حضرت خواجہ گنج بخش کے 596 ویں عرس کے موقع پر چوتھے سالانہ طرحی منقبتی مشاعرے کا کامیاب انعقاد - اولیائے کرام کے فیضان سے اردو زبان و ادب کو فروغ حاصل : نظام بابا -
گلبرگہ (راست) گلبرگہ نبیرہ و جانشین حضرت خواجہ بندہ نواز قطب الاقطاب حضرت سید شاہ قبول اللہ حسینی المعروف خواجہ گنج بخش کے 596 ویں شریف کے ضمن میں حویلی روضہ منورہ خرد گلبرگہ شریف میں چوتھے سالانہ طرحی منقبتی مشاعرہ کا کامیاب و روح پرور انعقاد عمل میں آیا تقدس مآب حضرت ابو الفتح سید شاہ حسن شبیر محمد محمد الحسینی المعروف عقیل بابا صاحب سجادہ نشین روضہ منورہ خرد نے مشاعرہ کی نگرانی اور فضیلت مآب حضرت پروفیسر سید یوسف حسینی صاحب کامل عم سجادہ نشین بزرگ بارگاہ جلالیہ گوگی شریف نے صدارت فرمائی جبکہ حضرت صاحبزادہ سید منے میاں نیازی گدی نشین اجمیر شریف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی حضرت سید شاہ حسن شبیر محمد محمد الحسینی صاحب عقیل بابا سجادہ نشین روز منورہ خرد گلبرگہ نے حسب روایت قدیم شمع روشن کرتے ہوئے مشاعرہ کا افتتاح فرمایا کارروائی کا آغاز سید واجد علی امام مسجد روضہ منورہ خرد کی قرات کلام پاک اور سید طیب علی یعقوبی کنوینیر مشاعرہ کی نعت خوانی سے ہوا حضرت خواجہ گنج بخش کے 595 ویں عرس شریف کے ضمن میں منعقدہ تیسرے سالانہ طرحی نعتیہ و منقبتی مشاعرہ میں پڑھے گئے شعرائے کرام کے طرحی نعتیہ و منقبتی کلام کے مجموعہ قبول الہ کا تقدس مآب حضرت ابو الفتح سید شاہ حسن شبیر محمد محمد الحسینی المعروف عقیل بابا صاحب سجادہ نشین روضہ منورہ خرد نے رسم اجرا انجام دی یہ مجلہ سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے مرتب کیا ہے فضیلت مآب حضرت سید محمد یداللہ حسینی نظام بابا خلف اکبر و جانشین حضرت سجادہ نشین روضہ خرد گلبرگہ نے اپنے افتتاحی خطاب میں فرمایا کہ صوفیا کرام کے فیضان سے ہی اردو زبان و ادب کو فروغ حاصل ہوا انہوں نے حضرت خواجہ بندہ نواز کو اردو کے اولین مصنف بتاتے ہوئے کہا کہ شعرائے کرام بالخصوص نوجوان شعراء میں طرحی نعتیہ و منقبتی کلام لکھنے کا ذوق پیدا کرنے کیلئے ہر سال حضرت خواجہ گنج بخش کے عرس شریف کے دوران طرحی نعتیہ و منقبتی مشاعروں کے انعقاد کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے پیرزادہ فہیم الدین معتمد عمومی مشاعرہ کمیٹی نے استقبالیہ خطاب کیا سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے عرس حضرت خواجہ گنج بخش کے ضمن میں طرحی نعتیہ و منقبتی مشاعروں کے انعقاد کی رپورٹ پیش کی انہوں نے کہا کہ حویلی روضہ منورہ خرد گلبرگہ میں زمانہ دراز سے نعتیہ و ادبی مشاعروں کا کامیاب انعقاد ہوتا رہا ہے عزیز اللہ سرمست نے بتایا کہ 1940 میں اس وقت کے سجادہ نشین حضرت سید لاڈلے محمد محمد الحسینی صاحب نے حویلی روضہ منورہ خرد میں نعتیہ و ادبی مشاعرے کے انعقاد کا آغاز فرمایا تھا حویلی روضہ منورہ خرد کے مشاعروں کو اس زمانہ میں ملک گیر شہرت حاصل ہوئی تھی گذشتہ 4 سالوں سے موجودہ سجادہ نشین حضرت عقیل بابا صاحب کی زیر سرپرستی حضرت نظام بابا صاحب کی خصوصی دلچسپی سے حضرت خواجہ گنج بخش کے عرس شریف کے موقع پر طرحی نعتیہ و منقبتی مشاعروں کا نہایت کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا جا رہا ہے طرحی منقبتی مشاعرہ مولائے کائنات حضرت علی کرم اللہ وجہ اور حضرت خواجہ گنج بخش کی شان میں منعقد کیا گیا تھا
سب سے مگر بلند ستارہ علی کا ہے اور گنج بخش خواجہ کا عرس پاک آیا ہے ان دو طرحی مصرعوں پر سید راشد حسین ، سید محمد ابراہیم حسینی شہزادگان خانوادہ حضرت خواجہ گنج بخش صوفی قاری محمد نظام الدین صابری بندہ نوازی، نوید انجم ، ادریس تسکین صابری ، راشد ریاض ، سید مختار احمد دکنی ، سید شاہ علی اکبر صابر حسینی ، ڈاکٹر سخی سرمست سید محمد یداللہ حسینی المعروف نظام بابا صاحب ، سید سجاد علی شاد ، اور صدر مشاعرہ فضیلت مآب حضرت پروفیسر سید یوسف حسینی کامل نے طرحی منقبتی کلام سنایا حضرت نظام بابا صاحب نے دکنی زبان میں حضرت خواجہ گنج بخش کی شان میں طرحی منقبت پیش کرتے ہوئے خوب داد و تحسین حاصل کی تمام شعرائے کرام کے کلام کو بیحد سراہا گیا سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست نے نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیئے سید رؤف قادری نے آخر میں شکریہ ادا کیا سید شاہ علی اکبر صابر حسینی نے بارگاہ خیر الانام میں سلام کا نذرانہ پیش کیا زائرین و عقیدتمندان حضرت خواجہ گنج بخش کے علاوہ باذوق احباب کی کثیر تعداد نے شرکت کرتے ہوئے طرحی منقبتی مشاعرہ کو بیحد کامیاب بنایا
Comments
Post a Comment