جماعت اسلامی ہند بیدر کا مرد و خواتین کے لیے ایک روزہ تربیتی اجتماع، دین کے لیے وقت اور صلاحیتیں صرف کرنے پر زوراظہر اللہ شریف اور محمد آصف الدین کے فکر انگیز خطابات
بیدر، 21 اکتوبر (نامہ نگارمحمد عبد الصمد) جماعت اسلامی ہند بیدر کے زیرِ اہتمام ایم جی فنکشن ہال، جمیلہ پور، بیدر میں وابستگانِ جماعت (مرد و خواتین) کا ایک روزہ تربیتی اجتماع بعنوان ’’فاستبقوا الخیرات‘‘ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجتماع کا آغاز سورۂ مؤمنون کی ابتدائی گیارہ آیات کی اجتماعی تلاوت اور مطالعۂ قرآن سے ہوا۔ پروگرام کی نگرانی جناب محمد معظم، امیرِ مقامی جماعت اسلامی ہند بیدر نے کی۔
وابستگانِ جماعت کا معیارِ مطلوب
جناب اظہر اللہ شریف، رکنِ شوریٰ جماعت اسلامی ہند حلقہ کرناٹک نے اپنے خطاب میں صحیح فہمِ دین، اسلام اور غیر اسلام میں فرق، تنظیم سے علمی، اخلاقی، قلبی اور روحانی وابستگی جیسے اہم امور پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک مکمل دین اور انسانیت کے لیے موزوں ترین نظامِ حیات ہے۔ موجودہ حالات اور مختلف نظام ہائے زندگی کا اسلامی تناظر میں اجتماعی اور منظم انداز سے تجزیہ کرنا ضروری ہے۔
سمع و طاعت کی اہمیت
جناب محمد ضیاء اللہ، ناظمِ علاقہ جماعت اسلامی ہند گلبرگہ زون نے سمع و طاعت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولؐ کی اطاعت غیر مشروط، جبکہ امیر کی اطاعت شرعی حدود کے مطابق ہوتی ہے۔ دنیا کا کوئی بھی ادارہ یا نظام سمع و طاعت کے بغیر مؤثر انداز میں نہیں چل سکتا۔ اسلام نے اجتماعی زندگی اور نظم و ضبط کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
وقت، صلاحیت اور وسائل دین کے لیے وقف کریں
جناب محمد آصف الدین، رکنِ شوریٰ جماعت اسلامی ہند حلقہ کرناٹک نے قرآنی آیت ’’اللہ نے اہلِ ایمان کی جانوں اور مالوں کو جنت کے بدلے خرید لیا ہے‘‘ کی روشنی میں خطاب کیا۔ انہوں نے دعائے قنوت کی معنویت بیان کرتے ہوئے مومنانہ زندگی کے عہد و پیمان پر روشنی ڈالی اور کہا کہ مثبت تبدیلی آرہی ہے اور مستقبل روشن ہے، لہٰذا اپنے وقت، صلاحیتوں اور وسائل کو اللہ کے دین کے لیے صرف کریں۔
گروپ مباحثے اور درسِ حدیث
دوسرے سیشن کا آغاز جناب محمد عبدالجمیل کے تحریکی ترانے سے ہوا۔ اس کے بعد مردوں کے 12 اور خواتین کے 5 گروپس میں جماعت کے میقاتی منصوبوں، یعنی دعوت، اسلامی معاشرہ، خدمتِ خلق اور تزکیہ کے موضوعات پر مباحثے ہوئے۔ گروپس نے اپنی گفتگو کے نتائج اور حاصلِ بحث شرکاء کے سامنے پیش کیے۔ اس موقع پر جناب اقبال غازی، ناظمِ ضلع جماعت اسلامی ہند بیدر نے صدارتی تبصرہ کرتے ہوئے رہنمائی فرمائی۔
محترمہ خدیجہ شیرین نے درسِ حدیث پیش کرتے ہوئے میدانِ حشر میں انسان سے پوچھے جانے والے پانچ اہم سوالات، یعنی عمر، جوانی، علم و عمل، مال کی آمدنی و خرچ اور صحت و تندرستی کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی اور شرکاء کو آخرت کی تیاری کی تلقین کی۔
انتظامات اور شرکت
پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب محمد خضر انتصار نے انجام دیے، جبکہ جناب سید ابراہیم ناظمِ اجتماع تھے۔ جناب محمد عارف الدین اور ڈاکٹر نوید احمد، معاونینِ امیرِ مقامی، نے دیگر رفقاء کے تعاون سے انتظامات بحسن و خوبی انجام دیے۔ اجتماع میں مسز توحیدہ سندھے، ضلعی ذمہ دار، محترمہ اسماء سلطانہ، ناظمہ خواتین بیدر، ڈاکٹر بشریٰ احمد، آئیٹا، فاطمہ، خورشید احمد،اعظم پاشاہ اور دیگر ذمہ داران و وابستگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجتماع کے اختتام پر مرحوم شیخ احمد صاحب، سابق صدر مسجد سوداگران، تلاوڑی کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ اس طرح یہ ایک روزہ تربیتی اجتماع کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔اس بات کی اطلاع
فراہمیٔ اطلاعات جناب محمد صلاح الدین، اسسٹنٹ میڈیا انچارج، جماعت اسلامی ہند بیدرنے دی ہے۔
Comments
Post a Comment