ریاض کی فعال ادبی تنظیم عالمی اردو محور کے زیر اہتمام مہمان شاعر ہدایت اللہ شمسی کےاعزاز میں شعری نشست۔
ریاض (پریس نوٹ) : ریاض کی فعال ادبی تنظیم "عالمی اردو محور" کے زیرِ اہتمام ہندوستان سے تشریف لائے معروف شاعر ہدایت اللہ شمسی کے اعزاز میں بروز جمعہ بزم کے صدر افتخار راغب کے دولت کدے پر ایک پروقار شعری نشست کا اہتمام کیا گیا۔ منصور قاسمی کی جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق اس نشست کی صدارت کہنہ مشق شاعر طاہر بلال نے کی، جب کہ انجینئر سید غفران احمد مہمانِ خصوصی اور ہدایت اللہ شمسی مہمانِ اعزازی کے طور پر شریک ہوئے۔ نظامت کے فرائض سراج عالم زخمی نے احسن طریقے سے انجام دیے۔ محفل کا آغاز عبدالرحمن راشد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ عالمی اردو محور کے صدر افتخار راغب نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہا باذوق سامعین اور اہل سخن کا ہم بھرپور استقبال کرتے ہیں۔ عنقریب جشن سہیل اقبال کے نام سے ایک بڑا مشاعرہ کریں گے ۔چھوٹی نشسستوں میں اصل شاعری سننے کو ملتی ہے اور تازگی حاصل ہوتی ہے ۔
مہمانِ اعزازی ہدایت اللہ شمسی کا تفصیلی تعارف سراج عالم نے زخمی نے پیش کیا، جس کے بعد ان کی شال پوشی کی گئی۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مہمانِ اعزازی ہدایت اللہ شمسی نے کہا چند دنوں کے لیے سعودی عرب آیا تھا، لیکن کئی ادبی نشستیں ہو گئیں، ان نشستوں سے لوگ لطف اندوز ہوتے ہیں، اس سے ادب اور شاعری کو فائدہ ہوگا۔ ریاض میں عالمی اردو محور جیسی فعال تنظیم کی ضرورت تھی جس کو افتخار راغب اور ان کی ٹیم نے پوری کردی -
مہمانِ خصوصی انجینئر سید غفران احمد نے کہا آج کی محفل بہت عمدہ اور اثر دار رہی، ایک ایک شعر لائق داد تھا، بڑی محفلیں بھی سجتیں مگر موجودہ حالات کی وجہ سے نہیں ہو پارہی ہیں ۔صدر محفل طاہر بلال نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا خوبصورت اور یادگار محفل رہی ، اچھے شعراء شامل رہے اور شاندار کلام پیش کیے گئے۔
صدرِ محفل طاہر بلال اور مہمان اعزازی ہدایت اللہ شمسی کے علاوہ جن شعرائے کرام نے محفلِ شعر میں موجود باذوق سماعتوں کو اپنے کلام سے محظوظ فرمایا ان میں افتخار راغب، سلیم کاوش، حسان عارفی، سراج عالم زخمی، منصور قاسمی، ضیا عرشی علیگ، اول عبد الاول، سعید اختر اعظمی، راشد عمری، دانش ممتاز کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ نمایاں شرکائے میں اردو ٹوسٹ ماسٹر ریاض کے روحِ رواں محمد مبین، ہندوستانی بزم اردو کے صدر محمد سیف الدین، اپووا کے صدر عبد الاحد چودھری، شاہد عظیم، احسان الحق، فاروق الدین، منیر الدین، سمیع اللہ سید فرحان، صباح الرحمان، محمد زبید اور محمد مزمل کے اسمائے گرامی شامل تھے۔ داعی محفل افتخار راغب کے ہدیہ تشکر پر محفل کا اختتام عمل میں آیا۔
Comments
Post a Comment