ہر قمری ماہ کی پہلی جمعرات کوبارگاہ راجہ باگ میں محفلِ ختمِ خواجگان.
بیدر، 14 اکتوبر (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) بارگاہِ عالیہ تاج الاولیاء، راجۂ دکن حضرت خواجہ سیدنا تاج الدین بابا شیر سوار المعروف حضرت راجہ باگ سوار رحمۃ اللہ علیہ، کلیانی شریف میں ہر قمری ماہ کی پہلی جمعرات کو بعد نمازِ مغرب محفلِ ختمِ خواجگان کا باقاعدگی سے انعقاد عمل میں آتا ہے۔
حضرت خواجہ شاہ محمد مصباح الحسن جاگیردار، جانشین سجادہ نشین بارگاہِ حضرت ممدوح کے مطابق، اس بابرکت روحانی و اصلاحی محفل میں قرآنِ کریم کی تعلیمات، رشد و ہدایت، دینی و اسلامی معلومات، تربیت و ادب اور اصلاحِ معاشرہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔ اس ضمن میں حضرت افضل پیر قبلہ رحمۃ اللہ علیہ کے درسِ قرآن کی روشنی میں شرکاء کو دینی و اخلاقی رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔
محفل میں درگاہِ حضرت ممدوح کے مورثی سجادہ نشین حضرت علامہ مولانا خواجہ ضیاء الحسن جاگیردار شاہ منور چشتی نظامی شیر سواری اصلاحِ معاشرہ کے مختلف پہلوؤں پر سیرحاصل خطاب فرمائیں گے اور قرآن و سنت کی روشنی میں زندگی گزارنے، اخلاق و کردار سنوارنے اور معاشرے میں دینی اقدار کو فروغ دینے کی اہمیت اجاگر کریں گے۔
اس روحانی مجلس میں اولیائے کرام کی تعلیمات، ان کے فیوض و برکات اور روحانی نسبتوں کے مختلف پہلوؤں کا بھی تذکرہ کیا جاتا ہے، تاکہ اہلِ ایمان کے دلوں میں اللہ تعالیٰ کی بندگی، اولیائے اللہ سے محبت و عقیدت اور دینی تعلیمات پر عمل کرنے کا جذبہ پروان چڑھے۔
محفلِ ختمِ خواجگان کا بنیادی مقصد ذکر و عبادت، دینی تعلیم و تربیت اور اصلاحِ باطن کے ذریعے انسانوں کو نیکی، اخلاص، ادب اور حسنِ اخلاق کی طرف راغب کرنا ہے، تاکہ قرآن و سنت کی رہنمائی میں ایک صالح اور پاکیزہ معاشرے کی تشکیل میں معاونت حاصل ہو۔
منتظمین نے اہلِ اسلام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بابرکت روحانی و اصلاحی محفل میں شرکت فرما کر دینی و روحانی فیوض و برکات سے مستفید ہوں۔
Comments
Post a Comment