جےآئی ایل ٹی حیدرآباد کے زیراہتمام جشنِ ترجمہ کے دوسرے سیشن کا انعقاد - قدیم دستاویزات، ترجمہ اور خطاطی پر خصوصی توجہ
حیدرآباد۔6/ اکتوبر(پریس نوٹ) سہ ہفتہ جشنِ ترجمہ 2026ء کے دوسرے سیشن کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں عالی جناب محمد عظیم الدین غوث، بین الاقوامی عربی، اردو اور انگریزی خطاط، اور عالی جناب اظہر حسین، قدیم دستاویزاتِ عہدِ آصفیہ کے ماہرِ مترجم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
یہ علمی و ثقافتی پروگرام عالی جناب محمد عبد اللطیف فاروقی صاحب، بین الاقوامی آرٹسٹ کی زیرِ نگرانی منعقد ہوا۔ سیشن کے دوران ترجمہ، خطاطی اور خصوصاً عہدِ آصفیہ کی قدیم دستاویزات کے مطالعہ، فہم اور ترجمہ سے متعلق اہم امور پر گفتگو اور عملی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ قدیم دستاویزات محض تاریخی تحریریں نہیں بلکہ کسی عہد کی زبان، تہذیب، معاشرت، انتظامی نظام اور علمی ورثے کی اہم شہادتیں ہوتی ہیں۔ ان دستاویزات کے درست مطالعہ، ترجمہ اور تحفظ کے ذریعے دکن کی علمی و تہذیبی تاریخ کو نئی نسل اور عالمی علمی برادری تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکتا ہے۔
سہ ہفتہ جشنِ ترجمہ 2026ء کے تحت منعقد ہونے والے ان سیشنز کا مقصد ترجمہ کے علمی و عملی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ قدیم کتب و دستاویزات، خطاطی اور دکنی تہذیبی ورثے کے تحفظ اور فروغ کی جانب توجہ مبذول کرانا ہے۔
یہ پروگرام 12/اکتوبر تک جاری رہے گا ۔ جس میں قدیم کتابوں کی نمائش اور قدیم دستاویزات کا ترجمہ اور عملی امور کی نمائش کی جائے گی۔ جس کی کوئی فیس نہیں ہے۔ مزید معلومات کے لئے 7396719556پر رابطہ کریں ۔
Comments
Post a Comment