ضلعی سطح کے کیرم مقابلوں میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی شاندار کامیابی


 بھیونڈی : (عبدالعزیز انصاری) طلبہ کی کھیلوں میں صلاحیتوں کو فروغ دینے اور ان میں مسابقتی جذبے کو پروان چڑھانے کے مقصد سے بھیونڈی نظام پور شہر مہانگر پالیکا اور تھانے ضلع کھیل کود ڈپارٹمنٹ کے مشترکہ اشتراک سے 28 اور 29 اکتوبر 2026 کو گاجنگی ہال، بھیونڈی میں انٹر اسکول اینڈ کالجیٹ کیرم مقابلہ 2026 کا انعقاد عمل میں آیا۔ ان مقابلوں میں بھیونڈی تعلقہ کے 48 اسکولوں کے مجموعی طور پر 588 طلبہ نے حصہ لیا۔ مقابلے 14، 17 اور 19 سال سے کم عمر کے بوائز اور گرلز زمروں میں منعقد کیے گئے۔ ضلعی سطح کے ان مقابلوں میں کے ایم ای سوسائٹی کے رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، بھیونڈی کے طلبہ نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ادارے کا نام روشن کیا۔ اسکول کے کھلاڑیوں نے مختلف زمروں میں اپنی مہارت، محنت اور کھیل کے بہترین مظاہرے کے ذریعے مجموعی طور پر 13 طلائی، 31 نقرئی اور 17 کانسے کے تمغے حاصل کیے۔ اس نمایاں کامیابی کے ساتھ اسکول کے کھلاڑیوں نے ڈویژنل سطح کے مقابلوں میں بھی اپنی جگہ یقینی بنالی۔
طلبہ کی اس کامیابی کے پیچھے رہنما اساتذہ ذاکر انصاری، مصیب مومن اور اقراء شیخ کی محنت، تربیت اور رہنمائی کا اہم کردار رہا۔ ان اساتذہ نے طلبہ کو مقابلوں کے لیے تیار کرنے میں بھرپور تعاون کیا، جس کے نتیجے میں کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
طلبہ کی اس شاندار کامیابی پر کے ایم ای سوسائٹی کے صدر الماس فقیہ، سکریٹری دانیال قاضی، خازن فہد بوبیرے، اسپورٹس کمیٹی کے چیئرمین دانش مدعو، رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے چیئرمین انجینئر یاسر تاتلی، پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری، وائس پرنسپل عامر صدیقی، اسسٹنٹ ہیڈ ماسٹر مخلص مدعو، سپروائزرس اسرار پٹھان، سبطین کشیلکر اور مزدان ملا، نیز وائی سی ایم او یو اسٹڈی سینٹر کے کوآرڈینیٹر عبدالعزیز انصاری اور جملہ اسٹاف نے کامیاب طلبہ اور ان کے رہنما اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے طلبہ کی اس کامیابی کو ادارے کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ کھلاڑی آئندہ ڈویژنل مقابلوں میں بھی اپنی بہترین کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔