فیصلہ سازی کی صلاحیت کیسے بہتر بنائیں؟ - تحریر : ڈاکٹر نکہت انجم ناظم الدین
فیصلہ سازی کی صلاحیت کیسے بہتر بنائیں؟ -
تحریر : ڈاکٹر نکہت انجم ناظم الدین
انسانی زندگی بے شمار امکانات، ترجیحات اور فیصلوں سے عبارت ہے۔ زندگی کے ہر موڑ پر ہمیں مختلف حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جہاں کسی نہ کسی راستے کا انتخاب ناگزیر ہو جاتا ہے۔ بعض فیصلے معمولی نوعیت کے ہوتے ہیں جب کہ بعض ہماری زندگی کا رخ متعین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ فیصلہ سازی کو شخصیت سازی، فکری پختگی اور عملی کامیابی کی بنیادی خصوصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ہماری سوچ، ترجیحات، تجربات اور بصیرت کا عکس ہمارے فیصلوں میں نمایاں ہوتا ہے۔ ایک اچھا فیصلہ نہ صرف ہماری زندگی کو بہتر سمت عطا کرسکتا ہے بلکہ ہمیں اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے اور اپنی منزل تک پہنچنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ ہم جانتے ہی ہیں کہ زندگی میں کامیابی صرف علم حاصل کرنے، محنت کرنے یا صلاحیتوں سے آراستہ ہونے کا نام نہیں بلکہ ان صلاحیتوں کو درست سمت میں استعمال کرنے کا نام بھی ہے۔ ایک خاتون کتنی ہی ذہین، باصلاحیت اور محنتی کیوں نہ ہو اگر وہ بروقت اور مناسب فیصلہ کرنے میں دشواری محسوس کرتی ہے تو اس کی صلاحیتیں پوری طرح بروئے کار نہیں آ سکتیں۔ اس کے برعکس جو خاتون حالات کا حقیقت پسندانہ جائزہ لینے، امکانات کو پرکھنے اور مناسب وقت پر فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، وہ محدود وسائل کے باوجود اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں پیدا کر سکتی ہے۔ اس لیے فیصلہ سازی کی صلاحیت کو بہتر بنانا ہر خاتون کی شخصیت کی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔
بہتر فیصلے کرنے کے لیے سب سے پہلے خود شناسی ضروری ہے۔ جب تک آپ اپنی صلاحیتوں، کمزوریوں، دلچسپیوں اور ترجیحات سے واقف نہیں ہوں گی، اس وقت تک اپنی زندگی کے لیے موزوں راستے کا انتخاب کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ اکثر خواتین دوسروں کی توقعات، معاشرتی دباؤ یا لوگوں کی ناراضی کے خوف سے ایسے فیصلے کر لیتی ہیں جو ان کی حقیقی ضروریات اور خواہشات سے مطابقت نہیں رکھتے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ اپنی ذات کو سمجھیں، اپنی صلاحیتوں پر غور کریں اور یہ طے کریں کہ زندگی میں آپ کے لیے کیا اہمیت رکھتا ہے۔ دوسروں کی رائے کا احترام ضرور کریں لیکن اپنی زندگی کے اہم معاملات میں اپنی ضروریات اور مستقبل کو بھی نظرانداز نہ کیجیے۔کسی بھی اہم فیصلے سے پہلے متعلقہ معلومات حاصل کرنا اور مختلف امکانات کا جائزہ لینا بے حد ضروری ہے۔ محض سنی سنائی باتوں، مفروضوں یا وقتی جذبات کی بنیاد پر کیا گیا فیصلہ بعض اوقات مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے کسی تعلیمی شعبے کے انتخاب، ملازمت، مالی معاملات یا خاندانی زندگی سے متعلق فیصلہ کرتے وقت تمام پہلوؤں پر غور کیجیے۔ ہر راستے کے فوائد اور نقصانات کو سمجھنے کی کوشش کیجیے اور یہ بھی دیکھیے کہ آپ کا انتخاب مستقبل میں کیا اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر فیصلہ فوری فائدہ پہنچائے بعض اوقات وہ انتخاب جو ابتدا میں مشکل محسوس ہوتا ہے، مستقبل میں ترقی اور کامیابی کا ذریعہ بن جاتا ہے۔فیصلہ سازی میں جذبات کا کردار بھی اہم ہے لیکن جذبات کو عقل پر اس حد تک غالب نہیں ہونےدینا ہے کہ ہم حقیقت کو نظرانداز کرنے لگیں۔ غصے کی حالت میں کیا گیا فیصلہ رشتوں میں تلخی پیدا کر سکتا ہے، خوف کے باعث کوئی اچھا موقع ہاتھ سے نکل سکتا ہے اور حد سے زیادہ خوشی میں انسان ممکنہ مشکلات کو نظرانداز کر سکتا ہے۔ اسی طرح دوسروں کی ناراضی کے خوف سے کیا گیا فیصلہ بعض اوقات ہمیں اپنی ضروریات سے دور کر دیتا ہے۔ اس لیے جب آپ کسی اہم معاملے میں ذہنی دباؤ، غصے یا اضطراب کا شکار ہوں تو جہاں ممکن ہو، فوری فیصلہ کرنے کے بجائے کچھ وقت لیجیے۔ اپنے جذبات کو سمجھنے اور صورتِ حال کا سکون سے جائزہ لینے کے بعد قدم اٹھائیے۔ یاد رکھیے، بہترین فیصلہ وہ ہوتا ہے جس میں جذبات کی قدر بھی ہو اور عقل و دور اندیشی کی رہنمائی بھی شامل ہو۔زندگی میں مشورے کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ تجربہ کار، صاحبِ علم اور قابلِ اعتماد افراد کی رائے ہمیں ایسے پہلوؤں سے آگاہ کر سکتی ہے جن پر شاید ہم نے خود غور نہ کیا ہو لیکن مشورہ لینے اور اپنی فیصلہ سازی کی ذمہ داری دوسروں کے حوالے کر دینے میں فرق ہے۔ ہر شخص کے حالات، ترجیحات اور ذمہ داریاں مختلف ہوتی ہیں اس لیے ضروری نہیں کہ کسی دوسرے کے لیے مناسب فیصلہ آپ کے لیے بھی بہترین ثابت ہو۔ خواتین کے لیے بالخصوص یہ بات قابلِ توجہ ہے کہ وہ خاندانی ذمہ داریوں اور معاشرتی توقعات کے ساتھ اپنی صلاحیتوں، تعلیم، مستقبل اور ذاتی ترقی کو بھی اہمیت دیں۔ اپنی رائے کا اظہار کرنا یا اپنے مستقبل کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا خود غرضی نہیں بلکہ شعور اور ذمہ داری کی علامت ہے۔
فیصلہ سازی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ غیر ضروری تذبذب اور ناکامی کا خوف ہے۔ بعض خواتین ہر پہلو پر اتنا زیادہ غور کرتی رہتی ہیں کہ فیصلہ کرنے کا مناسب وقت گزر جاتا ہے۔ انہیں اندیشہ ہوتا ہے کہ کہیں ان کا انتخاب غلط ثابت نہ ہو جائے یا لوگ ان پر تنقید نہ کریں۔ حقیقت یہ ہے کہ زندگی میں ہر فیصلے کے نتائج کی مکمل ضمانت ممکن نہیں۔ بعض اوقات تمام معلومات حاصل کرنے اور پوری احتیاط برتنے کے باوجود حالات توقع کے مطابق نہیں رہتے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ فیصلہ کرنا چھوڑ دیا جائے بلکہ ضروری ہے کہ دستیاب معلومات اور امکانات کی روشنی میں مناسب انتخاب کیا جائے۔ چھوٹے معاملات میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیجیے جب کہ اہم فیصلوں کے لیے تحقیق، مشاورت اور غور و فکر کو مناسب وقت دیجیے۔یہ بھی یاد رکھیے کہ غلطی انسانی زندگی کا ایک فطری حصہ ہے۔ ہر فیصلہ مطلوبہ نتیجہ نہیں دیتا لیکن ہر تجربہ ہمیں کچھ نہ کچھ سکھا سکتا ہے۔ اگر کبھی آپ کا کوئی فیصلہ توقع کے مطابق ثابت نہ ہو تو خود کو ناکام سمجھنے کے بجائے اس کے اسباب پر غور کیجیے۔ یہ دیکھیے کہ کہاں معلومات کی کمی تھی؟ کس پہلو کو نظرانداز کیا گیا اور آئندہ ایسی صورتِ حال میں کیا بہتر کیا جا سکتا ہے؟ اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا اور ان سے سبق سیکھنا کمزوری نہیں بلکہ فکری پختگی کی علامت ہے۔ جو خاتون اپنے تجربات سے سیکھنے کا حوصلہ رکھتی ہے وہ وقت کے ساتھ زیادہ سمجھ دار، حقیقت پسند اور بااعتماد فیصلہ ساز بن سکتی ہے۔
خود اعتمادی بھی بہتر فیصلہ سازی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ جب آپ اپنی صلاحیتوں پر مناسب اعتماد رکھتی ہیں تو اپنی رائے قائم کرنے، نئے امکانات آزمانے اور فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنے میں آسانی محسوس کرتی ہیں۔ لیکن خود اعتمادی کا مطلب یہ نہیں کہ اپنی ہر رائے کو درست سمجھا جائے یا دوسروں کے مشوروں کو اہمیت نہ دی جائے۔ حقیقی خود اعتمادی یہ ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں پر بھروسا رکھیں، اپنی حدود کو پہچانیں اور نئی معلومات سامنے آنے پر اپنی رائے پر نظرثانی کرنے کے لیے بھی تیار رہیں۔ روزمرہ زندگی کے چھوٹے چھوٹے معاملات میں خود فیصلہ کرنے کی عادت اپنائیے۔ اپنے وقت کی منصوبہ بندی، ترجیحات کا تعین اور مسائل کے حل کے لیے شعوری کوشش کیجیے۔ اس طرح آپ کی فیصلہ سازی کی صلاحیت بتدریج بہتر ہوتی جائے گی۔ آپ ژبنتی ہیں کہ زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے صرف خواب دیکھنا کافی نہیں ہے بلکہ ان خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے درست سمت کا انتخاب بھی ضروری ہے۔ آپ کی ذمہ داریاں، رشتے اور معاشرتی تعلقات اپنی جگہ اہم ہیں لیکن اپنی ذات، صلاحیتوں اور مستقبل کو اہمیت دینا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ دوسروں کی خوشی اور سہولت کا خیال رکھیے لیکن تمام فیصلے صرف اس خوف سے نہ کیجیے کہ لوگ کیا کہیں گے۔ اپنی ضروریات اور دوسروں کے حقوق کے درمیان توازن قائم کرتے ہوئے ایسے فیصلے کیجیے جو آپ کے اصولوں، حالات اور طویل مدتی مقاصد سے مطابقت رکھتے ہوں۔یہ بھی ایک سچ ہے کہ فیصلہ سازی کی صلاحیت ایک دن میں پیدا نہیں ہوتی بلکہ مسلسل مشق، مطالعے، تجربے اور خود احتسابی سے پروان چڑھتی ہے۔ جب آپ اپنے مقاصد واضح رکھیں گی، حقائق کو سمجھیں گی، جذبات اور عقل میں توازن قائم کریں گی اور اپنی غلطیوں سے سیکھنے کا حوصلہ پیدا کریں گی تو آپ کے فیصلوں میں پختگی آتی جائے گی۔یاد رکھیے! ایک باشعور خاتون وہ نہیں جو زندگی میں کبھی غلط فیصلہ نہ کرے بلکہ وہ ہے جو اپنے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرے اور ہر تجربے سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھتی رہے۔ آپ کا ہر دانش مندانہ فیصلہ آپ کی شخصیت کو مضبوط بنانے اور زندگی کو بہتر سمت دینے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
Comments
Post a Comment