بی۔ ایم۔ جین اردو پرائمری اسکول میں شہید اشفاق اللہ خان کا یومِ پیدائش منایا گیا - "طلبہ کی تقاریر اور اشفاق اللہ خان کے کردار کی جاندار پیش کش نے پروگرام کو بنایا یادگار
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): اقراء ایجوکیشن سوسائٹی کے زیرِ اہتمام بی۔ ایم۔ جین اردو پرائمری اسکول، میں عظیم مجاہدِ آزادی شہید اشفاق اللہ خان کے یومِ پیدائش کے موقع پر خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد طلبہ میں حب الوطنی، ایثار اور آزادیِ وطن کے لیے قربانی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ پروگرام کا آغاز جماعت چہارم (الف) کے طالب علم محمد ریان شیخ وسیم کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ جماعت اول تا چہارم کے طلبہ و طالبات نے تقاریر کے ذریعے شہید اشفاق اللہ خان کی حیات، جدو جہدِ آزادی اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی خاص بات طالب علم حنظلہ خان افضل خان نے شہید اشفاق اللہ خان کے کردار کو مؤثر انداز میں پیش کیا، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔ صدر مدرس اسلم خان نے اپنے صدارتی خطاب میں شہید اشفاق اللہ خان کی زندگی کو نئی نسل کے لیے حب الوطنی، جرأت اور قربانی کی روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ کو کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور موبائل کے غیر ضروری استعمال سے دور رہ کر اپنی صلاحیتیں نکھارنے کی ترغیب بھی دی۔ ثقافتی سرگرمیوں کی انچارج حفیظ النساء مس، جمیلہ مس اور ثمیرہ مس نے پروگرام کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ اسماء مس نے نظامت کے فرائض انجام دیے، ثمیرہ مس نے رسمِ تشکر ادا کی۔ پروگرام کے اختتام پر طلبہ کو میڈلز سے نوازا گیا۔ کامیابی میں تمام تدریسی و غیر تدریسی عملے نے تعاون کیا ۔
Comments
Post a Comment