برطانیہ میں دو ماسٹرز ڈگریاں مکمل کرنے والے رکن اسمبلی کے صاحبزادے محمد ارشاد خان کا بیدر آمد پر شاندار استقبال
بیدر، 6 اکتوبر (نامہ نگارمحمد عبدالصمد): لندن سے دو ماسٹرز ڈگریوں کی تعلیم مکمل کرکے اتوار کی شام شہر پہنچنے والے سابق ریاستی وزیر الحاج محمد رحیم خان، رکن اسمبلی بیدر کے صاحبزادے محمد ارشاد خان کا بیدر میں انتہائی شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ رکن اسمبلی کے حامیوں، محمد ارشاد خان کے دوستوں، خیرخواہوں اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے حیدرآباد سے کار کے ذریعے بیدر پہنچنے والے محمد ارشاد خان کا شاہ پور گیٹ کے قریب پٹاخے پھوڑ کر اور پھولوں کی مالائیں پہنا کر استقبال کیا۔ بعد ازاں کھلی گاڑی میں شہر کے مختلف علاقوں سے ان کا شاندار جلوس نکالا گیا۔
محمد ارشاد خان نے شہر کے اہم چوراہوں پر نصب عظیم شخصیات کے مجسموں پر گل پوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک حاصل کردہ تعلیم اور علم کو معاشرے کی بہتری اور عوامی خدمت کے لیے استعمال کریں گے اور اپنے والد سابق ریاستی وزیر الحاج محمد رحیم خان، رکن اسمبلی بیدر کی رہنمائی میں ان کے شانہ بشانہ سماجی و عوامی خدمات میں سرگرمی سے حصہ لیں گے۔
واضح رہے کہ محمد ارشاد خان نے لندن کی یونیورسٹی کالج لندن (UCL) سے ڈیموکریسی اینڈ کمپیراٹو پولیٹکس (Democracy and Comparative Politics) میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی ہے، جبکہ بائز بزنس اسکول، سٹی سینٹ جارج یونیورسٹی آف لندن سے مینجمنٹ میں پوسٹ گریجویشن (ماسٹرز) کی ڈگری بھی مکمل کی ہے۔ اس کے علاوہ وہ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (NSUI) کے ریاستی یونٹ کے جنرل سکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
Comments
Post a Comment