فٹبال کے فروغ میں نمایاں خدمات کا ریاستی سطح پر اعتراف - فاروق شیخ کو سال 2025-26 کا ’’ویفا خصوصی اعزاز


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): ضلع جلگاؤں میں فٹبال کے فروغ، کھیلوں کی سرگرمیوں کے استحکام اور نئی کھیل صلاحیتوں کو مواقع فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کرنے پر جلگاؤں ضلع فٹبال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری فاروق شیخ کو ریاستی سطح پر اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ ویسٹرن انڈیا فٹبال ایسوسی ایشن (ویفا) کی جانب سے انہیں سال 2025-26 کے ’’اسپیشل ریکگنیشن ایوارڈ‘‘(خصوصی اعترافِ خدمات) سے سرفراز کیا گیا۔ یہ اعزاز ضلع میں فٹبال کی ترقی کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد اور خدمات کا اعتراف ہے۔
16 اکتوبر کو ممبئی کے کُپریج فٹبال میدان پر منعقدہ اعزازی تقریب میں ویفا کے صدر و رکنِ پارلیمنٹ پرفل پٹیل کے ہاتھوں موصوف کو شال پیش کی گئی، جبکہ سینئر نائب صدر ہریش وورا نے توصیفی سند، سابق وزیر و رکنِ اسمبلی وشواجیت کدم نے مومنٹوں اور سابق رکنِ اسمبلی مالوجی راؤ چھترپتی نے ٹرافی پیش کی۔ اس موقع پر نائب صدر و سابق رکنِ اسمبلی سنیل دھانڈے، سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر کرن چاؤگھولے اور خازن سلیم پرکوٹے سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔
فاروق شیخ نے ضلع جلگاؤں میں فٹبال کی سرگرمیوں کو وسعت دینے، لڑکوں اور لڑکیوں کے مقابلوں کے انعقاد، اسکولی فٹبال کو فروغ دینے اور ضلعی و ریاستی سطح کے ٹورنامنٹس کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ نئے اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی وہ مسلسل سرگرم عمل رہے ہیں۔ کھیلوں کے میدان میں ان کی انفرادی خدمات کا ریاستی سطح پر اعتراف نہ صرف جلگاؤں ضلع کے فٹبال حلقوں کے لیے باعثِ افتخار ہے بلکہ کھلاڑیوں، کوچز، ریفریز اور کھیلوں سے وابستہ منتظمین کے لیے بھی حوصلہ افزا ہے۔ توقع ہے کہ اس اعزاز سے ضلع میں فٹبال کے فروغ اور نئی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔ان‌ کی اس نمایاں کامیابی پر فٹبال ایسوسی ایشن کے سرپرست اشوک بھاؤ جین، اتل بھاؤ جین، صدر ڈاکٹر الہاس پاٹل، ضلع فٹبال ایسوسی ایشن کے عہدیداران، کھلاڑیوں، کوچز، ریفریز، ایکتا سنگھٹنا اور کھیلوں کے شائقین نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔