نے علماء، ائمہ، حفاظ، اسکولوں و مدارس کے ذمہ داران، سرپرستوں اور تمام اہلِ علاقہ سے بروقت شرکت کی گزارش کی ہے۔۔۔
Comments
Post a Comment