سعودی وژن 2030” میں کاروباری مواقع- انڈین بزنس اینڈ پروفیشنل نیٹ ورک (آئی بی پی این) فورم میں رہنماؤں کا اظہارِ خیال۔
سعودی وژن 2030” میں کاروباری مواقع- انڈین بزنس اینڈ پروفیشنل نیٹ ورک (آئی بی پی این) فورم میں رہنماؤں کا اظہارِ خیال۔
ریاض (پریس نوٹ) انڈین بزنس اینڈ پروفیشنل نیٹ ورک (آئی بی پی این) کے زیرِ اہتمام شیراٹن ہوٹل جدہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں بزنس اڈوائزرز، سرمایہ کاروں اور کاروبار سے جڑے افراد نے “سعودی وژن 2030”کے تحت جاری معاشی تبدیلی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے نئے کاروباری مواقع پر تبادلۂ خیال کیا۔
جدہ سے عبدالرحمٰن مرزا بیگ کی رپورٹ کے مطابق “سعودی عرب: بدلتی دنیا میں مواقع“ کے عنوان سے منعقدہ فورم کے اجلاس میں رئیل اسٹیٹ، سرمایہ کاری، لاجسٹکس، سپلائی چین اور میری ٹائم شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی اور مملکت کے تیزی سے بدلتے کاروباری ماحول، سرمایہ کاری کے امکانات اور مختلف شعبوں میں پیدا ہونے والے مواقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اجلاس کی نظامت آئی بی پی این کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن عاصم ذیشان خان نے کی، جبکہ آئی بی پی این کے چیئرمین عزیزالرب نے افتتاحی خطاب کیا۔ انہوں نے ہند،سعودی کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی روابط کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے کاروباری سے جڑے حلقوں کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
“بسری ڈیولپمنٹ” کے سی ای او منہاج بسری نے سعودی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ کا جائزہ پیش کرتے ہوئے اسے تقریباً 1.3 ٹریلین ڈالر کی مارکیٹ قرار دیا اور مملکت کے بڑے ترقیاتی اور انفراسٹرکچر منصوبوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی طلب اور مواقع پر روشنی ڈالی۔
“موہلا کمپنی” کے سی ای او اعجاز علی نے پریمیم ریزیڈنسی اور خصوصی اقامتی پروگراموں میں ہونے والی پیش رفت پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی صلاحیتوں، ماہرین اور طویل مدتی سرمایہ کاری کو سعودی عرب کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
لاجسٹکس اور سپلائی چین کے شعبے میں “بافکو انٹرنیشنل شپنگ اینڈ لاجسٹکس کمپنی لمیٹڈ” کے کمرشل ڈائریکٹر محمد فرحان قاضی اور “مساندہ لاجسٹکس سرویسز” کے ہیڈ آف فریٹ فارورڈنگ ڈاکٹر افضل عزیز نے نیشنل ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹکس اسٹریٹیجی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
“ریڈ سی گیٹ وے ٹرمینل” کے چیتن پانڈے نے جدہ اسلامی بندرگاہ میں میری ٹائم آپریشنز اور آپریشنل کارکردگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
پریزنٹیشنز کے بعد ایک پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا گیا، جس میں مقررین کے علاوہ “عرب افقکے” سی ای او شاکر حسین نے بھی شرکت کی۔
فورم کے انعقاد میں آئی بی پی این کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ، قمر سادہ ، رانا سنگھ، وجے سونی اور میر غزنفر علی زکی کے علاوہ ایونٹ ڈائریکٹر زکریا بلادی نے اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر باہمی روابط، معلومات کے تبادلے اور مشترکہ تعاون کو کاروباری مواقع کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا گیا۔ پردیپ شرما کے ہدیہ تشکر پر اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔
Comments
Post a Comment