بچوں کی تعلیم پر خرچ کریں، شادی بیاہ کی غیر ضروری رسومات پر نہیں: مفتی محمد ہارون ندوی - "پاچورا میں مسلم کھاٹک سماج کا تعلیمی اعزازی پروگرام؛ نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی."
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): بچوں کے روشن مستقبل کے لیے تعلیم کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ والدین منگنیوں اور شادی بیاہ کی غیر ضروری رسومات پر بے جا اخراجات کرنے کے بجائے اپنے بچوں کی معیاری تعلیم پر خرچ کریں۔ یہ پیغام مسلم کھاٹک سماج کے قومی صدر مفتی محمد ہارون ندوی نے پاچورا میں منعقدہ تعلیمی و اصلاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے موصوف نے کہا کہ قرآن مجید کی پہلی وحی میں پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ اسلام نے حصولِ علم کو بنیادی اہمیت دی ہے۔ اس کے باوجود بعض طبقات میں تعلیم کے مقابلے میں غیر ضروری رسومات پر زیادہ خرچ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ہلدی کی تقریبات، جلوس، استقبالیہ اور دیگر رسوم پر فضول خرچی سے بچنے اور بچوں کی تعلیم و تربیت کو ترجیح دینے کی اپیل کی۔
پروگرام میں پاچورا کے رکنِ اسمبلی کشور اپّا پاٹل مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوئے انہوں نے بھی تعلیمی رہنمائی کی۔ اس موقع پر دسویں، بارہویں جماعت اور نیٹ (NEET) میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے علاوہ ڈاکٹر، وکیل اور انجینئر بن کر سماج کا نام روشن کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ کامیاب طلبہ کو میڈلز، ٹرافیاں اور اسناد پیش کی گئیں۔ مقررین نے مسلم کھاٹک سماج کی جانب سے مختلف شہروں اور تعلقہ جات میں منعقد کیے جانے والے تعلیمی پروگراموں کو نئی نسل کی ترقی کے لیے اہم قدم قرار دیا۔ تقریب میں مقامی عوامی نمائندوں، سماجی کارکنوں اور جلگاؤں ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سماج کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ مہمانان نے تعلیمی بیداری کی اس مہم کو آئندہ بھی جاری رکھنے کی اپیل کی۔
Comments
Post a Comment