سال بھر جاری رہنے والے انتخابی کام کے بڑھتے دباؤ سے بی ایل اوز پریشان - "مختلف مطالبات کے سلسلے میں ضلع کلکٹر کو محضر پیش؛ ایس آئی آر کے بعد رضاکارانہ طور پر سبکدوش کرنے، تعطیلات اور مناسب معاوضے کا مطالبہ"
جلگاؤں: (عقیل خان بیاولی) جلگاؤں شہر اسمبلی حلقے کے پولنگ مراکز میں خدمات انجام دینے والے بوتھ لیول افسران (BLOs) نے سال بھر جاری رہنے والے مختلف انتخابی امور اور بڑھتے ہوئے کام کے دباؤ کے سلسلے میں ضلع کلکٹر و ضلع انتخابی افسر کو ایک محضر پیش کی ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ اسکولی و دفتری معمول کے فرائض انجام دینے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے انتخابی کمیشن کی جانب سے تفویض کردہ انتخابی ذمہ داریاں بھی قومی فریضے کے طور پر انجام دینا پڑتی ہیں، جس کے باعث ملازمین پر اضافی کام کا بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ بی ایل اوز کی جانب سے پیش کردہ محضر کے مطابق خصوصی مختصر نظرثانی (SSR) اور اس سے قبل کے مختلف انتخابی امور کا سلسلہ پورے سال جاری رہتا ہے۔ اس کے نتیجے میں اتوار، سرکاری تعطیلات اور تہواروں کے ایام میں بھی انتخابی کام انجام دینے پڑتے ہیں۔ مسلسل کام کے باعث ذہنی دباؤ اور مختلف دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایس آئی آر کے بعد *رضاکارانہ طور پر سبکدوش کرنے کا مطالبہ*
محضر میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایس آئی آر کا عمل مکمل ہونے اور حتمی ووٹر فہرست جاری ہونے کے بعد بی ایل اوز کو انتخابی ذمہ داریوں سے رضاکارانہ طور پر سبکدوش کیا جائے۔ اس کے علاوہ مردم شماری کی طرز پر ایس آئی آر کا کام انجام دینے والے بی ایل اوز کو موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران کیے جانے والے کام کے عوض 45 دن کی رخصت اور مناسب معاوضہ دیا جائے۔ بی ایل اوز نے اتوار اور سرکاری تعطیلات کے دن کسی بھی قسم کا کام تفویض نہ کیے جانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ مزید برآں ووٹرز کی سماعت اور نوٹس کی تعمیل سے متعلق کام کے لیے ریاستی سطح پر مقررہ طریقۂ کار کے مطابق مناسب انتظام کیا جائے۔ محضر میں کہا گیا ہے کہ انتخابی امور کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے بی ایل اوز پر اضافی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ لہٰذا انتظامیہ ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرتے ہوئے ملازمین پر کام کا بوجھ کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔ اصل فرائض سے سبکدوش کرکے انتخابی ذمہ داری دینے کا مطالبہ
بی ایل اوز نے دیگر سرکاری ملازمین کی طرح انہیں بھی ان کے بنیادی دفتری یا تدریسی فرائض سے مکمل طور پر سبکدوش کرکے انتخابی کام کی ذمہ داری تفویض کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ معمول کی سرکاری و تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ انتخابی کام انجام دینے سے ملازمین کو دوہری ذمہ داریوں اور اضافی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔یہ محضر 13، جلگاؤں شہر اسمبلی حلقے کے بی ایل اوز کی جانب سے ضلع انتظامیہ کو پیش کی گئی۔ محضر پر ڈاکٹر ڈی۔ این۔ پاٹل، راجندر دیورام کولی، رونک تڑوی، کومل نیل کنٹھ تائڑے، محسن شاہ محمد ضیاء باغبان، ججاب راؤ پربھاکر دھن گر، وشوناتھ ساوکارے، پرویزحسین شیخ، ہمت راؤ پتمبر ڈھولے، دیپ مالا پرشانت سونار، بھارتی ہری بھاؤ سونونے، ریکھا کملاَکر سپکالے، رویندر دھن سنگھ پاٹل، منوج نارائن پاٹل، عمران خان پٹھان شعیب شکیل موسیٰ, سچن بابوراؤ پردیسی، سمیت دیگر بی ایل اوز کے دستخط ہیں۔
Comments
Post a Comment