حراء فاؤنڈیشن اسکول میں دستورِ ہند اور پوکسو قانون سے متعلق بیداری پروگرام
ظہیرآباد 29 / اکتوبر( نمائندہ) حراء فاؤنڈیشن اسکول ظہیرآباد میں دستورِ ہند، ملکی قوانین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق پوکسو (POCSO) قانون کے بارے میں طلبہ و طالبات میں شعور بیدار کرنے کے مقصد سے ایک اہم پروگرام منعقد کیا گیا۔
پروگرام کی نظامت مفتی عبدالصبور قاسمی نے انجام دی۔ اس موقع پر انہوں نے دستورِ ہند کی اہمیت، آئین کے بنیادی اصولوں، شہریوں کے حقوق و فرائض اور قانونی نظام کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کے لیے ملک کے دستور اور قوانین سے واقفیت ضروری ہے، تاکہ وہ اپنے حقوق کو سمجھنے کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں کو بھی بخوبی ادا کرسکے۔
پروگرام میں ظہیرآباد کے پرنسپل جونیئر سول جج محمد خلیل احمد اور ایڈیشنل جونیئر سول جج محترمہ ڈی بلیسی نے شرکت کی۔ اس موقع پر عدالت سے وابستہ وکلاء نے بھی طلبہ و طالبات کی رہنمائی کی اور قانونی شعور کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
وکلاء میں سید احمد، ذبیر اسماعیل، بی گوپال، اے سندیپ کمار، سید شکیل، اسماعیل، پٹنم ابراہیم، رادھا کرشنا، محمد مزمل، سید ریحان، سید سہیل اور دیگر شامل تھے۔
وکلاء نے اپنے خطاب میں بچوں کے حقوق، ان کے تحفظ، قانونی احتیاطی تدابیر اور پوکسو قانون کے اہم پہلوؤں سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کو کسی بھی قسم کے استحصال سے محفوظ رکھنا سماج کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ طلبہ و طالبات کو اپنے حقوق سے واقف رہنے، نامناسب حالات میں خاموش نہ رہنے اور ضرورت پڑنے پر والدین، اساتذہ یا متعلقہ قانونی اداروں سے رجوع کرنے کی ترغیب دی گئی۔
اس موقع پر اسکول کے کرسپانڈنٹ الحاج محمد عبدالسمیع صاحب نے تشریف لائے ہوئے معزز مہمانوں کی شال پوشی کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا اور پروگرام میں شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔
یہ پروگرام طلبہ و طالبات میں دستورِ ہند، قانونی حقوق، بچوں کے تحفظ اور قانون کی پاسداری کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔ اس طرح کے پروگرام نئی نسل کو باشعور، ذمہ دار اور قانون کا احترام کرنے والا شہری بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔۔۔۔
Comments
Post a Comment