اردو اسکولوں، اسکالرشپ اور اردو اکیڈمی کے مسائل پر ثناء ملک سے فرید احمد خان کی اہم ملاقات - اردو بھون، کتب خانہ اور اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کے قیام کا مطالبہ


ممبئی، 3 اکتوبر: (راست) انوشکتی نگر اسمبلی حلقہ کی رکن اسمبلی محترمہ ثناء ملک سے اردو کارواں ممبئی کے صدر فرید احمد خان اور ایم۔ اے۔ قمر ناز نے انوشکتی نگر واقع ان کے دفتر میں ملاقات کرکے اقلیتی برادری، اردو اسکولوں، طلبہ اور اردو زبان و ادب سے متعلق مختلف اہم مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں اردو اسکولوں کی صورتحال، اسکالرشپ، اردو اکیڈمی، روزگار، ہنرمندی کی ترقی، اوقاف کی املاک اور اقلیتی بہبود کے مختلف امور زیرِ بحث آئے۔

فرید احمد خان نے ممبئی میونسپل کارپوریشن (BMC) کے اردو اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، بنیادی سہولیات کے فقدان اور انتظامی دشواریوں کی جانب ثناء ملک کی توجہ مبذول کراتے ہوئے خالی اسامیوں کو فوری طور پر پُر کرنے اور اردو میڈیم طلبہ کو ضروری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

ایم۔ اے۔ قمر ناز نے اقلیتی طلبہ کے لیے پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ جلد شروع کرنے کے ساتھ مولانا آزاد اسکالرشپ اور مولانا آزاد اقلیتی مالیاتی ترقیاتی کارپوریشن کی تعلیمی و کاروباری قرضہ اسکیموں میں طلبہ اور مستحق افراد کو درپیش تکنیکی، دستاویزی اور فنڈ کی تاخیر سے متعلق مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر فرید احمد خان نے اردو کارواں کی جانب سے ایک تحریری عرضداشت بھی پیش کی، جس میں کرلا اور انوشکتی نگر کے علاقے میں اردو کتب خانہ، اردو بھون اور اقلیتی نوجوانوں کے لیے اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر قائم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور اردو زبان و ادب کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات میں اوقاف کی املاک کے تحفظ، اقلیتی ترقی کے لیے مناسب بجٹ، سرکاری اسکیموں پر مؤثر عمل درآمد اور مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی کی جلد تشکیل کے مسئلے پر بھی گفتگو ہوئی۔

رکن اسمبلی ثناء ملک نے وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل کو سنجیدگی سے سنا اور یقین دلایا کہ وہ متعلقہ محکموں اور حکومت کی سطح پر ان مسائل کو اٹھائیں گی۔ انہوں نے بالخصوص اردو اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، اسکالرشپ، اردو اکیڈمی اور مولانا آزاد کارپوریشن کی قرضہ اسکیموں کے سلسلے میں متعلقہ افسران سے بات چیت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر 29 ستمبر کو محکمہ اقلیتی ترقیات کی سیکریٹری ڈاکٹر مادھوی کھوڑے چورے کو پیش کی گئی عرضداشت کی ایک کاپی بھی ثناء ملک کو دی گئی، جس میں مہاراشٹر میں اردو اکیڈمی اور اردو گھروں سمیت اردو سے متعلق مختلف مسائل اور ان کے ممکنہ حل کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر فرید احمد خان اور ایم۔ اے۔ قمر ناز نے ثناء ملک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انوشکتی نگر اسمبلی حلقے میں اقلیتی برادری، اردو اسکولوں اور اردو زبان و ادب سے متعلق مسائل کے حل کے لیے جلد ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔