اقلیتی اراکین اسمبلی فورم کے صدر این اے حارث کا بیدر دورہ، مختلف طبقات سے مسائل و تجاویز حاصل


بیدر، 6 اکتوبر (نامہ نگارمحمد عبدالصمد): کرناٹک اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) کے چیئرمین اور کرناٹک اقلیتی اراکین اسمبلی فورم کے صدر جناب این اے حارث صاحب نے بیدر کا دورہ کرتے ہوئے مختلف طبقات، مدارس، این جی اوز، تعلیمی اداروں، گوردوارہ اور درگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و تجاویز سے واقفیت حاصل کی۔ جناب محمد عبدالمنان سیٹھ، صدر ضلع کانگریس بیدر کی قیام گاہ پر اردو صحافتی نمائندوں سے خصوصی ملاقات کے دوران جناب این اے حارث نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیدر سے ہمارا بہت پرانا تعلق ہے اور یہاں کے لوگوں سے ہمارا رشتہ آج کا نہیں بلکہ برسوں پرانا ہے۔ اقلیتی اراکین اسمبلی فورم کی ذمہ داری ہے کہ اقلیتوں کے مسائل کو سمجھا جائے، عوام سے براہِ راست ملاقات کی جائے اور ان کی تجاویز و مشکلات کو حکومت کے سامنے پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفد نے بیدر میں مدارس، این جی اوز، تعلیمی اداروں اور مختلف طبقات سے ملاقاتیں کی ہیں۔ متوسط طبقہ، اعلیٰ طبقہ اور تعلیم یافتہ افراد سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں کے مسائل اور تجاویز حاصل کی گئی ہیں۔ صرف درخواستیں وصول کرنا کافی نہیں بلکہ عوام کے درمیان جاکر ان کے مسائل کو سمجھنا ضروری ہے۔ جناب این اے حارث نے اردو صحافیوں سے اپنے دیرینہ تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صحافت اور عوامی نمائندوں کے درمیان مضبوط رشتہ ہونا چاہیے۔ کبھی اختلاف بھی ہوتا ہے، تاہم صحافیوں سے گزارش ہے کہ وہ حقائق اور سچائی پر مبنی خبریں شائع کریں اور غلط خبروں سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کسی ایک طبقے تک محدود رہنے کے بجائے پورے ضلع اور تمام طبقات کی ترقی و فلاح کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔ اقلیتوں میں مسلمانوں کے علاوہ عیسائی، بدھ مت اور سکھ سمیت دیگر طبقات بھی شامل ہیں۔ غریب اور ضرورت مند افراد کے مسائل پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ جناب این اے حارث نے اقلیتوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اجتماعی قوت اسی وقت پیدا ہوگی جب تمام لوگ متحد ہوکر آگے بڑھیں۔ ہمارا مقصد کسی کو نیچا دکھانا یا کسی کو اوپر اٹھانا نہیں بلکہ معاشرے اور قوم کی مثبت و تعمیری خدمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیدر دورے کے دوران عوام اور مختلف طبقات سے حاصل ہونے والی تجاویز، مسائل اور مطالبات پر غور کیا جائے گا اور انہیں متعلقہ حکام اور حکومت کے سامنے پیش کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اس موقع پر سابق ریاستی وزیر جناب الحاج محمد رحیم خان، رکن اسمبلی بیدر، محترمہ بلقیس بیگم اور کانگریس کے دیگر قائدین بھی موجود تھے۔ جناب محمد عبدالمنان سیٹھ، صدر ضلع کانگریس بیدر نے تمام اردو صحافتی نمائندوں اور موجود قائدین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اردو صحافیوں نے اردو کو ریاست کی دوسری سرکاری زبان کا درجہ دینے، اردو صحافیوں کو دیگر صحافیوں کے مماثل حکومتی سہولیات فراہم کرنے اور اردو صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کرنے سمیت مختلف اہم مسائل پر سوالات اٹھائے۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے جناب این اے حارث نے ان مسائل پر توجہ دینے اور متعلقہ سطح پر اقدامات کے لیے کوشش کرنے کا تیقن دیا۔ آخر میں جناب این اے حارث نے اردو صحافیوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیے اور بیدر سے موصول ہونے والی تجاویز اور مطالبات کو حکومت کے سامنے پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔