نباتیات میں ڈاکٹر خان خرم زبیر نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرلی - "راجیو گاندھی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن کی 35 لاکھ روپے کی فیلوشپ، تین بین الاقوامی تحقیقی مقالے بھی شائع"
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) عبدال محید شیخ مہاپولی سے موصول اطلاعات کے مطابق اردھاپور کے ڈاکٹر خان خرم زبیر نے سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی، ناندیڑ سے نباتیات (بوٹنی) میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ان کی تحقیقی سرگرمیوں کے اعتراف میں پی ایچ ڈی کے دوران حکومتِ مہاراشٹر کے راجیو گاندھی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمیشن، ممبئی کی جانب سے انہیں تقریباً 35 لاکھ روپے کی فیلوشپ بھی حاصل ہوئی۔ اس دوران ان کے تین بین الاقوامی تحقیقی مقالے شائع ہوئے۔ ان کی اس علمی کامیابی پر اردھاپور میں ایک تہنیتی تقریب منعقد کی گئی۔ ڈاکٹر خان خرم زبیر کو حال ہی میں 21 ستمبر 2026ء کو یونیورسٹی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔ ان کی تحقیق میں ڈاکٹر بی۔ ایس۔ سُراوَسے، ڈائریکٹر اسکول آف لائف سائنسز و سربراہ شعبۂ نباتیات، سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی، ناندیڑ نے بطور ریسرچ گائیڈ رہنمائی کی، جبکہ ڈاکٹر امواداس کدم، سربراہ شعبۂ نباتیات، ڈی ایس ایم کالج، پربھنی نے بطور کو-گائیڈ تعاون کیا۔
ڈاکٹر خان خرم زبیر فی الحال ممبئی میں برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے ایک اسکول میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ تدریس کے ساتھ تحقیقی سرگرمیوں سے ان کی وابستگی بھی برقرار ہے۔
پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے پر سید فنکشن ہال، اردھاپور میں تہنیتی تقریب منعقد کی گئی، جس میں تعلیمی اداروں کے نمائندوں، اساتذہ، سماجی کارکنوں، عوامی نمائندوں اور معززینِ شہر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر خان خرم زبیر کی گل پوشی کرکے انہیں مبارک باد پیش کی گئی۔ ڈاکٹر علامہ اقبال اسکول، زیڈ پی پرائمری اسکول، نیو آبادی؛ جماعتِ اسلامی، ؛ راحت بینک، اردھاپور؛ اور اسٹڈی اسمارٹ کوچنگ کلاسز، کی جانب سے بھی ان کی گل پوشی کی گئی۔ پروفیسر شبیر شیخ اور چاند سر نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی۔ تقریب میں ڈاکٹر معراج، ڈاکٹر منہاج، ڈاکٹر ریحانہ بیگ، ڈاکٹر امول، ڈاکٹر نتین، ڈاکٹر رؤف، ڈاکٹر رحمان، ڈاکٹر عتیق، ڈاکٹر ذاکر انعم دار، ڈاکٹر رضوان ارشد، دیوکر سر، ارچنا میڈم، ورشالی میڈم، سندیپ سر، اجمیری خاں (خاں میڈم)، مصور خطیب، نگر سیوک غازی قاضی، نگر سیوک مقتدر خاں، خواجہ معین الدین، عبدالغفار خاں، تحسین فاطمہ خاں، افتخار خاں، صادق خاں، فیروز خاں، جاوید چودھری اور امیرِ مقامی جماعتِ اسلامی، اردھاپور سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔
شرکائے تقریب نے ڈاکٹر خان خرم زبیر کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے لیے مستقبل میں مزید علمی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ کامیابیوں کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
Comments
Post a Comment