گرو نانک پبلک اسکول میں آگ سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر سے متعلق بیداری پروگرام.
بیدر 6/اکتوبر (نامہ نگارمحمدعبدالصمد): شہر کے نہرو اسٹیڈیم کے قریب واقع گرو نانک پبلک اسکول میں ضلعی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام طلباء اور اسکول عملہ کے لیے آگ سے بچاؤ اور ہنگامی حفاظتی تدابیر سے متعلق بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر فائر فائٹنگ ٹیم کے عملہ نے طلباء اور اسکول عملہ کو آگ لگنے کے واقعات کے دوران اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر، آگ پر قابو پانے کے طریقوں اور ہنگامی حالات میں حفاظتی اقدامات سے واقف کرایا۔ فائر فائٹنگ آلات کے استعمال، ہنگامی خدمات سے رابطہ کرنے اور محفوظ طریقے سے عمارت سے انخلا کے طریقوں کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا۔ فائر آفیسر پروین نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کی صورت میں گھبرانے کے بجائے پرسکون رہیں اور لفٹ کا استعمال نہ کریں۔ محفوظ راستوں اور اسکول کے ہنگامی اخراج کے دروازوں کے ذریعے بحفاظت باہر نکلنے کی کوشش کی جائے۔ اسکول کی پرنسپل نلنی ڈی۔ ایف۔ نے کہا کہ اس طرح کے بیداری پروگرام طلباء میں حفاظتی شعور پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات میں بروقت اور مناسب ردعمل ظاہر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اس موقع پر فائر ڈپارٹمنٹ کے افسران پروین، چاند میاں، ابراہیم، مقیم اور وجے کمار کے علاوہ اسکول کی پرنسپل نلنی ڈی۔ ایف۔ اور دیگر عملہ موجود تھا۔
Comments
Post a Comment