پدم بھوشن ڈاکٹر سریش ایڈوانی کے دستِ مبارک سے چھاتی کے کینسر کی بیداری پر مبنی انگریزی، مراٹھی اور اردو کتاب کا پروقار رسمِ اجراء
شریوردھن ضلع رایگڈھ سے اظہر ظہیرالدین کردمے کی رپورٹ: 'نیو ہورائزنز ہیلتھ اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن' اور 'دوہیتا فاؤنڈیشن' کے زیرِ اہتمام یشونت راؤ چوہان سینٹر، نریمن پوائنٹ، ممبئی میں چھاتی کے کینسر (Breast Cancer) سے متعلق بیداری اور اہم معلومات پر مبنی کتاب "Breast Cancer: Your Questions, Our Answers" کا باوقار رسمِ اجراء ملک کے ممتاز آنکولوجسٹ پدم بھوشن ڈاکٹر سریش ایڈوانی (سابق چیف آف میڈیکل آنکولوجی، ٹاٹا میموریل ہسپتال) کے مقدس ہاتھوں سے کامیابی کے ساتھ عمل میں آیا۔ عوامی افادیت کے پیشِ نظر یہ کتاب تین زبانوں یعنی انگریزی، مراٹھی اور اردو میں شائع کی گئی ہے۔ اس کتاب کی اشاعت ڈاکٹر وسیم پھوپلنکر اور شکور تیسیکر کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
اس پروقار تقریب میں ڈاکٹر وسیم پھوپلنکر کے محترم استاد پدم بھوشن ڈاکٹر سریش ایڈوانی نے پیر پر پلاسٹر ہونے کے باوجود اپنے طالب علم کی دعوت پر وہیل چیئر پر سوار ہو کر شرکت کی۔ تقریب کا سب سے رقت آمیز اور قابلِ دید منظر وہ تھا جب ڈاکٹر وسیم پھوپلنکر نے خود اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے معزز استاد کی وہیل چیئر کو اٹھا کر اسٹیج پر جلوہ افروز کیا۔ استاد کی عزت، وقار اور ادب کا یہ منظر وہاں موجود ہر شخص کے لیے ایک بے مثال اور جذباتی لمحات کا حامل تھا، جس نے استاد اور شاگرد کے رشتے کی ایک تابندہ مثال قائم کی۔ واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعلیٰ مہاراشٹر پرتھیوی راج چوہان مصروفیات کے باعث اس تقریب میں شریک نہ ہو سکے۔
پروگرام کے اسٹیج پر مہمانِ خصوصی شری گِریش کُبیر (ایڈیٹر روزنامہ لوک ستّا)، مہمانانِ اعزازی شری کمار کیتکر (معروف صحافی و سابق رکن راجیہ سبھا)، کوکن رتن شری بشیر ایم حجوانی، سابق رکنِ پارلیمنٹ جناب حسین دلگوائی، معروف قانون داں ایڈووکیٹ امین سولکر، کوکن بینک کے چیئرمین جناب آصف دادن، ممتاز سماجی خادم جناب ہدایت اللہ جمعدار، جناب نواب منیار اور ڈاکٹر کامران سمیت دیگر معزز شخصیات جلوہ افروز تھیں۔
کتاب کا اجراء فرماتے ہوئے پدم بھوشن ڈاکٹر سریش ایڈوانی نے کینسر کی بڑھتی ہوئی وجوہات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دورِ حاضر میں کینسر جیسے مہلک مرض کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات میں ماحولیاتی آلودگی، غیر متوازن خوراک، ناقص طرزِ زندگی اور کھانے پینے کی اشیاء میں کھلے عام ملاوٹ شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ لوگوں کو اپنی روزمرہ کی زندگی اور صفائی کے نظام پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تاکہ بیماریوں سے وقت سے پہلے بچاؤ ممکن ہو سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کامران نے چھاتی کے کینسر کے طبی پہلوؤں اور خطرات پر اہم نکات پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ طبی تحقیقات کے مطابق جو خواتین غیر شادی شدہ رہتی ہیں یا جن کی شادی ۲۵ سال کی عمر کے بعد ہوتی ہے، ان میں چھاتی کے کینسر کا شکار ہونے کا امکان نسبتاً زیادہ ہوتا ہے۔ انہوں نے خواتین کو بروقت طبی معائنے اور بیداری کی اہمیت پر زور دیا۔
شائع ہونے والی یہ کتاب انگریزی، مراٹھی اور اردو میں چھاتی کے کینسر کی ابتدائی علامتوں، ضروری ٹیسٹس، ہسپتالوں کی معلومات، کینسر کے مختلف مراحل (Stages) اور ان کے جدید طریقہ علاج کی مکمل اور آسان رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ کتاب میں مثبت رپورٹ آنے پر مریضوں کو ہمت نہ ہارنے، مثبت سوچ اور پختہ عزم کے ساتھ بیماری کا مقابلہ کرنے کا درس دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں مالی امداد فراہم کرنے والے چیرٹی ٹرسٹز اور غریبوں کے لیے رعایتی یا مفت علاج کی سہولیات دینے والے ہسپتالوں کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ مریضوں کے دلوں سے خوف دور ہو اور انہیں کامل شفاء کی امید ملے۔ پروگرام کے اختتام پر تمام حاضرین نے ڈاکٹر وسیم پھوپلنکر اور ان کی ٹیم کی اس کاوش کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اظہر ظہیرالدین کردمے
شریوردھن ضلع رایگڈھ
Comments
Post a Comment