جلگاؤں میں 28 اور 29 نومبر کو اسمتا فٹ بال لیگ - "انڈر 15 طالبات کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع؛ صرف 9 ٹیموں کو داخلہ"
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): لڑکیوں میں فٹ بال کے فروغ اور ابھرتی ہوئی کھلاڑیوں کو ریاستی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے مہاراشٹر اسٹیٹ فٹ بال ایسوسی ایشن (ویفا) کے اشتراک سے جلگاؤں ضلع فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام 28 اور 29 نومبر کو اسمتا فٹ بال لیگ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس مقابلے میں اسکولوں، کلبوں، اکیڈمیوں اور دیگر اداروں کی ٹیمیں حصہ لے سکیں گی۔ یکم جنوری 2012 سے 31 دسمبر 2013 کے درمیان پیدا ہونے والی لڑکیاں شرکت کی اہل ہوں گی۔ ہر ٹیم میں زیادہ سے زیادہ 23 کھلاڑی شامل کی جا سکتی ہیں۔ مقابلے میں صرف 9 ٹیموں کو داخلہ دیا جائے گا، جبکہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 10 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ کھلاڑیوں کے لیے سی آر ایس رجسٹریشن لازمی ہے، جس کے لیے آدھار کارڈ، پیدائش کا سرٹیفکیٹ یا پاسپورٹ، والدین کا رضامندی نامہ، پاسپورٹ سائز کی دو تصاویر اور ڈیجی لاکر کی سہولت درکار ہوگی۔ ہر میچ کی بہترین کھلاڑی کو میڈل سے نوازا جائے گا، جبکہ بہترین کھلاڑی، بہترین گول کیپر، بہترین اسکورر اور بہترین دفاعی کھلاڑی کو میڈل اور ٹرافی دی جائے گی۔ تمام شرکاء کو اسناد فراہم کی جائیں گی، جبکہ فاتح، رنر اَپ اور تیسرے مقام پر آنے والی ٹیموں کو اسمتا کپ سے نوازا جائے گا۔
ضلع فٹ بال ایسوسی ایشن کے سرپرستِ اعلیٰ اشوک بھاؤ جین، صدر ڈاکٹر اُلّاس پاٹل اور سکریٹری فاروق شیخ نے طالبات اور متعلقہ تعلیمی و کھیل اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مقابلے میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنائیں۔ مقابلے کی کامیابی کے لیے وسیم چاند خان اور صابر شیخ کوشاں ہیں۔ رابطہ: ڈاکٹر انیتا کولہے: 9850601881، پروفیسر ہمالی بورولے: 7385662401، توصیف خان: 9960356777۔
Comments
Post a Comment