بیدر میں ایس آئی آر کے خلاف احتجاج، ترنگا ریلی نکالی گئی - چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی برطرفی اور استعفیٰ کا مطالبہ، ووٹر لسٹ سے حذف شدہ ناموں کی بحالی پر زور
بیدر میں ایس آئی آر کے خلاف احتجاج، ترنگا ریلی نکالی گئی -
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی برطرفی اور استعفیٰ کا مطالبہ، ووٹر لسٹ سے حذف شدہ ناموں کی بحالی پر زور
بیدر23 اکتوبر (محمدیوسف رحیم بیدری )ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کو منسوخ کرنے اور جمہوریت کی بحالی کے مطالبے پر جمعہ کے روز بیدر میں مختلف تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور ترنگا ریلی نکالی گئی۔ایس آئی آر مخالف اتحاد، سنیوکت کسان مورچہ، سیکولر جماعتوں اور ترقی پسند تنظیموں کی قیادت میں دوپہر 3 بجے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سرکل پر مظاہرین جمع ہوئے۔ انہوں نے پلے کارڈس اٹھا کر ایس آئی آر کے خلاف نعرے لگائے۔ بعد ازاں امبیڈکر سرکل سے بھگت سنگھ سرکل تک ترنگا ریلی نکالی گئی۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ مرکزی الیکشن کمیشن، مرکزی حکومت کے اشاروں پر کام کرتے ہوئے ووٹروں کے حقوق متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ دینے کا حق جمہوریت کا بنیادی حصہ ہے اور ووٹر لسٹ سے نام حذف کیے جانے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔احتجاجیوں نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے برطرف کیا جائے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ ایس آئی آر کو مکمل طور پر منسوخ کرنے، ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے تمام ناموں کو دوبارہ شامل کرنے اور الیکشن کمشنرز ایکٹ 2023 میں کی گئی ترمیم کو واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔مظاہرین نے غیر جانبدارانہ طریقۂ کار کے ذریعے نئے الیکشن کمیشن کی تشکیل، ووٹر لسٹ کی منصفانہ نظرثانی اور ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کا تحفظ ہی جمہوریت کے تحفظ کی ضمانت ہے۔’’ہر ہاتھ میں ترنگا، ہر گلی میں جنتر منتر‘‘ کا نعرہ دیتے ہوئے مظاہرین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے متحد ہوں اور ایس آئی آر کی منسوخی کے مطالبے کی حمایت کریں۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ تک ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔احتجاج میں محمد نظام الدین، بابوراؤ ہونّا، ماروتی بودھے، اوم پرکاش روٹے، وٹھل داس پیاگے، ڈاکٹر مقصود چندا، ڈاکٹر دیوی داس تمکنٹے، ریشما ہمسراج، محمد آصف الدین، ایم ڈی شفایت علی، گروناتھ گڈے، نذیر صاحب، ڈاکٹر ضیاء الاسلام، محمد یوسف، مباشر سندھے، ارون پٹیل، سید منصور قادری، سنتوش کمار جولدابکے سمیت مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
Comments
Post a Comment