آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام بسواکلیان میں آج ایک روزہ تربیتی ورکشاپ
بیدر، 25 اکتوبر (نامہ نگارمحمد عبدالصمد):جناب محمد امام الدین کی اطلاع کے مطابق آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرز ایسوسی ایشن (AIITA) بسواکلیان یونٹ کے زیرِ اہتمام 26 اکتوبر بروز پیر صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بھوسگے فنکشن ہال، بسواکلیان میں ایک روزہ تعلیمی و تربیتی ورکشاپ منعقد ہوگی۔ ورکشاپ کا مرکزی عنوان ”اساتذہ برائے تبدیلی: تعلیم کو تحریک دینا اور تبدیلی لانا“ ہے، جبکہ اس کا شعار ”بہتر استاد، روشن مستقبل“ رکھا گیا ہے۔
اس ورکشاپ میں مختلف تعلیمی موضوعات پر ماہرین خطاب کریں گے۔ خالد پرواز، رکن ایس اے سی، گلبرگہ، نئی نسل کے طلبہ کی تدریس کے فن اور سائنس پر روشنی ڈالیں گے۔ الطاف امجد، رکن ایس اے سی، بسواکلیان، آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرز ایسوسی ایشن کا تعارف پیش کریں گے۔ بلقیس فاطمہ، ریاستی خواتین کوآرڈینیٹر، AIITA کرناٹک، تدریس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خطاب کریں گی۔
ڈاکٹر جیلانی احمد، سینئر سافٹ ویئر انجینئر، مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تعلیم کے موضوع پر معلومات فراہم کریں گے، جبکہ سید فرقان پاشا، نائب صدر AIITA کرناٹک، ایک بہترین استاد بننے کے طریقوں پر اظہارِ خیال کریں گے۔ جماعت اسلامی ہند بسواکلیان کے صدر حافظ اسلم صاحب بھی خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔
اس ورکشاپ کا مقصد اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو نکھارنا، جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت فراہم کرنا اور بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں کے مطابق تدریسی معیار کو بہتر بنانا ہے۔ منتظمین نے تمام متعلقہ اساتذہ اور احباب سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت پر شرکت کرکے اس تربیتی پروگرام سے استفادہ کریں۔
Comments
Post a Comment