ڈاکٹر بسوراج بلوّر بیدر ضلع کے 22 ویں کنڑ ادبی اجلاس کے صدر منتخب
بیدر 23 اکتوبر (نامہ نگارمحمد عبدالصمد): بیدر ضلع کے 22ویں کنڑ ادبی اجلاس کے لیے معروف ادیب، محقق اور ماہر تعلیم ڈاکٹر بسوراج بلوّر کو صدر منتخب کیا گیا ہے۔ کنڑ ساہتیہ پریشد کی عاملہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ انتخاب اتفاقِ رائے سے عمل میں آیا۔ اس بات کی اطلاع کمیٹی کے صدر سریش چنّا شیٹی نے دی۔
ڈاکٹر بسوراج بلوّر ایم اے، بی ایڈ، ایم فل، پی ایچ ڈی اور وچن ڈپلوما (پی جی) کی اسناد کے حامل ہیں۔ وہ تدریس، تحقیق، ادب اور سماجی و ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔ انہوں نے ’انوبھوا منٹپ: ایک مطالعہ‘ کے موضوع پر ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تحقیق کی ہے اور وچن ادب کے مطالعے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔
انہوں نے مختلف ڈگری کالجوں، کرناٹک کالج کے پوسٹ گریجویٹ کنڑ اسٹڈی سینٹر اور گلبرگہ یونیورسٹی کے پوسٹ گریجویٹ مرکز، ہالہلی بیدر میں وزیٹنگ لیکچرر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ فی الحال وہ بیدر کے کرناٹک پری یونیورسٹی کالج میں پرنسپل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
Comments
Post a Comment