اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے دو طلبا ریاستی سطح کے لیے منتخب، داود قاضی ضلعی ایتھلیٹک چمپئن۔
بھٹکل، (رپورٹ: ڈ،عبدالحفیظ ندوی) : اتر کنڑا ضلع ہائی اسکول اسپورٹس مقابلے 3 اور 4 اکتوبر 2026 کو بھٹکل کے بیلکے ہائی اسکول گراؤنڈ میں منعقد ہوئے، جن میں اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول، بھٹکل کے تین طلبا نے شرکت کرتے ہوئے مختلف کھیلوں اور ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسکول کے دو طلبا نے ریاستی سطح کے مقابلوں کے لیے کوالیفائی کیا۔
واضح رہے کہ اسکول اسپورٹس کے مقابلوں کا یہ سفر زونل سطح سے شروع ہوکر تعلقہ سطح اور پھر ضلعی سطح تک پہنچتا ہے، جہاں ضلع بھر سے تعلقہ سطح پر کامیاب ہونے والے بہترین کھلاڑی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتے ہیں۔ ایسے سخت اور مسابقتی مرحلے میں اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے طلبا نے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اس موقع پر اسکول کے لیے سب سے اہم اور قابلِ فخر کامیابی یہ رہی کہ داود بن محمد مجیب قاضی نے زونل اور تعلقہ سطح کے بعد ضلعی سطح پر بھی اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ضلعی ایتھلیٹک چمپئن کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ یہ اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ اسکول کے کسی طالب علم نے مسلسل چیمپٗن بنتے ہوئےضلعی سطح پر ایتھلیٹک چمپئن کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ایتھلیٹکس میں نمایاں کارکردگی :
داود قاضی ابن محمد مجیب قاضی :
* اول مقام — ٹرپل جمپ
* اول مقام — ہیمر تھرو
* اول مقام — پول والٹ
ان تینوں مقابلوں میں اول مقام حاصل کرکے داود قاضی نے نہ صرف اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا بلکہ ضلعی سطح پر ایتھلیٹک چمپئن کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
محمد واصف ابن ذاکر حسین الجی۔
اول مقام — 110 میٹر ہرڈلس :
محمد واصف نے بھی 110 میٹر ہرڈلس میں اول مقام حاصل کرکے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ریاستی سطح کے مقابلوں کے لیے اپنی جگہ بنائی۔
ان شاء اللہ، مذکورہ دونوں طلبا آئندہ منعقد ہونے والے ریاستی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول، بھٹکل کی نمائندگی کریں گے اور اپنی کامیابیوں کے سلسلے کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔
طلبا کی اس شاندار کامیابی پر انجمن حامئی مسلمین کے صدر و جنرل سکریٹری، ہائی اسکول بورڈ سکریٹری، صدر مدرس، اساتذہ کرام اور دیگر ذمہ داران نے کامیاب طلبا کو دلی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر فزیکل انسٹرکٹر راجے صاحب نپانی اور منیجر محمد سیان ابو کی محنت و رہنمائی کو بھی سراہا گیا اور طلبا کے روشن مستقبل، ریاستی سطح پر مزید کامیابیوں اور اسکول کا نام مزید بلند کرنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments
Post a Comment