بگدل ضلع پنچایت حلقہ سے محمد جمیل الدین اے آئی ایم آئی ایم کے ٹکٹ کے خواہشمند - اسد الدین اویسی سے ٹکٹ عنایت کرتے ہوئے عوامی خدمت کا موقع دینے کی اپیل
بیدر، 17 اکتوبر (نامہ نگار) کرناٹک میں ضلع پنچایت اور تعلقہ پنچایت انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آنے لگی ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں سے انتخاب لڑنے کے خواہشمند امیدوار اپنی اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں بگدل ضلع پنچایت حلقہ سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے نوجوان رہنما جناب محمد جمیل الدین نے پارٹی ٹکٹ پر انتخاب لڑنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
محمد جمیل الدین گزشتہ تقریباً 12 سال سے مجلس اتحاد المسلمین سے وابستہ ہیں اور پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں میں حصہ لیتے آرہے ہیں۔ موصوف نے مجلس کے قومی صدر، نقیبِ ملت جناب بیرسٹر اسد الدین اویسی، رکن پارلیمان حیدرآباد سے اپیل کی ہے کہ انہیں بگدل ضلع پنچایت حلقہ سے پارٹی کا ٹکٹ عنایت کرتے ہوئے عوامی خدمت کا موقع فراہم کیا جائے۔
محمد جمیل الدین کا کہنا ہے کہ وہ طویل عرصے سے پارٹی کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے تنظیمی کاموں میں اپنا حصہ ادا کرتے آرہے ہیں۔ اگر پارٹی قیادت ان پر اعتماد کرتے ہوئے انتخابی میدان میں اترنے کا موقع فراہم کرتی ہے تو وہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرنے، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور حلقہ کی ترقی کے لیے اپنی بھرپور کوششیں کریں گے۔
ان کے حامیوں کا بھی کہنا ہے کہ پارٹی سے طویل وابستگی رکھنے والے نوجوان کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے اور انہیں عوامی نمائندگی کا موقع دیا جانا چاہیے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ مجلس اتحاد المسلمین کی قیادت بگدل ضلع پنچایت حلقہ کے لیے کس امیدوار کو ٹکٹ دیتی ہے۔
Comments
Post a Comment